قطر پر اسرائیلی حملہ: او آئی سی وزرائے خارجہ آج دوحہ میں سر جوڑ کر بیٹھیں گے
اشاعت کی تاریخ: 14th, September 2025 GMT
دوحہ: قطر پر اسرائیلی حملے کے خلاف اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے وزرائے خارجہ کا ہنگامی اجلاس آج دوحہ میں ہوگا۔ اجلاس میں مسلم ممالک کے وزرائے خارجہ شریک ہوں گے اور پاکستان کی نمائندگی وزیر خارجہ اسحٰق ڈار کریں گے۔
اجلاس میں ممکنہ طور پر اسرائیلی جارحیت کے جواب میں مشترکہ لائحہ عمل اپنانے اور ایک قرارداد کی منظوری متوقع ہے۔ حکام کے مطابق یہ قرارداد کل ہونے والے او آئی سی سربراہی اجلاس کے لیے پیش کی جائے گی۔
سربراہی اجلاس پیر 15 ستمبر کو ہوگا جس میں وزیراعظم شہباز شریف بھی اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ شرکت کریں گے۔ وزیراعظم اس سے قبل اظہارِ یکجہتی کے طور پر قطر کا ایک روزہ دورہ بھی کر چکے ہیں۔
قطر کی وزارتِ خارجہ کے مطابق اس اجلاس میں اسرائیلی حملے پر باضابطہ قرارداد کے مسودے پر غور کیا جائے گا۔ وزارتِ خارجہ کے ترجمان ماجد بن محمد الانصاری نے کہا کہ یہ کانفرنس عرب اور اسلامی دنیا کی وسیع تر یکجہتی اور قطر کے ساتھ اظہارِ حمایت کی علامت ہے۔
ذریعہ: Express News
پڑھیں:
وزیراعظم عرب اسلامی سربراہی اجلاس میں شرکت کیلئے آج دوحہ روانہ ہونگے
اسلام آباد(نیوز ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف عرب اسلامی سربراہی اجلاس میں شرکت کیلئے آج دوحہ روانہ ہوں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اجلاس اسرائیلی فضائی حملوں اور فلسطین کی صورتحال پر بلایا گیا، اجلاس پاکستان کے تعاون سے بلایا گیا، او آئی سی رکن ممالک کے سربراہان اجلاس میں شریک ہوں گے۔
دفتر خارجہ کے مطابق وزیرخارجہ اسحاق ڈار گزشتہ روز وزرائے خارجہ اجلاس میں شریک ہوئے، پاکستان نے قطر اور دیگر ممالک پر اسرائیلی جارحیت کی مذمت کی، وزیراعظم شہباز شریف 11 ستمبر کو دوحہ کا دورہ کرچکے ہیں۔
دفتر خارجہ نے مزید بتایا کہ وزیراعظم نے قطری قیادت سے ملاقات میں مکمل یکجہتی کا اظہار کیا تھا، پاکستان قطر کی سلامتی و خودمختاری کے تحفظ کے لئے پرعزم ہے، مشرقِ وسطیٰ میں امن و استحکام کے لئے پاکستان کی کوششیں جاری رہیں گی۔
Post Views: 4