غزہ کو جنگ کے دائرے سے نکالنے کیلئے بین الاقوامی استحکامی مشن قائم کیا جائے،فرانس
اشاعت کی تاریخ: 12th, August 2025 GMT
فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا ہے کہ غزہ کو مسلسل جنگ کے دائرے سے نکالنے کے لیے وہاں ایک بین الاقوامی استحکامی مشن قائم کیا جائے۔
صدر میکرون نے اسرائیل کی جانب سے غزہ پر مکمل فوجی کنٹرول کے منصوبے کو “دائمی جنگ کی جانب خطرناک قدم” قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسی کسی حکمت عملی سے سب سے زیادہ نقصان عام شہریوں اور یرغمالیوں کو ہوگا۔
فرانسیسی صدر نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل پر زور دیا کہ وہ فوری طور پر غزہ میں قیامِ امن کے لیے ایک مؤثر اور مضبوط بین الاقوامی مشن پر کام شروع کرے، جو وہاں شہریوں کو تحفظ فراہم کرے، نظم و نسق بحال کرے اور حالات کو مستحکم بنائے۔
میکرون کا کہنا تھا کہ میں نے اپنی ٹیموں کو ہدایت دی ہے کہ شراکت داروں کے ساتھ فوری طور پر اس مشن کی تیاری شروع کریں۔ دنیا کو اب غزہ میں ایک مستقل جنگ بندی کی ضرورت ہے۔ جنگ کو ختم ہونا چاہیے۔
یاد رہے کہ فرانسیسی صدر کا یہ بیان اسرائیلی سکیورٹی کابینہ کی جانب سے غزہ سٹی پر مکمل فوجی قبضے کے منصوبے کی منظوری کے بعد سامنے آیا ہے، جس پر عالمی سطح پر شدید تنقید ہو رہی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ صدر میکرون نے فلسطین کو بطور ریاست تسلیم کرنے کا عندیہ دیا تھا، جس کے بعد برطانیہ اور کینیڈا جیسے ممالک نے بھی اسی موقف کی حمایت کی، جس سے دنیا بھر میں فلسطینی ریاست کے حق میں آوازیں مزید مضبوط ہو رہی ہیں۔
Post Views: 6.
ذریعہ: Daily Mumtaz
پڑھیں:
خاتون کی جانب سے شوہر کی رہائی کیلئے این سی سی آئی اے افسران کو 80 لاکھ دیے جانے کا انکشاف
ایک خاتون کی جانب سے اپنے شوہر کی رہائی کیلئے نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے ) کے افسران کو 80 لاکھ روپے دینے کا انکشاف ہوا ہے۔ اینٹی کرپشن سرکل ایف آئی اے اسلام آباد میں درج مقدمے میں این سی سی آئی اے کے ایڈیشنل ڈائریکٹرز سمیت سینئر افسران اور فرنٹ مینوں میں غیر ملکی بھی شامل ہیں۔ مقدمے کی تفصیلات کے مطابق این سی سی آئی اے کے سب انسپکٹر نے خاتون کے زیر حراست شوہر پر تشدد کی ویڈیو خاتون کو بھیجی جس کے بعد خاتون نے شوہر کی رہائی کیلئے 80 لاکھ روپے دیے۔مقدمے کے مطابق باقی 13 غیر ملکیوں کی رہائی کے لیے 12ملین روپے وصول کیے گئے، قانونی لوازمات پورے کرنے کیلئے مزید 10لاکھ روپے وصول کیے گئے جب کہ اس چھاپے سے حاصل 2 کروڑ 10 لاکھ روپے کی رقم تقسیم کی گئی۔مقدمے میں کال سینٹرز سے ڈیل کرانے والے حسن امیر، غیرملکی شہری لیو اور ماہی الدین افسران کے فرنٹ مین نامزد ہیں۔دوسری جانب اسلام آباد کے سیکٹر 11ایف میں 15 غیرقانونی کال سینٹرز سے کروڑوں روپے بھتہ لیا گیا، این سی سی آئی اے افسران کال سینٹرز سے ماہانہ بنیادوں پر بھی کروڑوں روپے وصول کرتے رہے۔ ایف آئی اے کے مطابق راولپنڈی میں 15 غیر قانونی کال سینٹرز سے 15ملین روپے ماہانہ وصول کیے جاتے تھے جب کہ ایڈیشنل ڈائریکٹر کی ٹیم رقم فرنٹ مین کے ذریعے وصول کرتی رہی۔ایف آئی اے کا بتانا ہے کہ ستمبر 2024 سے اپریل 2025 تک 120ملین روپے وصول کیے گئے، غیرقانونی کال سینٹرز سے ڈیڑھ کروڑ روپے ماہانہ وصول کرنے والے ملزمان کی گرفتاری کیلئے ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔