میکسیکو میں ٹک ٹاکر اسمارالڈا فیریر شوہر اور بچوں سمیت قتل
اشاعت کی تاریخ: 2nd, September 2025 GMT
سوشل میڈیا پر سرگرم ٹک ٹاک انفلوئنسر اسمارالڈا فیریر گاریبے، ان کے شوہر اور دو کمسن بچوں کو فائرنگ کرکے بے دردی سے قتل کر دیا گیا۔ واقعے نے پورے ملک میں ہلچل مچا دی ہے، جبکہ سوشل میڈیا پر غم و غصے اور دکھ کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
چاروں افراد کی لاشیں پلاسٹک میں لپیٹ کر ایک خالی پک اپ ٹرک میں پھینک دی گئی تھیں، جو بعد ازاں شہر گوادالاجارا میں پولیس کو ملا۔ مقامی حکام کے مطابق، یہ ایک منظم اور منصوبہ بند کارروائی تھی۔
جائے واردات ایک ورکشاپ نکلی
ریجنل پراسیکیوٹر الفونسو گیٹرز سانتیان نے میڈیا کو بتایا کہ CCTV فوٹیج کی مدد سے ٹرک کی نقل و حرکت کو ٹریس کیا گیا، جس سے پتہ چلا کہ اسے ایک قریبی آٹو ورکشاپ تک لے جایا گیا تھا۔ تفتیش کے دوران اسی مقام پر خون کے دھبے، فائر شدہ گولیوں کے خول اور دیگر شواہد ملے، جو قتل وہیں ہونے کی تصدیق کرتے ہیں۔
ملزمان کی گرفتاری اور پراسرار اغواء
ابتدائی طور پر پولیس نے ورکشاپ کے دو ملازمین کو حراست میں لیا، تاہم ٹھوس شواہد نہ ہونے کی بنیاد پر انہیں ضمانت پر رہا کر دیا گیا۔ حیرت انگیز طور پر، رہائی کے کچھ ہی دیر بعد دونوں افراد کو نامعلوم مسلح افراد نے اغوا کر لیا، جن میں ان کے دو رشتہ دار بھی شامل تھے، جبکہ ایک فرد موقع سے بچ نکلنے میں کامیاب رہا۔
پسِ منظر تاحال غیر واضح
حکام کے مطابق، اس ہولناک واقعے کے پیچھے منظم مجرمانہ گروہوں کے ملوث ہونے کا شبہ ہے، تاہم اب تک کی تحقیقات میں کوئی ٹھوس ثبوت سامنے نہیں آیا جو یہ ثابت کرے کہ اسمارالڈا یا ان کا خاندان کسی ڈرگ کارٹل یا جرائم پیشہ تنظیم سے منسلک تھا۔
ذریعہ: Daily Mumtaz
پڑھیں:
زاہد احمد نے سوشل میڈیا کو شیطان کا کام قرار دے دیا
معروف اداکار زاہد احمد نے سوشل میڈیا اور اس کے اثرات پر کھل کر گفتگو کرتے ہوئے اسے شیطان کا کام قرار دے دیا۔
زاہد احمد اپنی ہمہ جہت اداکاری اور گہرے کرداروں کے باعث شہرت رکھتے ہیں، انہوں نے متعدد معروف ڈراموں میں اپنی فنکارانہ صلاحیتوں کا لوہا منوایا، ریڈیو سے اپنے کیریئر کا آغاز کرنے والے زاہد احمد نے تھیٹر اور پھر ٹیلی وژن تک کا کامیاب سفر طے کیا۔
حال ہی میں وہ ایک پوڈکاسٹ میں شریک ہوئے، جہاں گفتگو کے دوران انہوں نے سوشل میڈیا اور جدید طرزِ زندگی پر سخت مؤقف اپنایا۔
زاہد احمد کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا شیطان کا کام ہے اور جو لوگ اس پر مواد تخلیق کر رہے ہیں، وہ جہنم میں جائیں گے۔
انہوں نے تسلیم کیا کہ میرے اس بیان پر تنقید ہو سکتی ہے کیونکہ میں خود بھی سوشل میڈیا پر موجود ہوں، مگر میں محض اپنا ذاتی مؤقف پیش کر رہا ہوں۔
زاہد احمد نے کہا کہ اپنی نجی زندگی، بچوں اور روزمرہ کے معمولات کو عوامی سطح پر دکھانا درست عمل نہیں، سوشل میڈیا وہ ایجاد ہے جس نے انسان کو سب سے زیادہ نقصان پہنچایا ہے۔
اداکار کے اس بیان نے سوشل میڈیا پر نئی بحث چھیڑ دی ہے، جہاں کچھ صارفین ان کے خیالات سے اتفاق کر رہے ہیں جبکہ کئی انہیں حد سے زیادہ سخت مؤقف اختیار کرنے پر تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔