محکمہ وائلڈ لائف نے نایاب طوطوں کی کھیپ بازیاب کرلی، 14 ملزمان کے چالان
اشاعت کی تاریخ: 27th, August 2025 GMT
لاہور:
محکمہ وائلڈ لائف نے مختلف کارروائیوں میں درجنوں طوطے اور تیتر بازیاب کرا لیے اور متعدد ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرلیے۔
ترجمان وائلڈ لائف کے مطابق کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر 114 طوطے، 2 کالے تیتر اور بٹیر کی نیٹنگ کے 21 ہنٹنگ گیئرز برآمد ہوئے، 14 ملزمان کا چالان کیا گیا۔
بہاولنگر میں غیرقانونی بریڈنگ فارم پر چھاپے کے دوران 56 راء طوطے اور 46 گانیدار طوطے تحویل میں لیے گئے۔ فیصل آباد برڈ شاپ پر کارروائی کے دوران 12 جنگلی طوطے اور 2 کالے تیتر برآمد ہوئے جبکہ 2 افراد کے خلاف چالان کیا گیا۔
فیصل آباد میں غیرقانونی شکار پر ایک شخص کو گرفتار کر کے ایئرگن، چھری، غلیل اور ذبح شدہ 4 پرندے برآمد کیے گئے۔ جھنگ سے بٹیر کا ایک نیٹنگ گیئر، لیہ، بھکر، بہاولپور اور اٹک سے بٹیر کے 9 نیٹنگ گیئرز جبکہ میانوالی سے بٹیر کے 3 ہنٹنگ گیئرز برآمد کر کے 3 شکاری گرفتار کیے گئے۔ اسی ضلع میں فاختہ کا ایک شکاری بھی گرفتار ہوا جس کے قبضے سے 4 ذبح شدہ فاختائیں برآمد ہوئیں۔
ساہیوال میں بٹیر کا نیٹنگ گیئر برآمد ہوا جبکہ ڈیرہ غازی خان میں غیرقانونی شکار پر 6 شکاریوں کا چالان کر کے ایک لاکھ 92 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ رحیم یار خان میں بٹیر کے 3 غیرقانونی ہنٹنگ گیئرز برآمد ہوئے۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
راولپنڈی میں 24 گھنٹوں کے دوران ڈینگی کے 16 نئے کیسز سامنے آگئے
راولپنڈی:راولپنڈی میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 16 نئے ڈینگی کیسز رپورٹ ہوئے۔
محکمہ صحت کے مطابق شہر سے اب تک مجموعی طور پر 374 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔ ان میں سے 82 مریض اس وقت مختلف اسپتالوں میں زیرِ علاج ہیں۔
محکمہ صحت کی جانب سے ڈینگی کے پھیلاؤ کو روکنے کےلیے اب تک 13 لاکھ 6 ہزار 235 مقامات کی جانچ پڑتال کی گئی، جن میں سے 1 لاکھ 45 ہزار 575 مقامات سے ڈینگی لاروا برآمد ہوا۔
ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 3 ہزار 845 مقدمات درج کیے گئے جبکہ 1 ہزار 677 مقامات کو سیل کردیا گیا۔ اس کے ساتھ ساتھ 3 ہزار 285 چالان جاری کیے گئے اور 97 لاکھ 61 ہزار 7 روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔