جمہوریت عوام کی طاقت اور ملک کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے, اسپیکر سردار ایاز صادق
اشاعت کی تاریخ: 14th, September 2025 GMT
جمہوریت عوام کی طاقت اور ملک کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے, اسپیکر سردار ایاز صادق WhatsAppFacebookTwitter 0 14 September, 2025 سب نیوز
اسلام آباد(آئی پی ایس) اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے عالمی یومِ جمہوریت کے موقع پر پاکستان کے جمہوری عزم، پارلیمانی استحکام اور عوامی شمولیت کے تسلسل کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ جمہوریت عوام کی طاقت، اجتماعی دانش، اور قومی ترقی و خوشحالی کی ضامن ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کا دن اُن تمام سیاسی کارکنوں، رہنماؤں اور صحافیوں کی قربانیوں کی یاد دلاتا ہے جنہوں نے جمہوریت کی بحالی اور بقا کے لیے جدوجہد کی۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پاکستان جمہوری جدوجہد کے نتیجے میں قائم ہوا، اور آئینِ پاکستان ہر شہری کو برابری، مذہبی آزادی، اظہارِ رائے اور شراکتی سیاست کے بنیادی حقوق فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام بھی مشاورت، باہمی رائے اور عوامی شمولیت کی تعلیم دیتا ہے، اور انہی اصولوں کی روشنی میں جمہوری نظام عوامی نمائندگی پر قائم ہے۔
اسپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ پارلیمان عوامی امنگوں کا سپریم فورم ہے، جہاں قانون سازی، پالیسی سازی، اور حکومتی نگرانی کے ذریعے عوامی رائے کو عملی جامہ پہنایا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمان کی بالادستی، آئین کی مکمل پاسداری، ادارہ جاتی ہم آہنگی اور عوامی فلاح و بہبود جمہوری استحکام کی ضمانت ہیں۔
انہوں نے قائداعظم محمد علی جناحؒ کے 11 اگست کے تاریخی خطاب کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہر شہری کو مذہبی آزادی حاصل ہے اور ریاست کا تعلق فرد کے مذہب، ذات یا عقیدے سے نہیں ہوتا۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے سابق وزیرِ اعظم میاں محمد نواز شریف، سابق خاتون اول بیگم کلثوم نواز، سابق وزرائے اعظم شہید ذوالفقار علی بھٹو اور محترمہ بے نظیر بھٹو شہید سمیت دیگر سیاسی رہنماؤں کی ملک میں جمہوریت کی بحالی اور استحکام کے لیے قربانیوں اور جدوجہد کو خراج عقیدت پیش کیا۔
اسپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ جمہوری نظام حکومت عوام کو بااختیار بناتا ہے، اداروں کو جوابدہ کرتا ہے اور قومی ترقی کے لیے اجتماعی بصیرت فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کا دن اس عزم کی تجدید کا موقع ہے کہ ہم آئین، قانون، اور اداروں کے استحکام کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ انہوں نے تمام سیاسی جماعتوں پر زور دیا کہ وہ باہمی اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے قومی مفاد میں مشترکہ حکمتِ عملی اپنائیں۔
انہوں نے نوجوانوں کی جمہوری عمل میں شرکت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ قومی اسمبلی کی جانب سے شروع کیے گئے پارلیمانی اسٹڈیز پروگرام، انٹرن شپ پروگرامز، اور یوتھ پارلیمنٹرینز فورم جیسے اقدامات کا مقصد نوجوان نسل کو جمہوری عمل میں شامل کرنا اور قومی ترقی میں اُن کا کردار یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کی شمولیت جمہوریت کو نتیجہ خیز اور پائیدار بنانے میں بنیادی کردار ادا کرے گی۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے مزید کہا کہ پاکستان کی پارلیمان نے نہ صرف خواتین کے حقوق، مالیاتی شفافیت اور ماحولیاتی تحفظ جیسے اہم معاملات پر قانون سازی کی بلکہ وومنز پارلیمانی کاکس، پارلیمانی ٹاسک فورس برائے پائیدار ترقی کے اہداف (ایس ڈی جیز)، پارلیمانی کاکس برائے چائلڈ رائٹس، اور ینگ پارلیمنٹرینز فورم جیسے پارلیمانی پلیٹ فارمز کے ذریعے بین الجماعتی تعاون کو فروغ دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ فورمز پارلیمان میں تمام سیاسی جماعتوں کی شراکت کو ممکن بناتے ہیں، جو شراکتی جمہوریت اور گڈ گورننس کی اصل روح ہے۔
ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی، سید غلام مصطفیٰ شاہ نے بھی عالمی یوم جمہوریت کے موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ سابق وزرائے اعظم شہید محترم ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی جمہوریت کے لیے لازوال قربانیاں ہمارے لیے مشعلِ راہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت صرف ایک طرزِ حکمرانی نہیں بلکہ ایک نظریہ ہے جو عوامی حاکمیت، شہری آزادی اور آئینی بالادستی کو یقینی بناتا ہے۔
ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پارلیمان ایک ایسا ادارہ ہے جہاں مختلف سیاسی نظریات رکھنے والے نمائندگان مل کر قانون سازی کرتے ہیں۔ انہوں نے تمام پارلیمانی کاکسز کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ بین الجماعتی مکالمہ اور مشاورت ہی جمہوریت کا اصل حسن ہے، اور یہی راستہ پاکستان کے روشن اور پائیدار مستقبل کی طرف لے جاتا ہے۔
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
WhatsAppFacebookTwitter پچھلی خبرمحکمہ موسمیات کی ملک بھر میں مزید بارشوں کی پیشگوئی محکمہ موسمیات کی ملک بھر میں مزید بارشوں کی پیشگوئی فتنۃ الخوارج کی بڑھتی پریشانی اور خارجی سرغنہ کے ہولناک انکشافات منظرِ عام پر ایشیا کپ: پاک-بھارت ٹاکرا آج ہوگا، دبئی پولیس کا نسل پرستانہ فقروں پر سزاؤں کا انتباہ وفاقی حکومت کا مستقل اور کنٹریکٹ ملازمین کے بچوں کو وظائف دینے کا اعلان گڈو بیراج اور سکھر بیراج کے مقام پر پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ، سینکڑوں بستیاں زیرِ آب علی پور، ہیڈ پنجند پر پانی کی سطح میں کمی، بندبوسن میں ریسکیو کارروائیاں جاریCopyright © 2025, All Rights Reserved
رابطہ کریں ہماری ٹیم.ذریعہ: Daily Sub News
کلیدی لفظ: اسپیکر سردار ایاز صادق اسپیکر قومی اسمبلی نے انہوں نے کہا کہ ہوئے کہا کہ کے لیے
پڑھیں:
صدر مملکت اور وزیراعظم کا جمہوری اقدار کے تحفظ اور فروغ کا عزم
اسلام آباد(نیوز ڈیسک) صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے ملک میں جمہوری اقدار اور اصولوں کے تحفظ اور فروغ کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
عالمی یوم جمہوریت کے موقع پر اپنے الگ الگ پیغامات میں صدر مملکت اور وزیراعظم نے جمہوری اداروں کو مستحکم کرنے کیلئے مشترکہ کوششوں کی اہمیت پر زور دیا۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ جمہوریت سے ہی ہم سماجی و اقتصادی انصاف، آزادیِ اظہار، اور قانون کی حکمرانی کو یقینی بنا سکتے ہیں، جمہوریت ہی وہ نظام ہے جو شہریوں کو بااختیار بناتا ہے، بنیادی حقوق کا تحفظ کرتا ہے اور سیاسی، معاشی و سماجی شمولیت کو فروغ دیتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی سب سے بڑی جمہوری کامیابی 1973 کا آئین ہے جو مساوات اور انفرادی آزادیوں کی ضمانت فراہم کرتا ہے اور قومی یکجہتی کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے، جمہوریت صرف ایک عمل نہیں بلکہ ایک نظریہ ہے جو رواداری، مخالف آراء کے احترام اور انفرادی و اجتماعی حقوق کے تحفظ کو یقینی بناتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سیاسی تاریخ آزمائشوں سے بھرپور رہی ہے لیکن اسے ہمیشہ دوراندیش قائدین کی رہنمائی حاصل رہی ہے جن میں شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو نمایاں ہیں، جن کی قربانیوں نے جمہوری اداروں کی بحالی اور استحکام کی بنیاد رکھی، ان رہنماؤں کا ورثہ ہمیں جمہوری اقدار کے تسلسل کی جدوجہد کی یاد دلاتا ہے۔
صدر مملکت کا کہنا تھا کہ صرف جمہوری نظام کے ذریعے ہی مساوات، سماجی و اقتصادی انصاف، اظہارِ رائے کی آزادی اور قانون کی بالادستی کو یقینی بنایا جا سکتا ہے۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ آج ہمیں اپنے جمہوری اداروں کو مزید مضبوط بنانے، مؤثر اصلاحات کرنے اور اجتماعی طور پر جمہوریت کے استحکام کیلئے کام کرنے کی ضرورت ہے، انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ جمہوری اقدار کے فروغ اور تحفظ کی جدوجہد جاری رکھی جائے گی تاکہ جمہوریت ایک مضبوط، بااختیار اور جامع پاکستان کیلئے رہنما قوت بنی رہے۔
وزیراعظم شہباز شریف
وزیراعظم شہباز شریف کا اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ جمہوریت کا عالمی دن ہر سال 15 ستمبر کو دنیا بھر میں اقوام متحدہ کے تحت منایا جاتا ہے، یہ دن عالمی سطح پر جمہوریت کی نظام حکومت کے طور پر تنوع اور افادیت پر غور و فکر کا موقع فراہم کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جمہوریت بنیادی طور پر لوگوں کی آواز اور لوگوں کی نظام حکومت میں شمولیت کا نام ہے، پاکستان میں جمہوری نظام حکومت کے نشوونما میں 1973ء کے آئین کی کلیدی اور نمایاں حیثیت ہے، جمہوری اداروں میں پارلیمان کو بنیادی حیثیت حاصل ہے کیونکہ یہ ادارہ عوامی و ملکی مفاد کے تحفظ کیلئے ہر طرح کی قانون سازی کرنے کا مجاز ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ آئین پاکستان کے تحت پارلیمنٹ اجتماعی دانش کے مطابق عوامی افادیت کے قوانین پاس کرتی ہے جس پر حکومت عمل درآمد کرتی ہے، 1973ء کا آئین آرٹیکل 25 کے تحت پاکستان کے ہر شہری کے بنیادی حقوق کو تحفظ فراہم کرتا ہے اور ان کی قانون کے سامنے برابری کو یقینی بناتا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ شہریوں کی انفرادی سطح کے علاوہ آئین پاکستان، تمام صوبوں کو برابری کی حیثیت دیتے ہوئے وفاق میں مؤثر کردار ادا کرنے کی بنیاد رکھتا ہے، آئین پاکستان بنیادی حقوق کو نہ صرف بیان کرتا ہے بلکہ انہیں تحفظ فراہم کرتا ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ آئین پاکستان تمام شعبہ ہائے زندگی بالخصوص پارلیمنٹ میں عورتوں کی شمولیت کو بھی یقینی بناتا ہے اور اقلیتوں کی نمائندگی اور ان کے حقوق کے تحفظ کیلئے بھی خصوصی اقدامات ہمارے آئین میں درج ہیں، جن میں اقلیتوں کی پارلیمنٹ میں شمولیت سے لے کر انکی مذہبی آزادی کا تحفظ شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ آئین کے تحت بنیادی حقوق کا تحفظ، آزادی، سماجی برابری و برداشت، قانون کی حکمرانی اور قومی اتحاد سے کوئی بھی ملک اپنے مسائل حل کر سکتا ہے، دنیا کا کوئی بھی ملک عصر حاضر کے چیلنجز اور مشکلات سے مؤثر طور پر نبرد آزما صرف اسی طور پر ہو سکتا ہے جب بنیادی جمہوری اصولوں کی پیروی کی جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ عالمی سطح پر پاکستان اقوام متحدہ کے تحت اصولوں اور تمام عالمی معاہدوں میں جمہوری اقدار کی پاسداری اور فروغ کیلئے ہمیشہ کام کرتا رہا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ آج کے اہم دن پر پاکستان اس عزم کا اعادہ کرتا ہے کہ جمہوری اصولوں اور بنیادی حقوق کے تحفظ اور ترقی یافتہ مستقبل کی تعمیر کیلئے عوام، ادارے اور حکومت مل کر کام کریں گے۔
Post Views: 5