جاپان میں انوکھی شادی: 63 سالہ دلہن اور 31 سالہ دلہا؛ دلہن عمر میں ساس سے بھی بڑی
اشاعت کی تاریخ: 24th, September 2025 GMT
جاپان میں ایک غیر معمولی اور دلچسپ محبت کی کہانی نے سب کو حیران کردیا، جہاں 63 سالہ خاتون نے اپنے سے 32 سال کم عمر نوجوان سے شادی کرلی۔ دلچسپ امر یہ ہے کہ دلہن عمر میں دلہے کی والدہ سے بھی چھ سال بڑی ہیں۔
ہانگ کانگ کے ساؤتھ چائنا مارننگ پوسٹ کے مطابق یہ جوڑا اب مل کر ایک میرج ایجنسی چلا رہا ہے۔ ان کے مطابق ان کا رشتہ ایک انوکھے اتفاق سے شروع ہوا اور پھر غیر متوقع طور پر رومانوی تعلق میں ڈھل گیا۔
خاتون نے 48 سال کی عمر میں دو دہائیوں پر محیط شادی شدہ زندگی ختم کر دی اور اکیلے اپنے بیٹے کی پرورش کی۔ انہوں نے کتوں کے ساتھ زندگی گزاری اور پالتو جانوروں کے کپڑوں کا کاروبار بھی کیا۔ کبھی کبھار وہ ڈیٹنگ ایپس استعمال کرتی تھیں مگر کوئی رشتہ قائم نہ رہ سکا۔
اگست 2020 میں ٹوکیو کے ایک کیفے میں خاتون کو ایک کھویا ہوا موبائل فون ملا، جو اسی نوجوان کا تھا۔ فون واپس کرنے پر دونوں کی پہلی ملاقات ہوئی اور جلد ہی بات چیت کا سلسلہ گہری دوستی میں بدل گیا۔ ایک ہفتے بعد ان کی ٹرام میں دوبارہ ملاقات ہوئی، جہاں انہوں نے نمبرز کا تبادلہ کیا اور روزانہ رات گئے تک گفتگو کرنے لگے۔
نوجوان نے پہلی ہی ملاقات میں ایک پرچی خاتون کو تھمائی، جس پر لکھا تھا: ’’براہ کرم میری پرنسس بن جاؤ‘‘۔ تقریباً ایک ماہ بعد دونوں نے ایک دوسرے کو اپنی اصل عمریں بتائیں، مگر تب تک ان کا رشتہ اس قدر مضبوط ہو چکا تھا کہ عمر کی حقیقت نے کوئی فرق نہ ڈالا۔
خاتون کا بیٹا، جو دلہے سے چھ سال بڑا ہے، پہلے دن سے اس رشتے کے حق میں رہا اور اپنی والدہ کو مکمل تعاون فراہم کیا۔ تاہم نوجوان کی والدہ نے ابتدا میں مخالفت کی کیونکہ دلہن ان سے بڑی تھی، لیکن بیٹے کی محبت دیکھ کر آخرکار وہ بھی راضی ہوگئیں۔
یہ جوڑا دسمبر 2022 میں باضابطہ طور پر رشتہ ازدواج میں بندھا۔ تین برس بعد بھی دونوں ایک دوسرے کو محبت سے ’’پرنس‘‘ اور ’’پرنسس‘‘ کہہ کر پکارتے ہیں، گھریلو ذمے داریاں بانٹتے ہیں اور ایک دوسرے کو اپنی زندگی کی سب سے بڑی خوشی قرار دیتے ہیں۔
Post Views: 1.ذریعہ: Daily Mumtaz
پڑھیں:
اداکارہ نائمہ خان کا اشفاق احمد سے کیا رشتہ تھا؟ انکشاف
سینئر اداکارہ نائمہ خان نے انکشاف کیا ہے کہ ادیب اور ڈرامہ و افسانہ نگار مرحوم اشفاق احمد رشتے میں ان کے ماموں لگتے تھے۔اداکارہ نائمہ خان حال ہی میں ایک نجی ٹی وی کے شو میں شریک ہوئیں جس دوران انہوں نے میزبان وصی شاہ کے مختلف سوالات کے جوابات دیے۔دوران شو اداکارہ نے بتایا کہ ’ افسانہ نگار اشفاق احمد رشتے میں میرے ماموں لگتے تھے، وہ میری والدہ کے کزن تھے، میرا بچپن اشفاق احمد کی گود میں گزرا‘ ۔اداکارہ نے بتایا کہ’ جب میں نے اشفاق احمد سے شوبز میں دلچسپی کا ا ظہار کیا اور ان کی سفارش کی درخواست کی تو ان کا کہنا تھا کہ’ میرا بھیجا ہوا تو کچرا بھی رکھ لیا جائے گا لیکن اس طرح تم پر سفارشی کا لیبل لگ جائے گا، اداکاری اپنے بل بوتے پر کرنا میرے نام کا استعمال کرکے اداکاری مت کرنا، جب تمہارا اس انڈسٹری میں کوئی مقام بن جائے اس دن بتانا میں اشفاق احمد کی بھانجی ہوں‘ ۔نائمہ خان نے مزید بتایا کہ ’اشفاق احمد شادیوں کی تقریب میں شرکت سے گریز کرتے تھے کیوں کہ ان کا ماننا تھا کہ ان کی موجودگی کسی بھی تقریب کی توجہ ان کی طرف سمیٹ لیتی ہے لیکن انہوں نے میری شادی کی سالگرہ کی تقریب میں شرکت کی‘۔سینئر اداکارہ کہنا تھا کہ ’اشفاق احمد نے انتقال سے قبل مجھ سے خواہش کی تھی کہ میں اپنے گھر کچی لسی اور مختلف قسم کے آموں کی پارٹی کا انعقاد کروں لیکن اسی دوران میں بچوں کے ہمراہ چھٹیوں پر انگلینڈ چلی گئی اور ان کا انتقال ہوگیا، مجھے ان کی خواہش پوری نہ کرنے کا آج بھی دکھ ہے‘۔