خیبرپختونخوا حکومت کا سرکاری ہیلی کاپٹرامدادی سرگرمیوں کے دوران لاپتہ ہوگیا
اشاعت کی تاریخ: 15th, August 2025 GMT
باجوڑ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 15 اگست2025ء)خیبرپختونخوا حکومت کا سرکاری ہیلی کاپٹر ضلع باجوڑ میں امدادی سرگرمیوں کے لیے روانگی کے دوران لاپتا ہوگیا۔ ترجمان کے مطابق ہیلی کاپٹر مختلف متاثرہ علاقوں میں امداد پہنچانے اور ریسکیو آپریشن کی نگرانی کے لیے استعمال کیا جا رہا تھا۔ چیف سیکریٹری خیبرپختونخوا شہاب علی شاہ نے تصدیق کی کہ ہیلی کاپٹر آخری بار ضلع مہمند کے قریب ریڈار پر دیکھا گیا تھا، جس کے بعد اس سے رابطہ منقطع ہوگیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو اور سیکیورٹی اداروں نے ہیلی کاپٹر کی تلاش کے لیے مشترکہ آپریشن شروع کر دیا ہے۔ فضائی اور زمینی ٹیمیں علاقے میں سرچ آپریشن میں مصروف ہیں، جبکہ مقامی انتظامیہ کو بھی مدد کے لیے طلب کر لیا گیا ہے۔(جاری ہے)
حکام کا کہنا ہے کہ لاپتا ہیلی کاپٹر میں موجود عملے اور مسافروں کی تلاش اولین ترجیح ہے، اور اس حوالے سے ہر ممکن وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
واقعے کی تحقیقات بھی شروع کر دی گئی ہیں۔ بونیر، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں شدید بارشوں، کلاؤڈ برسٹ اور سیلابی ریلوں نے تباہی مچا دی ، مختلف واقعات میں مجموعی طور پر 79 افراد جاں بحق، درجنوں زخمی اور سینکڑوں لاپتہ ہیں۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق حالیہ بارشوں، لینڈ سلائیڈنگ اور کلاؤڈ برسٹ سے بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان ہوا۔ خیبرپختونخوا کے اضلاع بٹگرام، باجوڑ اور مانسہرہ میں بادل پھٹنے، سیلابی ریلوں اور لینڈ سلائیڈنگ سے 60 افراد جاں بحق، 16 زخمی اور متعدد لاپتہ ہیں۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق جاں بحق افراد میں 40 مرد، 12 بچے اور 8 خواتین شامل ہیں جبکہ زخمیوں میں 13 مرد، 2 خواتین اور ایک بچہ شامل ہے، بارشوں اور فلش فلڈ سے 35 گھروں کو نقصان پہنچا،7 گھر مکمل جبکہ 28 گھر جزوی تباہ ہوئے ہیں۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق حادثات باجوڑ، بٹگرام، تورغر، مانسہرہ، سوات، بونیر اور شانگلہ کے اضلاع میں پیش آئے، سب سے زیادہ نقصان ضلع باجوڑ اور بٹگرام میں ہوا جہاں ریسکیو آپریشن تاحال جاری ہیں۔.ذریعہ: UrduPoint
کلیدی لفظ: تلاش کیجئے ہیلی کاپٹر کے مطابق کے لیے
پڑھیں:
کراچی: مبینہ مقابلے میں بھتہ خور ہلاک
اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ پولیس نے ملیر تھدو ندی بکرا پیڑی کے قریب مبینہ مقابلے میں ایک بھتہ خور کو ہلاک کر دیا۔ نارتھ کراچی میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے پولیس اہلکار زخمی ہوگیا جبکہ دو ڈاکو زخمی حالت میں فرار ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ (ایس آئی یو) پولیس نے ملیر تھدو ندی بکرا پیڑی کے قریب مبینہ مقابلے میں ایک ملزم کو ہلاک کر دیا۔
ترجمان ایس آئی یو پولیس کے مطابق مارے جانے والے ملزم انتہائی اہم بھتہ خور تھا جس کی شناخت غلام قادر ولد محمد صدیق کے نام سے کی گئی۔ مارے جانے والا بھتہ خور گینگ وار گروہ صمد کاٹھیاواڑی کا کراچی میں نیٹ ورک سنبھالتا تھا اور کچھ روز قبل ملیر سٹی کے علاقے میں معروف بلڈر سے بھتہ طلب کرنے میں بھی ملوث تھا۔
ترجمان کے مطابق ہلاک بھتہ خور کے قبضے سے بھتے میں استعمال کیے جانے والا موبائل فون اور اسلحہ برآمد بھی برآمد ہوا ہے۔ پولیس نے ہلاک ملزم کی لاش ضابطے ک کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کر دی اور اس حوالے سے مزید تفتیش کا عمل جاری ہے۔
دریں اثنا، نارتھ کراچی دربار ہوٹل کے قریب گلی میں پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان مقابلے میں فائرنگ سے پولیس اہلکار زخمی ہوگیا۔
خواجہ اجمیر نگری پولیس کے مطابق مقابلے کے دوران دو ڈاکو زخمی حالت میں فرار ہوگئے جن کی تلاش کا عمل جاری ہے جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں پولیس اہلکار زوہیب خان زخمی ہوگیا جسے فوری طبی امداد کے لیے عباسی اسپتال منتقل کر دیا جہاں اس کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔
تاہم، اس حوالے سے پولیس مزید تحقیقات کر رہی ہے۔