دریائے ستلج کا سیلابی ریلا بہاولنگر میں داخل، ہائی فلڈ الرٹ جاری
اشاعت کی تاریخ: 5th, September 2025 GMT
دریائے ستلج میں جاری اونچے درجے کے سیلاب کے باعث پنجاب کے ضلع بہاولنگرمیں شدید تباہی کا سامنا ہے۔
کمال چوک کے قریب سیم نالہ بند ٹوٹ گیا، جس کے نتیجے میں بستی بہاون شاہ، آبادی قادری مل، قمر دین بودلہ اور دیگر علاقے سیلابی ریلے کی لپیٹ میں آگئے۔
پانی کے بہاؤ میں تیزی سے اضافہ جاری ہے اور ضلع بہاولنگر کو ملک بھر سے ملانے والی مین شاہراہ زیرآب آنے کا سنگین خطرہ پیدا ہو گیا ہے۔
ہیڈ گنڈا سنگھ سے بھارت کی جانب سے آنے والے نئے سیلابی ریلے نے ہیڈ سلیمانکی پہنچنا شروع کر دیا ہے، جہاں پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
دریائے ستلج میں پانی کی آمد ایک لاکھ 42 ہزار کیوسک سے زائد ریکارڈ کی گئی، جس کے باعث بابا فرید پل اور بھوکاں پتن پل کے نیچے بھی پانی کی سطح بلند ہونے لگی ہے۔
سیلاب سے متاثرہ دریائی بیلٹ میں تقریباً 130 مواضعات، سینکڑوں بستیاں اور 160,000 سے زائد آبادی متاثر ہوگئی ہے۔
متاثرین کی اپنی مدد آپ کے تحت ایک لاکھ 10 ہزار سے زائد افراد نقل مکانی کر چکے ہیں، جبکہ 50,000 سے زائد جانور محفوظ مقامات پر منتقل کیے گئے ہیں۔
ضلعی انتظامیہ نے 19 فلڈ ریلیف کیمپس قائم کیے ہیں، جہاں متاثرین کو کھانا، طبی سہولیات اور جانوروں کے لیے چارہ فراہم کیا جا رہا ہے۔
ایک لاکھ ایکڑ سے زائد کھڑی فصلیں اور ہزاروں رہائشی مکانات پانی کی نذر ہو چکے ہیں، جبکہ دریائی بیلٹ میں بجلی کا نظام معطل ہو گیا ہے۔
مزید برآں، ضلعی انتظامیہ نے دریائی علاقے کے 34 اسکولز کو غیر معینہ مدت کے لیے بند کرتے ہوئے ہائی فلڈ الرٹ جاری کیا ہے۔ ریسکیو 1122 کی ٹیمیں آپریشن میں مصروف ہیں اور 3,500 سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے۔
پانی کے تیز بہاؤ کی وجہ سے رابطہ سڑکیں بہہ گئی ہیں، درجنوں بستیوں کے زمینی راستے منقطع ہو چکے ہیں، اور ہزاروں افراد گھروں میں محصور ہیں۔
ضلعی انتظامیہ نے متاثرہ علاقوں کے مکینوں کو فوری نقل مکانی کی ہدایت کرتے ہوئےامدادی سرگرمیاں تیز کردی گئی ہیں تاکہ کھانے پینے کی اشیا، دواؤں اور جانوروں کے چارے کی قلت کو پورا کیا جا سکے۔
آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں
بہاولنگر پنجاب دریائے ستلج ہائی فلڈ الرٹ.
ذریعہ
ذریعہ: WE News
کلیدی لفظ: بہاولنگر دریائے ستلج دریائے ستلج پانی کی گیا ہے
پڑھیں:
چین کا ایک اور کامیاب خلائی مشن، 5 سیٹلائٹس مقررہ مدار میں داخل
چین نے اپنی خلائی سرگرمیوں میں ایک اور اہم کامیابی حاصل کرتے ہوئے جمعہ کے روز لیجیان-1 وائی 15 کیریئر راکٹ کے ذریعے 5 مصنوعی سیٹلائٹس کامیابی سے خلا میں بھیج دیے۔
چینی حکام کے مطابق راکٹ کو مقامی وقت کے مطابق صبح 7 بج کر 33 منٹ پر شمال مغربی چین میں واقع ڈونگ فینگ کمرشل اسپیس انوویشن پائلٹ زون سے لانچ کیا گیا۔
کامیاب پرواز کے بعد راکٹ نے تمام 5 سیٹلائٹس کو ان کے مقررہ مدار میں پہنچا دیا، جس کے ساتھ مشن اپنے تمام اہداف حاصل کرنے میں کامیاب رہا۔
اس موقع پر جاری بیان میں کہا گیا کہ تمام سیٹلائٹس منصوبہ بندی کے مطابق اپنے مخصوص مدار میں داخل ہو گئے ہیں، جس سے لانچنگ کی کامیابی کی تصدیق ہوگئی۔
یہ مشن چین کے تجارتی خلائی پروگرام کی مسلسل پیش رفت کا مظہر ہے، حالیہ برسوں میں چین نے سیٹلائٹ لانچنگ، خلائی تحقیق اور تجارتی خلائی سرگرمیوں میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں اور ملک اپنے خلائی پروگرام کو مزید وسعت دینے کے لیے مختلف راکٹ مشنز اور سیٹلائٹ منصوبوں پر کام جاری رکھے ہوئے ہے۔
ماہرین کے مطابق اس نوعیت کے کامیاب مشنز نہ صرف چین کی لانچنگ صلاحیتوں کو مزید مضبوط بناتے ہیں بلکہ تجارتی خلائی صنعت کی ترقی اور مستقبل کے خلائی منصوبوں کے لیے بھی اہم سنگ میل تصور کیے جاتے ہیں۔
آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں
چین خلائی مشن سیٹلائٹ مدار