اسرائیل کو تسلیم کرنے کا سوچا تو حکمرانوں کا نان نفقہ بند کردینگے، حافظ نعیم الرحمان
اشاعت کی تاریخ: 5th, October 2025 GMT
کراچی میں غزہ ملین مارچ سے خطاب میں امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ شہباز شریف حماس کی حمایت کریں ورنہ انہیں بھاگنے کیلئے ایئر لفٹ بھی میسر نہیں آئے گی۔ اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی کے تحت شاہراہ فیصل پر عظیم الشان غزہ ملین مارچ کا انعقاد کیا گیا جس میں خواتین اور بچوں سمیت عوام کا سمندر امڈ آیا۔ امیرجماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے غزہ ملین مارچ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے متنبہ کیا کہ اگر حکمرانوں نے اسرائیل کو تسلیم کرنے کا سوچا بھی تو انکا نان نفقہ بند کر دیں گے، شہباز شریف حماس کی حمایت کریں ورنہ انہیں بھاگنے کیلئے ایئر لفٹ بھی میسر نہیں آئے گی۔ حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ غزہ کے لوگ استقامت کا پہاڑ بنے ہوئے ہیں، اہل فلسطین مسلسل 2 سال سے مزاحمت کررہے ہیں، حماس نے یو این چارٹر کے مطابق ہتھیاراٹھائے ہیں، امریکا اسرائیل کو طاقت فراہم کرتا ہے، کراچی والوں کو بڑی تعداد میں مارچ میں شرکت پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔
امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ دنیا کو ایسی اقوام متحدہ کی ضرورت نہیں جس پر امریکا کی اجارہ داری ہے، امریکا کے کہنے پر اپنا موقف پیش نہ کرنا بزدلانہ عمل ہے، اسرایئل کو ناجائز طریقے سے فلسطین پر مسلط کیا گیا، وہاں ایک ہی ریاست ہے اور وہ فلسطین ہے، اسرایئل فلسطین پر قابض ہے۔ انہوں نے کہا کہ فلسطین کی ریاست کو قبول کیا جائے، اگر کوئی قوت موجود ہے تو وہ حماس ہے، حماس والے مذاکرات کی ٹیبل پر بھی لڑ رہے ہیں، ہتھیار بھی نہیں ڈالے ہیں، شہباز شریف دو ریاستی حل کی بات نہ کرو، ڈپلومیسی حماس سے سیکھ لو، فلسطینوں کی قربانیاں 66 ہزار تک پہنچ گئی ہیں، یہ قتل عام بے غیرت مسلم حکمرانوں اور افواج کی وجہ سے ہو رہا ہے۔
حافظ نعیم نے کہا کہ کچھ بے غیرت مسلم حکمرنوں نے اسرایئل کو تسلیم کرلیا ہے، کچھ بے غیرت مسلم حکمران اسرائیل کو تسلیم کرنے کا سوچ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں پوچھنا چاہتا ہوں کہ نون لیگ، پی پی پی اور پی ٹی آئی نے فلسطین کے حق میں کتنا احتجاج کیا۔ تحریک انصاف نے الیکشن جیتا، میں مانتا ہوں کہ عمران خان سیاسی قیدی ہیں، عمران خان جیل سے امریکا اور اسرایئل کی مخالفت اور فلسطین و حماس کی حمایت کریں۔ امیر جماعت اسلامی نے اپیل کی کہ طوفان الاقصیٰ کے دو سال مکمل ہونے پر 7 اکتوبر کو پورے ملک میں عوام اپنے گھروں سے باہر نکلیں اور صبح 11 بجے فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کریں۔
ذریعہ: Islam Times
کلیدی لفظ: جماعت اسلامی اسرائیل کو حافظ نعیم نے کہا کہ کو تسلیم
پڑھیں:
فلسطین تنازع کے حل کیلئے دو ریاستی فارمولہ قبول نہیں، حافظ نعیم الرحمان
لاہور:جماعت اسلامی پاکستان کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے مشتاق احمد سمیت غزہ جانے والے فلوٹیلا سے گرفتار افراد کی اسرائیل کی قید سے رہائی کے لیے کوششیں کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ دو ریاستی فارمولا قبول نہیں ہے۔
لاہور میں غزہ ملین مارچ سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ اسرائیل کو امریکا کی پشت پناہی حاصل ہے، حماس قانونی تحریک ہے، حماس پوری دنیا میں امید کی شمع روشن کر رہی ہے، حماس مزاحمت کی تحریک ہے۔
انہوں نے کہا کہ امریکا کا وجود کروڑوں انسانوں کی لاشوں پر قائم ہوا، ٹونی بلئیر عراق میں جنگی جنون میں ملوث ہیں، عراق میں جھوٹ کی بنیاد پر محاصرہ کیا جہاں امریکا اور برطانیہ نے قتل عام کیا، امریکا نے ہیروشیما پر بم گرایا لاکھوں جانیں نگل گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ نسل کشی کی تاریخ رکھنے والے امریکا مزاحمی تحریک کو دہشت گرد کہنے والے کون ہوتا ہے، اسرائیل نے قتل عام کیا، اسرائیل دہشت گردی کا تسلسل ہے اور اسرائیل کے خلاف کھڑے ہونے والے حق اور سچ پر ہیں۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ فلسطین میں بم باری ہورہی ہیں، ہمارے بچے اور جوان اسرائیلی بم باری کا مسلسل شکار ہیں، خواتین بچے ہر وقت بم باری کا شکار ہیں اور پورا غزہ ملبہ بن گیا ہے، جب غزہ کے لوگ کھانے کے لیے قطار میں کھڑے ہوتے ہیں تو ہمارے سر شرم سے جھک جاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مسلم دنیا حماس کے دفاتر اپنے ملکوں میں قائم کریں، غزہ میں کھانا پینا بند کردیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ اسرائیلی قیدی چھوڑنے کے لیے ٹائم فریم ہے فلسطینی قیدیوں کی رہائی کا ٹائم فریم نہیں، حماس کو سلام پیش کرتا ہوں انہوں نے بہتے خون اور لاشوں کو دیکھا، حالات کے تناظر میں کڑوے گھونٹ پیے ہیں اور حماس نے برابری کی سطح پر بات کی۔
انہوں نے کہا کہ ٹرمپ نے بم باری بند کرنے کا کہا تھا لیکن اسرائیل نے آج بھی بم باری کرکے فلسطینیوں کو شہید کیا۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ مسلم ملکوں پر قابضین براجمان ہیں ان سے قبضہ چھڑوانا ہے، پاکستان میں سیاست آزاد نہیں اور تجارت یرغمال ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ دو ریاستی فارمولہ قبول نہیں، دو ریاستی فارمولہ ریاست پاکستان کا نہیں ہے، ابراہیمی معاہدہ نہیں کرنے دیا جائے گا، اگر کسی ابراہیمی معاہدے کی طرف جانے کی قدم اٹھایا تو قوم راستہ روکے گی اور عوام کی طاقت آپ کو خاک میں ملا دے گی۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیل یا امریکا کی غلامی کا نہیں سوچیں اور حماس کی پشت پر کھڑے ہوں، امریکا نے پاکستان کو کچھ نہیں دیا اس نے صرف مہنگائی دی، ہماری معیشت امریکا کی وجہ سے خراب ہوئی ہے، امریکا زوال پذیر قوت ہے۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ دنیا میں طاقت کے مراکز تبدیل ہو رہے ہیں، آپ ٹرمپ کو نوبل انعام کے لیے سفارش کررہے ہیں آپ غلط کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ فلسطینی بھوک سے مررہے ہیں مگر مزاحمت کررہے ہیں، فلوٹیلا باطل امریکا اور اسرائیل کو بے نقاب کرتے ہیں، مشتاق احمد خان اسرائیل میں قید ہیں آپ ان کی رہائی کے لیے اسرائیل سے بات نہ کریں مگر ٹرمپ سے بات تو کرسکتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل نے فلوٹیلا سے تمام افراد کو قید کیا اور ان تمام افراد کو رہا کروایا جائے۔