وزیر ریلوے کی سیلابی صورتحال میں 24 گھنٹے ٹرینوں اور ٹریکس کی نگرانی یقینی بنانے کی ہدایت
اشاعت کی تاریخ: 30th, August 2025 GMT
وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے موجودہ موسمی اور سیلابی حالات کے تناظر میں 24 گھنٹے ٹرینوں اور ریلوے ٹریکس کی مسلسل نگرانی کو یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔
وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی کی زیر صدارت ریلوے ہیڈکوارٹر میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ریلوے حکام نے آپریشنل امور اور ملک میں حالیہ سیلابی صورتحال سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔
اجلاس کے دوران وزیر ریلوے نے موجودہ موسمی اور سیلابی حالات کے تناظر میں 24 گھنٹے ٹرینوں اور ریلوے ٹریکس کی مسلسل نگرانی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی ممکنہ حادثے سے بچنے کے لیے پیشگی اقدامات اور ہنگامی پلاننگ ناگزیر ہے۔
محمد حنیف عباسی نے واضح ہدایات جاری کیں کہ مسافروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے، اور ٹرینوں کی وقت کی پابندی اور صفائی کے اعلیٰ معیار کو سختی سے یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اسٹیشنز پر صفائی، انتظار گاہوں اور دیگر بنیادی سہولیات کی دستیابی ریلوے کی ساکھ کا حصہ ہے اور اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ ریلوے صرف ایک سفری ذریعہ نہیں، بلکہ یہ عوامی سہولت اور معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے، ہم اسے مزید معیاری، محفوظ اور عوام دوست بنائیں گے۔
اجلاس میں ریلوے سروسز کو مزید بہتر بنانے کے لیے مختلف تجاویز اور اقدامات پر بھی غور کیا گیا۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: وزیر ریلوے
پڑھیں:
بانی پی ٹی آئی اقتدار کیلئے ملک دشمنوں کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں، حنیف عباسی
وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی اقتدار کے لیے ملک دشمنوں کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں۔
ایک بیان میں حنیف عباسی نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے ملکی اداروں کے خلاف زہر اگلا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ شہدا کی قربانیوں کی وجہ سے ملک میں امن قائم ہے، ایک جماعت نے سازش کے تحت ملکی اداروں پر حملے کیے۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ سوشل میڈیا پر ملک کے خلاف جھوٹا پروپیگنڈا کیا، انتشاری ٹولے نے ہمیشہ ملک میں فتنہ فساد برپا کیا ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے کالعدم ٹی ٹی پی کو ملک میں دوبارہ بسایا، بانی پی ٹی آئی اقتدارکے لیے ملک دشمنوں کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں۔