بیٹے کی فائرنگ سے زخمی جمعیت علمائے اسلام کے سینئر رہنما مولانا کفایت انتقال کرگئے
اشاعت کی تاریخ: 28th, August 2025 GMT
خیبر پختونخوا کے ضلع ملاکنڈ کی تحصیل بٹ خیلہ میں بیٹے کی فائرنگ سے زخمی ہونے والے جمعیت علمائے اسلام کے سینئر رہنما مولانا کفایت اللہ انتقال کرگئے۔
رپورٹ کے مطابق جمعیت علما اسلام ضلع ملاکنڈ کے امیر مفتی کفایت اللہ چند روز قبل بیٹے کی فائرنگ سے زخمی ہوئے تھے۔
مفتی کفایت اللہ پشاورکے بعد اسلام آباد کے اسپتال میں زیر علاج تھے، مفتی کفایت اللہ کی نمازِ جنازہ رات 10 بجے ظفر پارک بٹ خیلہ میں ادا کی جائے گی۔
جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمان نے جے یو آئی مالاکنڈ کے امیر مفتی کفایت اللہ کی وفات پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ اللہ کریم مرحوم کی ہمہ جہت خدمات کو شرف قبولیت عطاء فرمائے۔
اپنے ایک جاری بیان میں مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ مرحوم کی دعوتی اور جماعتی خدمات یاد رکھی جائیں گی، مرحوم کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کرتا ہوں، اللہ کریم لواحقین کو صبر جمیل عطاء فرمائے۔
چند روز قبل بیٹے کی فائرنگ سے مفتی کفایت اللہ کا ایک بیٹا اور بیٹی جاں بحق ہوئے تھے جبکہ مفتی کفایت اللہ اور ان کی اہلیہ زخمی ہو گئے تھے جنہیں اسپتال منتقل کر دیا گیا تھا، ان کا ایک بیٹا اور بیٹی بھی شدید زخمی ہوئے تھے۔
.
ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: بیٹے کی فائرنگ سے مفتی کفایت اللہ
پڑھیں:
کراچی میں فائرنگ کے واقعات میں نوجوان جاں بحق، 2 زخمی
شہر قائد کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا جبکہ شہرکے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات میں 2 نوعمر لڑکے زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق اورنگی ٹاؤن سیکٹر ساڑھے گیارہ منصور نگر میں فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا جس کی لاش چھیپا کے رضا کاروں نے عباسی شہید اسپتال منتقل کی۔
ایس ایچ او اقبال مارکیٹ پولیس نے کہا کہ مقتول کی شناخت 35 سالہ عادل کے نام سے کی گئی جسے نامعلوم موٹر سائیکل سوار ملزمان نے فائرنگ کا نشانہ بنایا اور موقع سے فرار ہوگئے جبکہ پولیس کو جائے وقوعہ سے 30 بور پستول کے 4 خول ملے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ فوری طور پر واقعے کی وجوہات کا معلوم نہیں ہوسکا تاہم پولیس مقتول کے ورثا سے مزید معلومات حاصل کر رہی ہے اور قتل سے متعلق مختلف پہلوؤں پر تفتیش کر رہی ہے۔
لانڈھی فیوچر کالونی عباس مارکیٹ کے قریب فائرنگ سے نوعمر لڑکا زخمی ہوگیا جسے ایدھی کے رضا کاروں نے جناح اسپتال منتقل کیا۔
ریسکیو حکام کے مطابق مضروب کی شناخت 15 سالہ ارحم علی کے نام سے کی گئی جبکہ فوری طور پر فائرنگ کی وجہ کا تعین کیا جا رہا ہے۔
دریں اثنا چاکیواڑہ کے علاقے بہار کالونی گلی نمبر 3 فائرنگ سے نوعمر لڑکا زخمی ہوگیا جسے طبی امداد کے لیے سول اسپتال لیجایا جہاں اس کی شناخت 15 سالہ نواز کے نام سے کی گئی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگنے کا بتایا جا رہا ہے جس کی مزید چھان بین کی جا رہی ہے ۔