سہ ملکی کرکٹ سیریز کے لیے سیکیورٹی انتظامات مکمل
اشاعت کی تاریخ: 10th, November 2025 GMT
پنجاب حکومت نے سہ ملکی کرکٹ سیریز کے لیے سیکیورٹی انتظامات مکمل کرلیے ہیں۔
محکمہ داخلہ پنجاب میں کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کا 42 واں اجلاس منعقد ہوا جس کی صدارت صوبائی وزیر صحت و چیئرمین کمیٹی خواجہ سلمان رفیق نے کی۔
یہ بھی پڑھیں: سہ ملکی سیریز میں افغانستان کے نکلنے کے بعد زمبابوے کی شمولیت، شیڈول بھی جاری ہوگیا
اجلاس میں سیکریٹری داخلہ ڈاکٹر احمد جاوید قاضی، سیکریٹری اوقاف سید طاہر رضا بخاری، ایڈیشنل آئی جی پولیس چوہدری سلطان، ایڈیشنل آئی جی اسپیشل برانچ، ڈی آئی جی سی ٹی ڈی اور محکمہ داخلہ کے ایڈیشنل سیکریٹریز سمیت مختلف قانون نافذ کرنے والے اداروں کے نمائندگان نے شرکت کی۔ پنجاب بھر سے کمشنرز، آر پی اوز، ڈپٹی کمشنرز اور ڈی پی اوز نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔
اجلاس میں صوبہ بھر کے امن و امان کی مجموعی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے بریفنگ میں بتایا گیا کہ پاکستان، سری لنکا اور زمبابوے کے درمیان ہونے والی سہ ملکی کرکٹ سیریز کے لیے سیکیورٹی کے بہترین انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پاک فضائیہ کے آپریشن میں 3 افغان کرکٹرز سمیت 8 ہلاک، کابل نے سہ ملکی سیریز سے دستبرداری کا اعلان کر دیا
کمیٹی نے اجلاس کے دوران مدارس کی رجسٹریشن سے متعلق امور پر بھی مشاورت کی اور اس ضمن میں مزید اقدامات کی تجاویز پر غور کیا۔
اس موقع پر چیئرمین کمیٹی خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ ریاست کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ بھر میں امن و امان کی صورتحال تسلی بخش ہے اور وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر تمام مکاتبِ فکر کے علماء سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے۔
یہ بھی پڑھیں: قومی کرکٹ ٹیم کے کن 2 کھلاڑیوں نے سہ ملکی سیریز کے میچوں کی فیس سیلاب متاثرین کے نام کردی؟
خواجہ سلمان رفیق نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت کے مطابق قانون نافذ کرنے والے ادارے قیامِ امن کے لیے دن رات مصروفِ عمل ہیں۔ انہوں نے تمام افسران کو ہدایت کی کہ عوامی تحفظ کے لیے کیے گئے اقدامات کو مزید مؤثر بنایا جائے اور بین الاضلاعی رابطہ کاری کو بہتر کیا جائے۔
آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں
we news پاکستان زمبابوے سری لنکا سہ ملکی سیریز.
ذریعہ
ذریعہ: WE News
کلیدی لفظ: پاکستان زمبابوے سری لنکا سہ ملکی سیریز سہ ملکی سیریز سیریز کے کے لیے
پڑھیں:
حیسکو میں ایک ارب 6 کروڑ سے زائد کی کرپشن کا انکشاف
حیدرآباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (حیسکو) میں تنخواہوں اور الاؤنسز کی مد میں ایک ارب 6 کروڑ سے زائد کرپشن کا انکشاف ہوا ہے۔
قومی اسمبلی کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے اجلاس میں آڈٹ حکام نے انکشاف کیا کہ حیسکو میں گھوسٹ ملازمین، ڈبل تنخواہوں کے ذریعے قومی خزانے کو نقصان پہنچایا گیا اور وفاقی تحقیقاتی ادارہ (ایف آئی اے)99 کروڑ 62 لاکھ کی مبینہ کرپشن کی تحقیقات کر رہا ہے۔
آڈٹ حکام نے مزید انکشاف کیا کہ حیسکو کی اندرونی انکوائری میں مزید 6 کروڑ 78 لاکھ روپے کی مشتبہ ادائیگیاں ہوئی ہیں۔
چیئرمین کمیٹی شاہدہ اختر کی زیرصدارت اجلاس میں ایف آئی اے حکام نے بتایا کہ اس معاملے میں ایف آئی آرز کی تعداد 5 ہوگئی تھی، 151 ملزمان تھے جن میں سے 14 کو گرفتار کیا گیا جبکہ دیگر ضمانت پر ہیں، ایک ارب روپے میں سے 13 کروڑ روپے کی ریکوری ہوئی ہے۔
رکن کمیٹی قاسم نون نے کہا کہ 13 کروڑ روپے کچھ بھی نہیں ہیں، سخت ایکشن لیا جائے، سید امین الحق نے کہا کہ گھوسٹ ملازمین کی تصدیق بھی کی گئی کہ وہ موجود ہیں۔
سینیٹر افنان اللہ خان نے کہا کہ وزارت کو چاہیے کہ وہ مداخلت کرے اور ذمہ داران کا تعین کرے۔
چیئرمین کمیٹی شاہد اختر نے کہا کہ یہ تو آڈٹ نے نشان دہی کر دی ہے، لگتا ہے کہ پاور ڈویژن کا کوئی چیک اینڈ بیلنس نہیں ہے، جس پر سی ای او حیسکو نے بتایا کہ 756 ملین روپے کی ذمہ داری بھی فکس ہو چکی ہے۔
شاہدہ اختر نے کہا کہ عدالت کے حکم تک یہ آڈٹ پیرا زیر التوا رہے گا، رکن کمیٹی سید حسین طارق نے سوال کیا کہ حیسکو میں بائیو میٹرک سسٹم کیوں نہیں ہے۔
پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کی رکن شازیہ مری نے کہا کہ ہم ڈسکوز کو یہاں کمنٹس کے لیے نہیں احتساب کے لیے بلاتے ہیں، یہ لوگوں کو چور کہتے ہیں اور اپنی پرفارمنس کے گیت گاتے نہیں تھکتے۔
پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے ہدایت کی کہ 13 کروڑ روپے کی ریکوری کی آڈٹ سے تصدیق کرائی جائے، جو ریکوری رہ گئی ہے وہ معاملہ زیر التوا رہے گا۔