کراچی، جشنِ عید میلاد النبیؐ، شہر بھر میں جلوسوں کا روح پرور سلسلہ جاری
اشاعت کی تاریخ: 5th, September 2025 GMT
کراچی:
شہرِ قائد میں جشنِ عید میلاد النبیؐ کے سلسلے میں مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ جلوسوں کا سلسلہ جاری ہے۔
مختلف علاقوں سے نبی کریم ﷺ کی ولادت باسعادت کی خوشی میں جلوس نکالے جا رہے ہیں، جن میں ہر عمر کے افراد بڑی تعداد میں شریک ہیں۔
گلبہار نمبر 1 میں واقع مدرسہ حبیبیہ سے ربیع الاول کا مرکزی جلوس برآمد ہوا، جس میں بچوں، بزرگوں اور نوجوانوں سمیت شہریوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔
شرکاء درود و سلام پڑھتے اور نعتیں سناتے ہوئے اپنے محبوب ﷺ سے عقیدت کا اظہار کرتے رہے۔
جلوس میں برقی قمقوں سے سجی بگیاں، گاڑیاں اور دیگر رنگ برنگی روشنیاں عوام کی توجہ کا مرکز بنیں۔
مختلف گاڑیوں کو نہایت خوبصورتی سے سجایا گیا تھا، جنہوں نے جلوس کو ایک دیدہ زیب منظر میں بدل دیا۔
جلوس کے باعث لسبیلہ سے رضویہ جانے والی سڑک کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا۔ ٹریفک پولیس کی جانب سے شہریوں کو متبادل راستے اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ آمد و رفت میں خلل کم سے کم ہو۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
کراچی، فائرنگ کے دو مختلف واقعات میں دو افراد جاں بحق
کراچی:شہرِ قائد میں فائرنگ کے دو مختلف واقعات میں دو افراد جاں بحق ہوگئے.
پہلا واقعہ بلدیہ ٹاؤن کی نواب کالونی میں پیش آیا جہاں ڈاکوؤں نے مزاحمت پر نوجوان افتخار کو گولی مار کر ہلاک کردیا۔
لواحقین کے مطابق مقتول افتخار موبائل مارکیٹ میں کام کرتا تھا اور پانچ بھائیوں میں سب سے چھوٹا تھا۔
وہ گزشتہ روز بھی دکان پر گیا تھا اور شادی کی تقریب میں شرکت کے لیے دکان سے جلدی نکلا تھا۔
راستے میں ڈاکوؤں نے اسے روکنے کی کوشش کی، تاہم افتخار نے اسلحہ دیکھ کر رکنے کے بجائے فرار ہونے کی کوشش کی تو ملزمان نے سر پر گولی ماردی جس سے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔
واقعے کے بعد علاقے میں شدید کشیدگی پھیل گئی اور اہلِ علاقہ نے ملزمان کی گرفتاری کا مطالبہ کیا۔
دوسرا واقعہ یونیورسٹی روڈ پر پی ایس او پمپ کے قریب پیش آیا، جہاں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 20 سالہ عبداللہ جاں بحق ہوگیا۔
چھیپا کے مطابق مقتول کی لاش عباسی شہید اسپتال منتقل کردی گئی ہے۔