کالا باغ ڈیم کی تعمیر پی ٹی آئی کی پالیسی نہیں، علی امین کا ذاتی بیان ہے، سلمان اکرم راجا
اشاعت کی تاریخ: 3rd, September 2025 GMT
راولپنڈی:
پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجا نے کہا ہے کہ علی امین گنڈا پور کا کالا باغ ڈیم کی تعمیر سے متعلق بیان ان کی ذاتی رائے ہو سکتی ہے، لیکن یہ ہرگز پارٹی پالیسی نہیں ہے۔
راولپنڈی میں انسداد دہشت گردی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کالا باغ ڈیم پر تحریک انصاف کی پالیسی بالکل واضح ہے، سندھ اور خیبرپختونخوا کے تحفظات کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔ ایسے منصوبے جن پر 2 صوبوں کو اختلاف ہو، وہ وفاق کے لیے نقصان دہ ثابت ہوتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جب تک تمام فریقین متفق نہ ہوں اور سیاسی ہم آہنگی پیدا نہ ہو، اس نوعیت کے منصوبے قابلِ عمل نہیں ہوتے۔
سلمان اکرم راجا کا کہنا تھا کہ پارٹی عدلیہ کی آزادی اور جمہوریت کی بحالی کی جدوجہد کر رہی ہے، ایسے میں صدارتی نظام کی بات کرنا تحریک انصاف کی پالیسی نہیں۔ اگر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے ایسا کوئی بیان دیا ہے تو میں ان سے وضاحت طلب کروں گا۔ یہ پارلیمنٹ فارم 47 کی پیداوار ہے، آئینی ترمیم کا اختیار نہیں رکھتی۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمانی نظام کے بجائے صدارتی نظام لانے کی بات ناقابلِ قبول ہے۔
انہوں نے مقدمات کے حوالے سے کہا کہ ان کے خلاف جھوٹے اور جعلی کیسز درج کیے گئے ہیں، جن کا کوئی ثبوت موجود نہیں، اس کے باوجود سزائیں سنائی جا رہی ہیں۔ عدالتوں میں سماعت مؤخر کی جاتی ہے اور مقدمات کو لٹکایا جا رہا ہے۔ بڑی عدالتوں کو ایسے معاملات پر ریلیف دینا پڑتا ہے، اگرچہ میں لفظ ’’امید‘‘ استعمال نہیں کرتا لیکن کئی بار عدلیہ کی مجبوری کے باعث ریلیف مل جاتا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ بانی تحریک انصاف کی ہدایت پر لاہور میں ایم این ایز اور ایم پی ایز کی میٹنگ بلائی گئی، جس میں سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے سب کو اپنی جیب سے تعاون کرنے کی ہدایت دی گئی۔ میں خود سیالکوٹ اور سمبڑیال گیا اور جہاں ممکن ہے وہاں متاثرین کی مدد جاری ہے، ہمارے کارکن ہر جگہ پہنچ کر ریلیف فراہم کر رہے ہیں۔
قبل ازیں انسداد دہشت گردی عدالت راولپنڈی میں 26 نومبر کے احتجاج سے متعلق 2 مقدمات کی سماعت بھی ہوئی، تاہم جج کی چھٹی کے باعث کارروائی نہ ہو سکی۔ عدالت نے سلمان اکرم راجا ایڈووکیٹ کی عبوری ضمانت میں 23 ستمبر تک توسیع کر دی اور آئندہ سماعت پر تھانہ صدر حسن ابدال کے تفتیشی افسران سے ریکارڈ طلب کر لیا۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: سلمان اکرم راجا تحریک انصاف انہوں نے
پڑھیں:
گلگت میں نئے منصوبوں کی نگرانی خود کروں گا: نواز شریف
گلگت (نوائے وقت رپورٹ) مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نواز شریف ایک روزہ دورے پر گلگت بلتستان پہنچ گئے جہاں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں شروع ہونے والے نئے منصوبوں کی خود نگرانی کروں گا۔ انہوں نے گلگت تک موٹر وے بنانے‘ ائرپورٹ کی توسیع اور الیکٹرک بسیں چلانے کا بھی اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ گلگت سی پیک کا مرکز ہے، پوچھنا چاہتا ہوں گلگت کو نظرانداز کیوں کیا گیا۔ ٹوٹی سڑکیں دیکھ کر دکھ ہوتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان میں شروع ہونے والے نئے منصوبوں کی خود نگرانی کروں گا، ووٹ دیں یا نہیں، یہاں کے مسائل کے حل کے لیے شہباز شریف سے بات کروں گا۔ طلبہ کو سکالرشپس دی جائیں گی، مزید لیپ ٹاپ دیے جائیں گے، میں وہ نوازشریف ہوں جو کسی پر تنقید کر کے کسی کی برائی کر کے ووٹ نہیں مانگتا ہم اپنی کارکردگی کی بنا پر ووٹ مانگتے ہیں۔ نواز شریف نے کہا کہ یہاں 20 گھنٹے لوڈشیڈنگ ہوتی ہے، یہ ہمیں منظور نہیں ہے، کسی اور کو منظور ہو تو ہو، یہ مجھے منظور نہیں ہے، میں جاکر شہباز شریف سے بات کروں گا، انہوں نے کہا کہ مجھے آپ نے کئی دفعہ دیس نکالا کیا ہے، مجھ سے گلہ نہیں کرو، یہ گلہ میں سننے کو تیار نہیں ہوں، یہ قصور آپ کا بھی ہے کہ مجھ جیسے بندے کو دیس نکالا کیوں ہونے دیا۔ نواز شریف نے کہا کہ کیوں مجھے جیلوں میں ڈالا گیا، کیوں مجھے دیس چھوڑ کر جانا پڑا، یہ بھی سوچنے والی ہے، میں اس پر بات نہیں کرنا چاہتا لیکن یہ بھی حقیقت ہے، ہم تمام سٹیک ہولڈرز کو بٹھا کر اس مسئلے کو حل کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں ہمارے علاوہ کسی جماعت نے ادھر کام نہیں کیا، یہاں کی سڑکوں کا حال دیکھ کر بہت دکھ ہوتا ہے۔ میں کسی جماعت کے خلاف بات نہیں کرنا چاہتا، لیکن پوچھنا چاہتا ہوں کہ کیوں چیزوں کونظر انداز کیا۔ میرا دل روتا ہے کہ آپ لوگوں کی سہولتوں کے لیے کیوں پیسا نہیں لگایاگیا، وہ پیسا کہاں گیا؟ یہاں ہسپتال بنایا تو ہم نے بنایا، ہائیڈل پاور پلانٹس ہم نے لگائے، نگر کا منصوبہ ہم نے مکمل کیا، مجھے بتائیں کسی اور پارٹی نے کوئی کام کیا ہو۔