وزیر داخلہ کی سعودی سفیر سے ملاقات؛ دونوں ممالک کے تعلقات مزید مضبوط بنانے پر اتفاق
اشاعت کی تاریخ: 30th, August 2025 GMT
اسلام آباد:
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ڈپلومیٹک انکلیو میں سعودی عرب کے سفارت خانے کا دورہ کیا جہاں سعودی سفیر نواف بن سعید احمد المالکی نے ان کا خیر مقدم کیا۔
اس موقع پر دونوں رہنماؤں کے درمیان اہم ملاقات ہوئی جس میں پاک سعودی تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات ہر آزمائش میں پورا اترے ہیں۔ انہوں نے پاک بھارت کشیدگی میں سعودی عرب کے مخلصانہ، برادرانہ اور مؤثر کردار پر سعودی حکومت اور سفیر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ جنگ ہو یا امن، سعودی عرب نے ہمیشہ پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا ہے۔
محسن نقوی نے مزید بتایا کہ سعودی عرب جا کر بھیک مانگنے والے مافیا کے خلاف سخت کریک ڈاؤن جاری ہے اور اس سلسلے میں زیرو ٹالرنس پالیسی اختیار کی گئی ہے۔
سعودی سفیر نواف بن سعید احمد المالکی نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان ہمارا برادر دوست ملک ہے اور سعودی عرب پاکستان کے ساتھ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
محسن نقوی کا اسلام آباد کے دو میگا پراجیکٹس دسمبر کے اوائل میں کھولنے کا اعلان
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد کے دو میگا پراجیکٹس دسمبر کے اوائل میں کھولنے کا اعلان کر دیا۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد کے دو بڑے ترقیاتی منصوبوں، ٹی چوک فلائی اوور اور شاہین چوک انڈر پاس پر جاری تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا اور رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا، اس موقع پر ممبر انجینئرنگ سی ڈی اے نے وزیر داخلہ کو دونوں پراجیکٹس پر ہونے والی پیش رفت پر تفصیلی بریفنگ دی۔محسن نقوی نے اپنے دورے کے دوران دونوں منصوبوں پر تعمیراتی سرگرمیوں، معیار اور پیش رفت کا تفصیلی معائنہ کیا اور ہدایت دی کہ تعمیراتی کاموں میں معیار کو ہر صورت یقینی بنایا جائے، رفتار اور معیار دونوں پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔وزیر داخلہ نے بتایا کہ ٹی چوک فلائی اوور منصوبے کا 60 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے اور اسے دسمبر کے اوائل میں ٹریفک کے لیے کھول دیا جائے گا، اس منصوبے کی تکمیل سے جی ٹی روڈ سے اسلام آباد آنے والے مسافروں کو سگنل فری سفر کی سہولت حاصل ہوگی جس سے ٹریفک کے بہاؤ میں نمایاں بہتری آئے گی۔محسن نقوی نے کہا ہے کہ یہ منصوبہ شہریوں کے سفری مسائل کے حل میں ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوگا، شہریوں کو ٹریفک مسائل سے نجات دلانا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔وزیر داخلہ نے شاہین چوک انڈر پاس کے حوالے سے بھی واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ منصوبے کو اگلے 30 دنوں میں مکمل کیا جائے اور اس کے لیے بیک وقت 24/7 کام جاری رکھا جائے۔انہوں نے زور دیا کہ ٹریفک کے دباؤ اور سکول اوقات میں عوامی مشکلات کم کرنے کے لیے منصوبے کی جلد تکمیل ضروری ہے، شاہین چوک انڈر پاس اسلام آباد کا ایک جدید (ماڈرن) ترقیاتی منصوبہ ہوگا جو دارالحکومت کی ٹریفک اور سفری سہولیات میں نیا معیار قائم کرے گا۔