بنگلادیش میں بینکوں پر 21 ،پاکستان میں 93 فیصد ٹیکس عائد ہے، سپریم کورٹ میں وکیل کے دلائل
اشاعت کی تاریخ: 8th, October 2025 GMT
اسلام آباد:
سپریم کورٹ میں کیس کی سماعت کے دوران وکیل فروغ نسیم نے دلائل میں بتایا کہ بنگلادیش میں بینکوں پر 21 جب کہ پاکستان میں 93 فیصد ٹیکس عائد ہے۔
سپر ٹیکس کیس کی سماعت سپریم کورٹ میں ہوئی، جس میں مختلف کمپنیوں کے وکیل فروغ نسیم نے اپنے دلائل دیتے ہوئے بتایا کہ بنگلا دیش میں بینکوں پر 21 فیصد جبکہ پاکستان میں 93 فیصد ٹیکس عائد ہے۔
فروغ نسیم نے مؤقف اختیار کیا کہ مختلف نوٹی فکیشنز کے ذریعے کسٹمز ڈیوٹی مقرر کی جاتی ہے جب کہ سیکشن 31 اے کے بعد درآمدات پر سیلز ٹیکس عائد نہیں کیا جا سکتا۔ انکم ٹیکس کا نظام گزشتہ 200 سال سے اسی طرز پر چل رہا ہے۔
دورانِ سماعت جسٹس امین الدین نے ریمارکس دیے کہ اخراجات کے بعد صورتحال واضح ہو جاتی ہے اور ٹیکس ریٹرن سے ہی ٹیکس دہندہ کی اصل پوزیشن سامنے آتی ہے۔
وکیل فروغ نسیم نے کہا کہ ان کا کھاتہ 10 ماہ پہلے بند ہو چکا، پھر ٹیکس کیسے لگایا جا سکتا ہے؟ جس پر جسٹس جمال مندوخیل نے ریمارکس دیے کہ آپ کہنا چاہتے ہیں باغ ختم نہ کریں، صرف پھل کھائیں؟
بعد ازاں سپریم کورٹ کے آئینی بینچ نے سُپر ٹیکس سے متعلق مقدمات کی سماعت کل تک کے لیے ملتوی کر دی۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: سپریم کورٹ ٹیکس عائد
پڑھیں:
وفاقی آئینی عدالت نے پولٹری فیڈ ملز سے 4 فیصد اضافی ٹیکس کی وصولی غیرقانونی قرار دے دی
وفاقی آئینی عدالت نے پولٹری فیڈ ملز سے 4 فیصد اضافی ٹیکس کی وصولی غیرقانونی قرار دے دی، وفاقی آئینی عدالت نے غیررجسٹرڈ پولٹری فارمز کو فیڈ سپلائی کرنے سے متعلق اہم فیصلہ جاری کر دیا.عدالت نے قرار دیا ہے کہ ٹیکس قانون کے سیکشن 31اے میں ابہام ہے۔
جسٹس عامر فاروق کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے فیصلہ جاری کر دیا. وفاقی آئینی عدالت نے فیصلے میں کہا حکومت نے غیررجسٹرڈ پولٹری فارمز کو فیڈسپلائی کرنے پر مل مالکان پر اضافی ٹیکس عائد کیا۔
اضافی ٹیکس سال 2024 کے فنانس ایکٹ کی مد میں وصول کیا جا رہا تھا،قانون کے مطابق پولٹری فارمز کو ٹیکس سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے،قانون کے مطابق استثنی ملنے پر پولٹری فارمز رجسٹریشن کے پابند نہیں ہیں۔
قانون غیررجسٹرڈ پولٹری فارمز کو مکمل تحفظ فراہم کرتا ہے،رجسٹریشن کی قانونی پابندی نہ ہونے پر پولٹری فارمز اور فیڈ ملز کو سزا نہیں دی جا سکتی،وفاقی آئینی عدالت نے لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا۔
لاہور ہائیکورٹ نے پولٹری فیڈ ملز سے 4% اضافی ٹیکس کی وصولی کو درست قرار دیا تھا.پولٹری فیڈ ملز مالکان نے اضافی ٹیکس کی وصولی کیخلاف عدالت سے رجوع کیا تھا۔