پاکستان سفارتی محاذ پر اچھا کھیل رہا ہے، معیشت مضبوط کرنا ہوگی؛ ایکسپریس فورم
اشاعت کی تاریخ: 27th, September 2025 GMT
لاہور:
وزیراعظم شہباز شریف نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں پاکستان کا مقدمہ بھرپور انداز میں پیش کیا، پاکستان سفارتی محاذ پر اچھا کھیل رہا ہے، پاک بھارت جنگ سے ہماری عالمی ساکھ بہتر ہوئی، اس وقت نریندر مودی منظر سے غائب جبکہ پاکستان کو امریکا، چین، سعودی عرب سمیت دنیا بھر میں پذیرائی مل رہی ہے، سفارتی کامیابیوں سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ہمیں اپنی معیشت کو مضبوط کرنا ہوگا۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھی پاکستانی قیادت کی تعریف کر رہے ہیں، یہاں معدنیات ، تیل اور تجارت کی آفر دی تاہم اگر ٹرمپ کے مقاصد پورے نہ ہوئے تو معاملات مختلف ہوں گے، پاکستان کو خوش فہمی میں مبتلا نہیں ہونا چاہیے، پاک سعودی عرب معاہدے سے پاکستان کی طاقت میں اضافہ ہوا، ایران نے بھی اس معاہدے کی تعریف کی ہے جس سے اسرائیل اور بھارت میں بھی تشویش پائی جا رہی ہے۔
ان خیالات کاا ظہار ماہرین امور خارجہ نے ’’وزیراعظم کے دورہ امریکا‘‘ کے حوالے سے منعقدہ ’’ایکسپریس فورم‘‘ میں کیا، فورم کی معاونت کے فرائض احسن کامرے نے سرانجام دیے، سابق سفارتکار جاوید حسین نے کہاکہ اس صدی کی سب سے بڑی ڈویلپمنٹ امریکا اور چین کی مخالفت ہے، اگر امریکا نے چین کو پر امن راستہ نہ دیا تو ٹکرائو ہوگا۔
انہوں نے کہاکہ پاک بھارت جنگ میں جیت سے ہماری ساکھ بہتر ہوئی تاہم ہمیں معاشی طور پر خود مختار ہونا ہوگا، پاکستان کیلئے سب سے اہم چین کیساتھ تعلقات ہیں جنہیں مزید مضبوط کرنا ہوگا۔
ماہر امور خارجہ ڈاکٹر امجد مگسی نے کہا کہ پاک بھارت جنگ جیت کر پاکستان نے دنیا بھر میں خود کو ایک مضبوط ریاست اور طاقت کے طور پر منوایا ہے، پاکستان نے اس ساکھ سے بہتر انداز میں فائدہ اٹھایا۔
ماہر امور خارجہ ڈاکٹر اعجاز بٹ نے کہا کہ پاکستان نے ڈونلڈٹرمپ کی نفسیات کو مدنظر رکھتے ہوئے اچھا کھیلا ہے، انہیں نوبل انعام کیلئے نامزد کیا، تیل، معدنیات اور کرپٹو کرنسی میں سرمایہ کاری کی آفر دی، امریکا معدنیات پر چین کی اجارہ داری ختم کرنا چاہتا ہے، ایسا معلوم ہوتا ہے کہ وہ بھارت کے ساتھ کسی اچھی تجارتی ڈیل کیلئے پاکستان کو بطور ڈھال استعمال کر رہا ہے، ہمیں سمجھداری سے چلنا ہوگا۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
ماحولیاتی آلودگی کی کوئی سرحدیں نہیں ہوتیں، صاف ماحول فراہم کےلیے سب کو ملکر کام کرنا ہوگا، مریم نواز
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کاپ 30 کانفرنس کے موقع پر پاکستان پویلین کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی آلودگی کی کوئی سرحدیں نہیں ہوتیں، آنے والی نسلوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے کے لیے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی اب کوئی پیش گوئی نہیں بلکہ موجودہ خطرہ ہے اور پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے متاثر ہونے والے دس ممالک میں شامل ہے۔
انہوں نے یاد دلایا کہ گزشتہ برسوں میں موسمیاتی تبدیلی کے باعث پاکستان کو شدید سیلابوں کا سامنا کرنا پڑا، جس میں 26 لاکھ متاثرین کو ریسکیو کیا گیا اور لاکھوں ایکڑ کھڑی فصلیں تباہ ہوئیں۔
وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ پنجاب حکومت ایئرکوالٹی بہتر بنانے اور ماحولیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے جدید ٹیکنالوجی استعمال کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سپارکو اور ناسا کی مدد سے فضاء کی مانیٹرنگ کی جا رہی ہے، اور آلودگی کے بڑے ذرائع بشمول صنعتوں اور بھٹوں کو مانیٹر کیا جا رہا ہے۔
علاوہ ازیں فصلوں کی باقیات جلانے کے لیے کسانوں کو سپرسیڈرز فراہم کیے گئے اور جدید زرعی مشینری بھی مہیا کی گئی، ساتھ ہی میڈیا پر عوامی آگاہی مہم بھی چلائی گئی۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے گرین ریویلیوشن پروگرام اور ستھرا پنجاب پروگرام کی کامیابیوں کا بھی ذکر کیا، جس کے تحت ہر گلی کوچے اور محلے میں صفائی ستھرائی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔