کراچی میں مزار قائد پر گارڈز تبدیلی کی پُروقار تقریب کا انعقاد
اشاعت کی تاریخ: 14th, August 2025 GMT
کراچی:
پاکستان کے 78ویں یوم آزادی کے موقع پر ملک بھر میں قومی جوش و جذبے اور احترامِ آزادی کے ساتھ تقاریب کا انعقاد کیا گیا۔ دن کا آغاز توپوں کی سلامی، قرآن خوانی، دعاؤں اور گارڈز کی تبدیلی کی پر وقار تقریب سے ہوا، جس میں بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناحؒ کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔
کراچی میں بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناحؒ کے مزار پر گارڈز کی تبدیلی کی مرکزی تقریب منعقد ہوئی، جہاں پاکستان نیول اکیڈمی کے کیڈٹس نے اعزازی گارڈز کے فرائض سنبھال لیے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق نیول کیڈٹس ہر سال 14 اگست کو قائداعظم کے مزار پر یہ ذمے داری سنبھالتے ہیں تاکہ بانی پاکستان کو عسکری انداز میں سلام پیش کیا جا سکے۔
تقریب کے دوران کیڈٹس کی جانب سے شاندار مارچ پاسٹ اور پریڈ کا مظاہرہ کیا گیا۔ مزار پر فاتحہ خوانی کی گئی اور پھولوں کی چادر چڑھائی گئی۔
یومِ آزادی کا آغاز وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31 توپوں اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی سے کیا گیا۔
پاک فوج کے چاق و چوبند دستوں نے یوم آزادی کی صبح دشمن کو پیغام دینے والے انداز میں نعرہ تکبیر – اللہ اکبر کے فلک شگاف نعروں کے ساتھ توپوں کی سلامی دی۔
یہ سلامی ملکی خودمختاری، قومی وقار، اور افواجِ پاکستان کی تیاری و قربانی کے عزم کی غماز سمجھی جاتی ہے۔
یوم آزادی کی مناسبت سے ملک بھر کی مساجد میں قرآن خوانی اور اجتماعی دعاؤں کا اہتمام کیا گیا، نمازِ فجر کے بعد وطن عزیز کی سلامتی، ترقی، خوشحالی اور اتحاد کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔
علمائے کرام نے خطابات میں آزادی کی نعمت پر شکر گزاری اور اس کی حفاظت کے لیے قومی اتحاد، یکجہتی اور قربانی کے جذبے کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیا۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: کیا گیا
پڑھیں:
بحریہ یونیورسٹی کراچی کیمپس کے 21 ویں کانووکیشن کا انعقاد، طلبہ کو ڈگریاں عطا
کراچی:بحریہ یونیورسٹی کراچی کیمپس کے 21 ویں کانووکیشن کا انعقاد ہوا، جس میں طلبہ کو ڈگریاں عطا کردی گئیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بحریہ یونیورسٹی کراچی کیمپس کے 21 ویں کانووکیشن میں چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔
تقریب میں بحریہ یونیورسٹی، انسٹیٹیوٹ آف پروفیشنل سائیکالوجی اور پاکستان نیوی اسکول آف لاجسٹکس سے مختلف شعبوں میں تعلیم مکمل کرنے والے 3 ہزار 276 طلبا کو ڈگریاں عطا کی گئیں۔
نیول چیف نے امتیازی کارکردگی پر 95 طلائی اور 90 چاندی کے تمغے تفویض کیے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے نیول چیف نے کہا کہ طلبا دیانت داری، محنت اور راست بازی کو اپنا شعار بنائیں۔ تقریب میں فارغ التحصیل طلبا، ان کے والدین، یونیورسٹی انتظامیہ، اساتذہ اور شعبہ تعلیم کی ممتاز شخصیات نے شرکت کی۔