وزیراعظم شہبازشریف کی امریکی صدر سے ملاقات، فیلڈ مارشل بھی شریک ہوئے
اشاعت کی تاریخ: 26th, September 2025 GMT
ویب ڈیسک: وزیراعظم شہبازشریف کی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے اہم ملاقات ہوگئی جس میں فیلڈمارشل سیدعاصم منیربھی شریک ہوئے۔
وائٹ ہاؤس میں ہونے والی ملاقات میں امریکی نائب صدر جے ڈی وینس اور وزیر خارجہ مارکو روبیو بھی شامل تھے، پاکستانی اور امریکی رہنماؤں کی ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی۔
ملاقات میں پاک امریکہ تجارتی تعلقات، توانائی کے منصوبے، موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات اور خطے کی اقتصادی ترقی پر بھی تفصیلی بات چیت ہوئی۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف نےاس موقع پر امریکا اور پاکستان کے درمیان تجارت بڑھانے پر زور دیا،انہوں نے آئی ٹی اور زراعت کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت بھی دی۔
وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا تھا کہ امریکی صدر سے ملاقات بہت اچھی رہی، پاکستان ایک بڑی ابھرتی ہوئی تجارتی منڈی ہے، پاکستان کی نوجوان آبادی اور ابھرتی ہوئی معیشت امریکا کیلئے بڑی تجارتی مارکیٹ ہے۔
امریکی صدر ٹرمپ نے پاکستان کے معاشی امکانات کی تعریف کی اور کہا امریکا پاکستانی معیشت کے استحکام کیلئے کردار ادا کرنے کوتیار ہے، دنیا دہشت گردی کے خاتمے میں پاکستان کی کوششوں کو تسلیم کرتی ہے، پاکستان کی سکیورٹی فورسز کی قربانیوں کو سراہتے ہیں۔
ملاقات سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ہمارے پاس ایک عظیم رہنما آ رہے ہیں، ہمارے پاس پاکستان کے وزیرِاعظم آ رہے ہیں اور پاکستان کے فیلڈ مارشل بھی،فیلڈ مارشل ایک بہت عظیم شخصیت ہیں اور وزیرِاعظم بھی، دونوں ہی اور وہ آ رہے ہیں بلکہ ہو سکتا ہے وہ اس وقت اسی کمرے میں موجود ہوں۔ملاقات سے پہلے واشنگٹن ڈی سی کے اینڈریوز ایئر بیس پہنچنے پر وزیرِاعظم شہبازشریف کا ریڈ کارپٹ پر امریکی ایئر فورس کے اعلیٰ عہدیدار نے استقبال کیا، وزیرِاعظم محمد شہبازشریف کا موٹرکیڈ امریکی سکیورٹی کے حصار میں ایئربیس سے روانہ کیا گیا۔
وزیراعظم محمد شہبازشریف نیویارک کے جان ایف کینیڈی ایئرپورٹ سے واشنگٹن کیلئے روانہ ہوئے تھے اورصدر ٹرمپ سے ملاقات کے بعد واپس نیویارک کیلئے روانہ ہوگئے ،وہ آج اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اجلاس سے خطاب کریں گے۔
آسٹریلوی کرکٹر ایلکس کیری کے والد چل بسے
.
ذریعہ
ذریعہ: City 42
کلیدی لفظ: وزیراعظم شہبازشریف اعظم شہبازشریف امریکی صدر پاکستان کے
پڑھیں:
دہشتگردی کے خاتمے تک فتنۃ الخوارج و فتنۃ الہندوستان کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی، فیلڈ مارشل
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں 20ویں نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے شرکا سے خطاب کیا اور کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے تک فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔
انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مسلسل کوششیں، عوام کی غیرمتزلزل حمایت کے ساتھ بلوچستان میں پائیدار امن کے قیام کو یقینی بنائیں گی۔
فیلڈ مارشل نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے خلاف کارروائیاں دہشت گردی اور اس کے سہولت کاروں کے مکمل خاتمے تک پوری قوت کے ساتھ جاری رہیں گی، پاکستان میں جہاں بھی دہشت گردوں کا انفرا اسٹرکچر ملکی سلامتی کے لیے خطرہ بنے گا، اسے ختم کرنے کے لیے اپنے غیرمتزلزل عزم پر قائم ہے۔
انہوں نے کہا کہ بیرونی سرپرستی میں کام کرنے والے پراکسی عناصر مسلسل بلوچستان میں بدامنی، عدم استحکام اور امن کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں تاہم مسلح افواج عوام کی یک جہتی اور ثابت قدمی کے ساتھ ان مذموم عزائم کو ناکام بنائیں گی۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے بلوچستان کو پاکستان کا فخر قرار دیا اور کہا کہ یہ صوبہ بے پناہ قدرتی وسائل، محب وطن، باصلاحیت اور باہمت عوام سے مالا مال ہے، جو بلوچستان کی اصل طاقت ہیں۔
فیلڈ مارشل نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں بلوچستان کی سماجی و معاشی ترقی کے لیے عوام دوست اور جامع منصوبوں پر عمل پیرا ہیں، جن کا مقصد صوبے کی تقدیر بدلنا ہے۔
انہوں نے قومی یک جہتی کے فروغ میں سول سوسائٹی، جامعات، میڈیا اور نوجوانوں کے مثبت کردار کو سراہا اور کہا کہ ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے اور روشن مستقبل کی بنیاد رکھنے کے لیے قومی اتحاد، استقلال اور مشترکہ کوششیں ناگزیر ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق جی ایچ کیو میں تقریب کے اختتام پر شرکا کے ساتھ تفصیلی سوال و جواب کا سیشن بھی منعقد ہوا، جس میں شرکا نے پاکستان کے استحکام، ترقی، امن اور خودمختاری کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔