جمہوریت کی دعویدار نام نہاد سیاسی جماعتوں نے جمہوریت کا ہی بستر گول کر ڈالا، عدنان ڈوگر
اشاعت کی تاریخ: 11th, November 2025 GMT
27ویں آئینی ترمیم کے حوالے سے اپنے مذمتی بیان میں ممبر پنجاب اسمبلی کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی خود کو جمہوری و پارلیمانی نظام کا داعی کہلواتی تھی، آج آمریت کی گود میں جا بیٹھی ہے تاکہ اس کی کرپشن و لاقانونیت کو تحفظ میسر ہو، صدر آصف زرداری نے تاحیات استثنا حاصل کرکے جو سودے بازی کی وہ شرم کا مقام ہے۔ اسلام ٹائمز۔ ممبر پنجاب اسمبلی اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنما ملک محمد عدنان ڈوگر 27 ویں آئینی ترمیم کے حوالے سے اپنے مذمتی بیان میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ آئینی نہیں بلکہ "آہنی ترمیم" ہے۔ جمہوریت کی دعویدار نام نہاد سیاسی جماعتوں نے جمہوریت کا ہی بستر گول کر ڈالا۔ پیپلزپارٹی کو خود کو جمہوری و پارلیمانی نظام کا داعی کہلواتی تھی، آج آمریت کی گود میں جا بیٹھی ہے تاکہ اس کی کرپشن و لاقانونیت کو تحفظ میسر ہو۔ صدر آصف زرداری نے تاحیات استثنا حاصل کرکے جو سودے بازی کی وہ شرم کا مقام ہے۔ لیکن خدا کی لاٹھی بے آواز ہوتی ہے۔ ایک فرد واحد اور اس کی عوامی حمایت سے ڈرتے ہوئے اس مافیا نے آئین کا جو حلیہ بگاڑا ہے عوامی عدالت میں انہیں جوابدہ ہونا پڑے گا۔ جس دن عمران خان جیل سے نکلا اس دن انہیں انہی کا بنایا ہوا کوئی قانون تحفظ فراہم نہیں کرے گا اور یہ منہ چھپاتے نظر آئین گے۔ ملک محمد عدنان ڈوگر نے کہا کہ 27 ویں آہنی ترمیم سے عدلیہ مزید کمزور ہوچکی اور سویلین بالادستی ماضی کا حصہ بن گئی ہے۔ فرد واحد بادشاہ بن کر جمہوری اداروں و نظام کو مفلوج کرچکا ہے۔ جبکہ دوسری جانب عوامی فلاح و بہبود کے لئے حکومت کی کارکردگی منفی اثرات مرتب کررہی ہے۔ عوام مہنگائی، بیروزگاری کا شکار ہیں جبکہ فارم 47 کی غیرقانونی حکومت اپنے تحفظ کے اقدامات کرنے اور عیاشیوں میں مصروف ہے۔
.ذریعہ: Islam Times
پڑھیں:
سیاسی، معاشی استحکام سے ملک کی سمت درست ہوئی، اتحادیوں نے قومی سوچ کا مظاہرہ کیا، شہباز شریف: 27ویں ترمیم پر تعاون حکومتی، اتحادی سینیٹرز کا شکریہ
اسلام آباد (اے پی پی + نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ستائیسویں آئینی ترمیم کی منظوری کے عمل میں تعاون پر حکومتی و اتحادی جماعتوں کے سینیٹرز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام اتحادی جماعتوں نے قومی سوچ کا مظاہرہ کیا ، سیاسی و معاشی استحکام کی بدولت ملک کی سمت درست ہوئی، ترقی و خوشحالی کیلئے سب کو مل کر کام کرنا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے حکومتی اور اتحادی جماعتوں کے سینیٹرز کے اعزاز میں عشائیہ سے خطاب میں کیا۔ وزیراعظم نے حکومتی اور اتحادی جماعتوں کے سینیٹرز کا خیر مقدم کیا اور 27ویں آئینی ترمیم کی منظوری کے عمل میں ان کے تعاون پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ صدر زرداری اور تمام اتحادی جماعتوں کے سربراہوں کے مشکور ہیں، اتحادی جماعتوں نے اس قومی سوچ کا بھرپور ساتھ دیا۔ وفاق کی مضبوطی، ملک کے وسیع مفاد، صوبوں کے درمیان ہم آہنگی بڑھانے اور گورننس کو بہتر کرنے کے لئے 27ویں آئینی ترمیم کیلئے ہم سب نے مل کر کوشش کی۔ اس حکومت میں حاصل کئے گئے تمام سنگ میل حکومت اور اتحادی جماعتوں کے باہمی تعاون کا نتیجہ ہیں، پاکستان کی سفارتی کامیابیاں اور دنیا میں نام تمام اتحادی جماعتوں کے مابین ہم آہنگی اور باہمی اتحاد کا عکاس ہیں، ہم سب کی مشترکہ کوششوں کی بدولت پاکستان کو شاندار مقام حاصل ہوا ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ملکی معاشی صورتحال میں بتدریج بہتری ہو رہی ہے، اللہ کے فضل و کرم سے ملک میں سیاسی و معاشی استحکام کی بدولت ملک کی سمت درست ہوئی۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے سینٹ میں 27 ویں آئینی ترمیم کے حق میں ووٹ دینے کی درخواست کی۔