بھارتی فلم انڈسٹری کے مقبول اداکار انتقال کرگئے
اشاعت کی تاریخ: 6th, September 2025 GMT
بالی ووڈ کی کئی کامیاب فلموں میں اپنی شاندار اداکاری سے پہچان بنانے والے اداکار آشیش ورنگ دنیا سے رخصت ہوگئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق آشیش کا انتقال جمعہ کو ہوا، ان کی عمر 55 برس تھی۔ موت کی وجہ تاحال واضح نہیں ہوسکی، تاہم بتایا جارہا ہے کہ وہ کچھ عرصے سے علیل تھے۔
آشیش ورنگ نے متعدد یادگار فلموں میں معاون کردار نبھائے۔ ان کی فلموں کی فہرست میں سوریا ونشی، مردانی، سمبا، سرکس اور ایک ولن ریٹرنز جیسی مقبول فلمیں شامل ہیں۔ خاص طور پر پولیس افسر کے کردار میں ان کی اداکاری کو فلم بینوں نے بے حد سراہا۔
فلموں کے علاوہ وہ مراٹھی ٹی وی ڈراموں اور اشتہارات میں بھی نظر آتے رہے، جہاں ان کی موجودگی نے بھی ناظرین کو متاثر کیا۔ اپنے فنی سفر میں انہوں نے بالی ووڈ کے بڑے ستاروں کے ساتھ کام کیا، جن میں امیتابھ بچن، عامر خان، رانی مکھرجی، اجے دیوگن، اکشے کمار، کترینہ کیف، رنویر سنگھ اور مشہور ہدایت کار روہت شیٹی شامل ہیں۔
ان کے اچانک انتقال کی خبر نے نہ صرف فلم انڈسٹری بلکہ مداحوں کو بھی گہرے صدمے میں ڈال دیا ہے۔ ساتھی فنکاروں نے ان کی فنی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ آشیش ورنگ اپنے کرداروں کے ذریعے ہمیشہ یاد رکھے جائیں گے۔
TagsShowbiz News Urdu.
ذریعہ: Al Qamar Online
پڑھیں:
معروف بھارتی اداکار سائبر حملے کا شکار، ہیکرز نے کیا مطالبہ کیا؟
کناڈا فلم انڈسٹری کے مشہور اداکار اور ہدایتکار اوپیندرا راؤ اور ان کی اہلیہ پریانکا کا موبائل فون ایک سائبر حملے میں ہیک ہوگیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اوپیندرا راؤ اور ان کی اہلیہ پریانکا کا موبائل فون اس وقت ہیک ہوا جب انہیں ایک پیغـام موصول ہوا جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ ان کا ایک آن لائن آرڈر کسی مسئلے کے باعث ڈیلیور نہیں کیا جا سکا۔
اس پیغام میں دیے گئے مخصوص علامات والے نمبر پر کال کرنے کا کہا گیا تاکہ آرڈر ڈیلیور کروایا جاسکے۔ جب پریانکا اور اوپیندرا راؤ نے یہ نمبر ملایا تو ان کے موبائل فونز نے کام کرنا بند کر دیا اور دونوں کے فونز ہیک ہوگئے۔
ہیکرز نے دونوں کے موبائل میں موجود دوستوں اور اہل خانہ کے نمبرز پر پیغامات بھیج کر 55 ہزار روپے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ وہ کچھ ہی گھنٹوں میں یہ رقم واپس کردیں گے۔
یاد رہے کہ اوپیندرا راؤ نے واقعے کی اطلاع پولیس اور سائبر کرائم یونٹ کو کردی ہے جس پر ان کی جانب سے تحقیقات کی جارہی ہے۔