بھارتی بورڈ نے 0-6 اور فائر سیلیبریشن پر پاکستانی کھلاڑیوں کی آئی سی سی سے شکایت کردی
اشاعت کی تاریخ: 25th, September 2025 GMT
بھارتی کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی سے پاکستانی کھلاڑیوں کی بھی شکایت کردی۔بھارتی میڈیا کے مطابق بی سی سی آئی کی جانب آئی سی سی کو ای میل لکھی گئی ہے جس میں پاکستانی کھلاڑیوں کی باضابطہ شکایت کرتے ہوئے فاسٹ بولر حارث رؤف اور صاحبزادہ فرحان کے خلاف سخت ایکشن لینے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق بی سی سی آئی کی ای میل میں کہا گیا ہےکہ صاحبزادہ فرحان اور حارث رؤف نے گراؤنڈ میں اشتعال انگیز اشارے کیے، حارث رؤف نے تماشائیوں کے کوہلی کوہلی کی آوازیں لگانے پر جیٹ کریش کے اشارے کیے اور 6 صفر کا نشان بنایا جب کہ صاحبزادہ فرحان نے 50 رنز مکمل ہونے پر گن فائر سیلی بریشن کی۔بھارتی کرکٹ بورڈ کی جانب سے میچ ریفری اینڈی ڈی پائی کرافٹ کو اس حوالے سے ویڈیو ثبوت بھی فراہم کیے گئے ہیں۔بھارتی کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ گراؤ نڈ میں یہ رویہ اسپرٹ آف دی گیم کے خلاف ہے لہٰذا کھلاڑیوں کے خلاف سخت ایکشن ہونا چاہیے۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
پڑھیں:
ایشیا کپ: یقین ہے فائنل میں بھارت سے پھر مقابلہ ہوگا، صاحبزادہ فرحان
قومی کرکٹ ٹیم کے اوپننگ بلے باز صاحبزادہ فرحان نے ایشیا کپ کے فائنل میں پھر سے پاک بھارت ٹاکرے کا امکان ظاہر کردیا۔
سری لنکا کے خلاف میچ سے قبل پریس کانفرنس میں صاحبزادہ فرحان کا کہنا تھا کہ ہمیں یقین ہے کہ ایشیا کپ کے فائنل میں بھارت کا دوبارہ سامنا کریں گے۔
بھارت کے خلاف سپر فور مرحلے کے میچ میں نصف سنچری اسکور کرنے کے بعد مخصوص انداز میں خوشی منانے پر ان کا کہنا تھا کہ میں شاذ و نادر ہی نصف سنچری کے بعد جشن مناتا ہوں۔ یہ خیال خود بخود ہی آگیا تھا کہ اس طرح جشن مناؤں، مجھے پروا نہیں کہ لوگ اس کے بارے میں کیا سوچ رہے ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ فخر زمان کے ساتھ بیٹنگ کرنے سے اعتماد ملا۔ آگے بھی اس کومبی نیشن کو برقرار رکھیں گے۔
یاد رہے پاکستان کو سپر فور مرحلے کے پہلے میچ میں بھارت کے خلاف شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
پاکستان ٹیم اپنا دوسرا میچ آج سری لنکا کے خلاف اور 25 ستمبر کو بنگلادیش کے خلاف کھیلے گی۔
سپر فور مرحلے میں ٹاپ ٹو ٹیمیں فائنل 28 ستمبر کو فائنل کھیلیں گی۔