کراچی؛ سواری کی منتظر لڑکی کو ایک ہی ڈاکو نے چند لمحوں میں 2 مرتبہ لوٹ لیا
اشاعت کی تاریخ: 30th, September 2025 GMT
کراچی:
ماڈل کالونی میں سواری کے انتظار میں کھڑی لڑکی کو ایک ہی ڈاکو نے چند لمحوں میں 2 مرتبہ لوٹ لیا۔
گلی میں کھڑی لڑکی سے ڈکیتی کی واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔ ماڈل کالونی کے علاقے میں پیش آنے والے واقعے میں سواری کے انتظار میں کھڑی لڑکی کو موٹرسائیکل سوار ملزم نے خوفزدہ کیا اور موبائل فون چھین لیا۔
واردات کے فوراً بعد (ملزم کے جاتے ہی )لڑکی نے پولیس کو اطلاع دینے کے لیے پرس سے دوسرا موبائل نکالا، لیکن اسی اثنا میں فرار ہونے والا ڈاکو دوبارہ آ گیا اور اس نے لڑکی سے اس کا دوسرا موبائل فون اور پرس بھی چھین لیا۔
واردات سے متعلق رپورٹ ماڈل کالونی تھانے میں درج کرا دی گئی ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزم کو گرفتار کرنے کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
کراچی، شہر کے مختلف علاقوں میں دو پولیس مقابلے، 3 زخمی سمیت 4 ڈاکو گرفتار
کراچی:شہرِ قائد میں گزشتہ رات جرائم پیشہ عناصر کے خلاف پولیس نے بڑا ایکشن کرتے ہوئے مختلف علاقوں میں دو الگ الگ مبینہ مقابلوں میں 3 زخمی سمیت چار ڈاکوؤں کو گرفتار کر لیا گیا۔
پہلے مقابلے میں بوٹ بیسن پولیس نے چائنا پورٹ کے قریب گشت کے دوران مشکوک موٹر سائیکل سواروں کو روکا تو انہوں نے فائرنگ شروع کر دی جوابی کارروائی میں 2 ڈاکو زخمی ہو گئے۔
گرفتار ملزمان کی شناخت نور ولی، عبدالرحمان اور سعید اللہ کے نام سے ہوئی۔
زخمی ملزمان کو فوری طور پر چھیپا ایمبولینس کے ذریعے جناح ہسپتال منتقل کیا گیا جبکہ سعید اللہ کو تھانے لے جایا گیا۔
پولیس نے ملزمان سے دو 30 بور پستولیں، متعدد موبائل فونز اور نقدی برآمد کر لی۔
دوسرے مقابلے میں بن قاسم پولیس نے مہران ہائی وے پر گشت کے دوران مزاحمت کرنے والے ایک ڈاکو کو گولی مار کر زخمی حالت میں گرفتار کر لیا۔
ملزم کی شناخت ذوالفقار ولد غلام محمد کے نام سے ہوئی جسے طبی امداد کے لیے چھیپا ایمبولینس کے ذریعے جناح ہسپتال پہنچایا گیا۔
پولیس نے ملزم سے ایک پستول، موبائل فون، نقدی اور واقعہ میں استعمال ہونے والی موٹر سائیکل برآمد کر لی۔