بلاول بھٹو دودھ، شہد کی نہریں سندھ میں بہالیں، عظمیٰ بخاری کی پیپلز پارٹی پر تنقید
اشاعت کی تاریخ: 29th, September 2025 GMT
وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے پیپلز پارٹی پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلاول بھٹو جو دودھ اور شہد کی نہریں بہانا چاہتے ہیں، وہ سندھ میں بہالیں جہاں ان کے پاس مینڈیٹ ہے۔
پیپلز پارٹی کی رہنما شازیہ مری کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عقل کُل بننے کی کوشش مت کریں، ڈکٹیشن بھی آپ دے رہے ہیں، دھمکیاں بھی آپ دے رہے ہیں، جہاں آپ کا مینڈیٹ نہیں ہے وہاں خامخواہ ڈیڑھ گز کی مسجد بنانے کی کوشش نہ کریں۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ بلاول بھٹو جو دودھ اور شہد کی نہریں بہانا چاہتے ہیں، وہ سندھ میں بہالیں جہاں ان کے پاس مینڈیٹ ہے، پنجاب نے مریم نواز کو مینڈیٹ دیا اور انہیں معلوم ہے اپنے لوگوں کے مسائل کیسے حل کرنے ہیں اور وہ حل کر بھی رہی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت بی آئی ایس پی کے تحت 12,12 ہزار روپے تقسیم نہیں کرسکتی، ایسے لالی پاپ آپ سندھ کے عوام کو دیں، بی بی 2022 سے نکل آئیں یہ 2025 ہے۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
پنجاب کے معاملات میں مداخلت، پی پی آئینی اختیارات سے تجاوز کر رہی ہے‘ عظمیٰ بخاری
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 اکتوبر2025ء) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ کسی صوبے کے معاملات میں مداخلت غیر آئینی ہے، پیپلزپارٹی مسلسل پنجاب کے معاملات میں مداخلت کرکے آئینی اختیارات سے تجاوز کررہی ہے۔انہوں نے پیپلز پارٹی کے رہنمائوں کے بیانات پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جو ہر بات پر مرسو مرسو کرتے ہیں وہ صوبائیت کارڈ کھیل رہے ہیں، آپ یا تو اپنے حواس کھو بیٹھے ہیں یا مریم نواز کی مقبولیت سے خوفزدہ ہیں۔صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ دو ہفتے پہلے میڈیا پر آپ کو کوئی گھاس نہیں ڈالتا تھا، آج آپ پنجاب کے سیلاب متاثرین اور کسانوں پر فقرے بازی کر کے خبروں میں جگہ بنا رہے ہیں، سندھ میں آپ کی حکومت ہے آپ نے کسانوں سے گندم کیوں نہیں خریدی، اس کا جواب قوم کو دیں۔(جاری ہے)
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں رہتے ہوئے سندھ کے وڈیروں کی غلامی کب تک کرتے رہیں گے، پنجاب کا پانی زیر استعمال لانے کے لیے پنجاب کو کسی دوسرے صوبے سے اجازت لینے کی ضرورت نہیں، پنجاب کے تمام وسائل پر پہلا حق پنجاب کے عوام کا ہے۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ مریم نواز پنجاب کے کسانوں کو ان کے پانی کا حق ہر صورت دلائے گی، مریم نواز پنجاب کے عوام کے حق کی بات کرتی ہیں تو آپ کو تکلیف کیوں ہوتی ہے۔صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ جس صوبے میں پیپلزپارٹی کی 17سال سے حکومت وہاں مسائل کے انبار لگے ہیں، پنجاب یاد رکھے گا پنجاب کے عوام مشکل میں تھے تو پیپلز پارٹی نے ان کی مشکلات کا مذاق اڑایا، پنجاب کے عوام پیپلز پارٹی کا یہ منفی رویہ کبھی بھولیں گے نہیں۔