وزیراعظم کی این ڈی ایم اے کو صوبائی حکومتوں کے ساتھ تعاون کی ہدایت
اشاعت کی تاریخ: 8th, September 2025 GMT
اسلام آباد:
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ملک میں سیلابی صورتحال اور جاری ریسکیو اور امدادی اقدامات کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا، وزیراعظم نے این ڈی ایم اے کو صوبائی حکومتوں اور صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیوں کے ساتھ تعاون کی ہدایت کی۔
اجلاس میں چیئرمین این ڈی ایم اے نے وزیراعظم کو ملک بھر میں دریاؤں میں طغیانی، سیلابی ریلوں کی موجودہ صورتحال اور سیلاب سے متاثرہ شہریوں کے لیے امدادی کاروائیوں کے حوالے سے بریفنگ دی۔
وزیراعظم نے این ڈی ایم اے کو ملک میں جاری امدادی کارروائیوں کو تیز کرنے اور بڑھتی ہوئی طغیانی سے ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر امدادی کارروائیوں کی تیاری مکمل رکھنے کی ہدایت کی۔
وزیرِ اعظم نے دریاؤں کی ملحقہ آبادیوں اور ممکنہ خطرے سے دوچار علاقوں میں پیشگی اطلاع اور بروقت انخلاء کے حوالے سے بھی مکمل تیاری کی ہدایت کی۔
وزیراعظم نے این ڈی ایم اے کو صوبائی حکومتوں اور صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیوں کے ساتھ مکمل تعاون برقرار رکھنے کی ہدایت کی اور کہا کہ سیلاب میں لاپتا افراد کی تلاش کا عمل تیز کیا جائے۔
وزیراعظم کو ملک میں سیلاب کی وجہ سے نقل مکانی پر مجبور افراد اور ریسکیو کارروائیوں کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی اور بتایا گیا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے لیے امدادی سامان کے قافلے تسلسل سے بھیجے جا رہے ہیں۔
بریفنگ میں دریائے چناب، راوی اور ستلج میں تریموں بیراج، پنجند بیراج، ہیڈ بلوکی، ہیڈ سدھنائی، گنڈا سنگھ والا، ہیڈ سلیمانکی اور ہیڈ اسلام میں شدید طغیانی کی صورتحال سے آگاہ کیا گیا۔
.
ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: ڈی ایم اے کو کی ہدایت کی کے حوالے سے
پڑھیں:
سندھ میں ڈینگی کے بڑھتے کیسز، پی ڈی ایم اے کا امدادی سامان روانہ
کراچی (اسٹاف رپورٹر)پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کی جانب سے ڈینگی کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیشِ نظر صوبے بھر میں امدادی سامان روانہ کیا گیا ہے۔ کراچی سے ترجمان کے مطابق ڈپٹی کمشنرز کی درخواست پر امدادی سامان کی فراہمی کا عمل جاری ہے۔
ترجمان نے کہا ہے کہ جامشورو ڈی ڈی ایم اے کو 6 ہزار مچھر دانیاں، 16 وہیل چیئرز اور 3 فوگنگ مشینز دی گئی ہیں، ٹنڈوالہٰ یار اور سانگھڑ کے ڈی ڈی ایم ایز کو 5، 5 ہزار مچھر دانیاں فراہم کی گئی ہیں۔ترجمان کے مطابق ڈائریکٹر جنرل پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی و مشیر برائے بحالی کی ہدایات پر امدادی سامان فراہم کیا جا رہا ہے، متاثرہ اضلاع کو فوری ریلیف کی فراہمی کے لیے پی ڈی ایم اے متحرک ہے۔