وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی کو نون لیگ کی مکمل حمایت حاصل ہے، سلیم کھوسہ
اشاعت کی تاریخ: 2nd, October 2025 GMT
اپنے بیان میں مسلم لیگ (ن) کے صوبائی پارلیمانی لیڈر سلیم کھوسہ نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کو اس وقت وفاق اور ملک کی دونوں بڑی سیاسی جماعتوں کے قائدین کی بھرپور حمایت حاصل ہے۔ اسلام ٹائمز۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) بلوچستان کے پارلیمانی لیڈر و صوبائی وزیر سلیم احمد کھوسہ نے کہا ہے کہ بلوچستان گزشتہ دو دہائیوں سے گورننس اور امن و امان کے سنگین مسائل کا شکار رہا ہے۔ موجودہ مخلوط صوبائی حکومت نے گزشتہ دو برس کے دوران ایسے ٹھوس اقدامات اٹھائے ہیں جن کے مثبت اثرات عام آدمی کی زندگی میں نمایاں طور پر سامنے آنا شروع ہوگئے ہیں۔ ان اقدامات میں عوامی فلاح و بہبود، انفراسٹرکچر کی بہتری، نوجوانوں کے لیے ہنر مند پروگرام، صحت و تعلیم کے شعبوں میں سرمایہ کاری اور امن و امان کے قیام کے لیے مربوط پالیسی شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نہ صرف اپنی کابینہ اور اسمبلی کو فیصلوں میں شامل کرتے ہیں بلکہ اتحادی جماعتوں اور پارلیمنٹ سے باہر کی سیاسی قیادت کو بھی اعتماد میں لیتے ہیں، جس کی مثال ماضی میں نہیں ملتی۔ یہی طرز عمل بلوچستان کی پرانی سیاسی روایت اور مشاورت کی مضبوطی کا عکاس ہے۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان کو اس وقت وفاق اور ملک کی دونوں بڑی سیاسی جماعتوں کے قائدین کی بھرپور حمایت حاصل ہے۔ میاں محمد نواز شریف، وزیراعظم محمد شہباز شریف اور صدر آصف علی زرداری کی جانب سے وقتاً فوقتاً فراہم کی جانے والی رہنمائی صوبائی حکومت کے لیے راہنمائی کا باعث ہے، جبکہ مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنماؤں سردار ایاز صادق اور اسحاق ڈار بھی حکومتی پالیسیوں کو بہتر بنانے کے لیے مسلسل مشاورت فراہم کرتے ہیں۔ انہی رہنماؤں کی گائیڈ لائن کی روشنی میں بلوچستان کی مخلوط حکومت عوامی فلاح اور صوبے کی بہتری کے ایجنڈے کو آگے بڑھا رہی ہے۔ سلیم کھوسہ نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) بلوچستان صوبے کے عوام کی فلاح، ترقی اور امن کے ہر اقدام میں وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی کے ساتھ کھڑی ہے تاکہ صوبے کے عوام کو ایک پْرامن، خوشحال اور بہتر مستقبل دیا جا سکے۔
ذریعہ: Islam Times
کلیدی لفظ: سرفراز بگٹی نے کہا کہ مسلم لیگ کے لیے
پڑھیں:
بلوچستان حکومت پر اڑھائی کا فارمولہ طے ہوا ہے، نور محمد دمڑ کا دعویٰ
صوبائی وزیر نور محمد دمڑ نے دعویٰ کیا کہ اڑھائی سال کے فارمولے والی بات انہیں پاکستان مسلم لیگ ن کی اعلیٰ قیادت نے بتائی ہے۔ پارٹی کی اعلیٰ سطح پر میٹنگ کے بعد مزید تفصیلات عوام کے سامنے لائیں گے۔ اسلام ٹائمز۔ بلوچستان کے صوبائی وزیر خوراک و پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رکن اسمبلی نور محمد دمڑ کا دعویٰ ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے درمیان بلوچستان حکومت کے حوالے سے اڑھائی، اڑھائی سال کے فارمولے پر معائدہ ہوا ہے۔ پیپلز پارٹی کے اڑھائی سال مکمل ہونے کے بعد بلوچستان کی حکومت مسلم لیگ ن کو سونپی جائے گی۔ یہ بات نور محمد دمڑ نے کوئٹہ میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ اڑھائی سال کے فارمولے والی بات انہیں پاکستان مسلم لیگ ن کی اعلیٰ قیادت نے بتائی ہے۔ پارٹی کی اعلیٰ سطح پر میٹنگ کے بعد مزید تفصیلات عوام کے سامنے لائیں گے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت کے پاس یہ معاہدہ دستاویز کی شکل میں موجود ہے، تاہم اس پر عملدرآمد ایک الگ معاملہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) مشاورت کے بعد نئے وزیراعلیٰ کا نام سامنے لائے گی۔ واضح رہے کہ بلوچستان کی حکومت مخلوط حکومت ہے، جو پاکستان پیپلز پارٹی، مسلم لیگ (ن) اور بلوچستان عوامی پارٹی شامل ہیں۔ اس سے قبل بھی مسلم لیگ (ن) کے اراکین اور گورنر بلوچستان کی جانب سے یہ دعویٰ کیا گیا تھا کہ پیپلز پارٹی کے وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی کو اڑھائی سال بعد تبدیل کرکے مسلم لیگ (ن) کی حکومت بنے گی، تاہم پیپلز پارٹی کے اراکین نے ہمیشہ اس دعوے کو مسترد کیا ہے۔