وزیراعلیٰ کی ہدایت پر مریم اورنگزیب کا بلوچ واہ بند کا دورہ، شگاف کی فوری مرمت کی ہدایت
اشاعت کی تاریخ: 11th, September 2025 GMT
ملتان:
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر سینئر منسٹر مریم اورنگزیب رات گئے صوبائی وزرا کے ہمراہ جلال پور پیر والا کے نواحی علاقے بلوچ واہ بند پر پہنچیں۔
ان کا دورہ سیلابی صورتحال کے باعث بند میں پڑنے والے شگاف کا جائزہ لینے کے لیے کیا گیا۔
سینئر منسٹر نے بستی بہاراں کے قریب متاثرہ بند کا دورہ کیا جہاں سیلابی دباؤ سے شگاف پڑ چکا تھا۔ انہوں نے موقع پر موجود افسران سے شگاف کی نوعیت، متاثرہ آبادی اور جاری مرمتی کاموں کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔
دورے کے دوران صوبائی وزیر آبپاشی کاظم پیر زادہ اور سیکرٹری آبپاشی نے مریم اورنگزیب کو تفصیلی بریفنگ دی۔ حکام نے مرمتی کاموں کی رفتار، مشینری کی دستیابی اور حفاظتی اقدامات سے آگاہ کیا۔
مریم اورنگزیب نے متعلقہ حکام کو ہدایت جاری کی کہ بند کے شگاف کو جلد از جلد مکمل کیا جائے تاکہ نزدیکی آبادی کو ممکنہ خطرات سے بچایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ متاثرہ علاقوں کی حفاظت حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
اس موقع پر صوبائی وزراء خواجہ سلمان رفیق، رانا سکندر حیات اور پارلیمانی سیکرٹری ضیاء اللہ شاہ بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: مریم اورنگزیب
پڑھیں:
طوفانی سیلاب سے عوام شدید مشکلات کا شکار ہیں، حکومت فوری اقدامات اٹھائے، کاظم میثم
ممبر گلگت بلتستان اسمبلی نے ایک بیان میں کہا کہ صوبائی اور وفاقی حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں مشکل کی اس گھڑی میں عوام کے شانہ بشانہ کھڑے ہوں اور متاثرین سیلاب کو ریلیف دینے اور بحالی کے لیے جامع منصوبہ بندی کے ساتھ اقدامات اٹھائیں۔ اسلام ٹائمز۔ سابق اپوزیشن لیڈر و ممبر گلگت بلتستان اسمبلی کاظم میثم نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ پورے گلگت بلتستان میں طوفانی سیلاب اور دریائی کٹاو سے عوام شدید مشکلات کے شکار ہیں، وفاقی اور صوبائی حکومت کو فوری اقدامات اٹھاتے ہوئے ریلیف اور بحالی کے لیے کام تیز کرنے کی ضرورت ہے۔ سکردو میں دریائی کٹاو کے سبب سترانگلونگما کواردو اور حوطو رنگاہ کے عوام شدید مشکلات کے شکار ہیں۔ زرعی اراضی اور درخت دریا برد ہو رہے ہیں لیکن تاحال کوئی ہنگامی بنیادوں پر بحالی کے لیے کوئی کام نہیں ہوا ہے۔ ضلعی انتظامیہ اور جی بی ڈی ایم اے کو کواردو حوطو رنگاہ اور رزسنا رنگاہ کے دریائی کٹاو روکنے کے لیے فوری اقدامات اٹھانا چاہیے۔ گزشتہ مہینے آنے والے شگریخورد میں سیلاب متاثرین کی بحالی کے بھی تاحال اقدامات نہیں اٹھائے گئے ہیں۔ جس کے سبب عوام میں شدید تشویش پائی جاتی ہے۔ کاظم میثم نے مزید کہا کہ طوفانی سیلاب کے سبب تقریبا تمام اضلاع میں تباہ کاریاں ہوئی ہیں اور شاہراہوں کی بندش کے سبب بھی مشکلات کے شکار ہیں۔ صوبائی اور وفاقی حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں مشکل کی اس گھڑی میں عوام کے شانہ بشانہ کھڑے ہوں اور متاثرین سیلاب کو ریلیف دینے اور بحالی کے لیے جامع منصوبہ بندی کے ساتھ اقدامات اٹھائیں۔