بلاوّل کے سچ پر متھن چکرورتی تلملا اُٹھے؛ پاکستان کیخلاف زہریلی زبان استعمال کرنے لگے
اشاعت کی تاریخ: 12th, August 2025 GMT
بلاوّل بھٹو کے حقیقت پر مبنی ایک بیان نے بھارتی سورماؤں کو خاک چھنوا دی جس پر بھارتی اسٹار متھن چکرورتی بھی تلملا اُٹھے ہیں۔
بالی ووڈ اداکار اور بھارتیہ جنتا پارٹی کے رہنما متھن چکرورتی نے زہریلی زبان استعمال کرتے ہوئے پاکستان پر میزائل حملے کی دھمکی دی ہے۔
اداکار نے سفارتی اخلاق اور سیاسی رواداری کو بالائے طاق رکھتے ہوئے کہا کہ اگر ہمارا دماغ سٹک گیا تو پاکستان پر براہموس میزائل چلے گا اور پھر ایک اور چلے گا۔
ایک اور وائرل ویڈیو میں متھن چکرورتی نے کہا کہ اگر کچھ نہیں ہوا تو ہم ایک ڈیم بنائیں گے اور وقتِ ضرورت ڈیم کھول دیں گے۔ اس طرح گولی تو نہیں چلے گی لیکن سونامی آ جائے گی۔
ایک بھارتی صحافی نے پوچھا کہ بھارت کو ایٹمی حملے کی دھمکی دی گئی ہے جس پر متھن چکرورتی نے کہا کہ میں بول رہا ہوں ناں ، سونامی آجائے گی اور سب بہا لے جائے گی۔
متھن چکرورتی نے کہا کہ معافی چاہتا ہوں، پاکستان کے عوام کے ساتھ ہمارا کوئی لینا دینا نہیں۔ یہ بات میں نے صرف ان (پاکستانی قیادت) کے لیے کہی ہے۔
انھوں نے مزید کہا کہ پاکستانی عوام سے کوئی مسئلہ نہیں ہے۔ وہ امن پسند ہیں، جنگ نہیں چاہتے۔ مسئلہ صرف اشتعال انگیزی پھیلانے والے عناصر سے ہے۔
یاد رہے کہ سابق وزیر خارجہ بلاوّل بھٹو نے بھٹ شاہ پر خطاب میں کہا تھا کہ اگر بھارت سندھ دریا پر حملے کے بارے میں سوچیں گے بھی تو پھر پاکستان کے ہر صوبے کے عوام کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہیں۔
انھوں نے مزید کہا کہ دریائے سندھ پر حملہ تہذیب اور ثقافت پر حملہ تصور کیا جائے گا۔ میں نے مودی کو دنیا کے سامنے بے نقاب کرنے کا وعدہ کیا تھا اور آج مودی بے نقاب ہوگیا۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: کہا کہ
پڑھیں:
دہشتگردی کے خاتمے تک فتنۃ الخوارج و فتنۃ الہندوستان کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی، فیلڈ مارشل
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں 20ویں نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے شرکا سے خطاب کیا اور کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے تک فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔
انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مسلسل کوششیں، عوام کی غیرمتزلزل حمایت کے ساتھ بلوچستان میں پائیدار امن کے قیام کو یقینی بنائیں گی۔
فیلڈ مارشل نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے خلاف کارروائیاں دہشت گردی اور اس کے سہولت کاروں کے مکمل خاتمے تک پوری قوت کے ساتھ جاری رہیں گی، پاکستان میں جہاں بھی دہشت گردوں کا انفرا اسٹرکچر ملکی سلامتی کے لیے خطرہ بنے گا، اسے ختم کرنے کے لیے اپنے غیرمتزلزل عزم پر قائم ہے۔
انہوں نے کہا کہ بیرونی سرپرستی میں کام کرنے والے پراکسی عناصر مسلسل بلوچستان میں بدامنی، عدم استحکام اور امن کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں تاہم مسلح افواج عوام کی یک جہتی اور ثابت قدمی کے ساتھ ان مذموم عزائم کو ناکام بنائیں گی۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے بلوچستان کو پاکستان کا فخر قرار دیا اور کہا کہ یہ صوبہ بے پناہ قدرتی وسائل، محب وطن، باصلاحیت اور باہمت عوام سے مالا مال ہے، جو بلوچستان کی اصل طاقت ہیں۔
فیلڈ مارشل نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں بلوچستان کی سماجی و معاشی ترقی کے لیے عوام دوست اور جامع منصوبوں پر عمل پیرا ہیں، جن کا مقصد صوبے کی تقدیر بدلنا ہے۔
انہوں نے قومی یک جہتی کے فروغ میں سول سوسائٹی، جامعات، میڈیا اور نوجوانوں کے مثبت کردار کو سراہا اور کہا کہ ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے اور روشن مستقبل کی بنیاد رکھنے کے لیے قومی اتحاد، استقلال اور مشترکہ کوششیں ناگزیر ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق جی ایچ کیو میں تقریب کے اختتام پر شرکا کے ساتھ تفصیلی سوال و جواب کا سیشن بھی منعقد ہوا، جس میں شرکا نے پاکستان کے استحکام، ترقی، امن اور خودمختاری کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔