پارٹی انتشار کا شکار ہے، تنقید کرنے والے بے شرم ہیں، علی امین گنڈا پور
اشاعت کی تاریخ: 3rd, September 2025 GMT
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے اندر سینیٹ الیکشن کے ٹکٹوں کی تقسیم پر ہونے والی تنقید پر شدید برہمی کا اظہار کیا ہے۔
پشاور میں ایک اجلاس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے گنڈا پور کا کہنا تھا کہ سینیٹ ٹکٹوں کی تقسیم میں ان کا کوئی عمل دخل نہیں تھا، “ہم نے صرف عمران خان کے حکم پر عمل کیا، کیونکہ یہ پارٹی انہی کی ہے”۔
انہوں نے الزام لگایا کہ جان بوجھ کر ان کی عمران خان سے ملاقات نہیں ہونے دی جارہی تاکہ ان کا براہِ راست رابطہ قائد سے منقطع رہے، جس کے باعث پارٹی کو نقصان پہنچ رہا ہے اور اندرونی اختلافات میں شدت آ رہی ہے۔
علی امین گنڈا پور نے کہا کہ عمران خان سے ملاقات نہ ہونے دینا “دوستی نہیں، بلکہ دشمنی” ہے۔ ان کے مطابق، پارٹی کے اندر کچھ عناصر ایسے ہیں جو انتشار کو فروغ دے رہے ہیں، اور بدقسمتی سے وہ اپنے مقصد میں کامیاب بھی ہو رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے یاد دلایا کہ سینیٹ الیکشن کے لیے امیدواروں کے نام عمران خان کی جانب سے آئے تھے، لیکن کئی لوگوں نے ان ناموں کو جھوٹا قرار دیا۔ بعد میں جب عمران خان نے خود ان ناموں کی تصدیق کر دی، تب بھی کسی نے معافی نہیں مانگی۔
علی امین گنڈاپورکے مطابق کسی نے یہ نہیں کہا کہ میں غلط تھا، یا معذرت چاہتا ہوں۔ بے شرمی کی انتہا تو یہ ہے کہ جھوٹ بول کر بھی ڈھٹائی سے خاموش بیٹھے ہیں۔
علی امین گنڈا پور نے کہا کہ ان کی عمران خان سے آخری ملاقات 2 اپریل کو ہوئی تھی، اور اس کے بعد سے اب تک براہِ راست رابطہ ممکن نہیں ہو سکا۔
ذریعہ: Daily Mumtaz
کلیدی لفظ: علی امین گنڈا پور
پڑھیں:
ملک کے لئے جانیں قربان کرنے والے شہداء اور ان کے اہل خانہ کو پوری قوم سلام پیش کرتی ہے، گنڈا پور
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے بنوں میں شہید ہونے والے پاک فوج کے میجر عدنان اسلام کے گھر جاکر والدین سے تعزیت کی ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور منگل کے روز چند دن قبل بنوں میں شہید ہونے والے پاک فوج کے میجر عدنان اسلم کے گھر گئے جہاں انہوں نے شہید کے اہل خانہ سے تعزیت اور دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔
وزیر اعلیٰ نے شہید کے درجات کی بلندی کے لیے فاتحہ خوانی اور پسماندگان کے لئے صبر جمیل کی دعا کی اور ملک و قوم کے لیے میجر عدنان کی قربانی کو خراج عقیدت پیش کیا۔
علی امین گنڈاپور نے کہا کہ وہ اہل خانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں، شہید میجر عدنان اسلم نے دہشتگردوں کا انتہائی جوانمردی سے مقابلہ کیا اور پوری قوم کو ایسے بہادر سپوتوں پر فخر ہے۔
وزیر اعلی کا کہنا تھا کہ ملک کے لئے جانیں قربان کرنے والے شہداء اور ان کے اہل خانہ کو پوری قوم سلام پیش کرتی ہے، ملک میں امن کے لئے سکیورٹی فورسز، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بے مثال قربانیاں دی ہیں، دہشتگردی کے خاتمے کے لئے پوری قوم فورسز کے ساتھ ہے۔