کراچی: معصوم بچوں کے سامنے باپ کو قتل کرنے والا ڈکیت گرفتار
اشاعت کی تاریخ: 8th, October 2025 GMT
کراچی:
اورنگی ٹاؤن میں ڈکیتی مزاحمت پر معصوم بچوں کے سامنے والد کو فائرنگ کرکے قتل کرنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔
ویسٹ پولیس کے مطابق 28 ستمبر کو محمد مصطفیٰ کالونی میں واردات کے دوران فائرنگ کرکے سجاد نامی شہری کو قتل کیا گیا تھا۔
واقعے کا مقدمہ الزام نمبر 314/2025 بجرم دفعہ 302/393/397/34 مقتول کے سسر کی مدعیت میں درج کیا گیا تھا۔
واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی جس میں ملزمان کو واضح طور پر فائرنگ کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔
پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج اور خفیہ اطلاع کی مدد سے کارروائی کرتے ہوئے ملزم محمد بلال ڈھیرہ ولد شاہ عالم کو گرفتارکرلیا۔
گرفتار ملزم سے واردات میں استعمال ہونے والا غیر قانونی اسلحہ بمعہ ایمونیشن، موبائل فون اور نقدی برآمد کرلی گئی۔
پولیس حکام کے مطابق گرفتار ملزم کے خلاف سندھ اسلحہ ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرکے تفتیش کا آغاز کردیا گیا ہے۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Express News
پڑھیں:
کوئٹہ، سرکاری دفاتر میں ایجنٹس کیخلاف ایف آئی اے کی کارروائی، 14 افراد گرفتار
ڈائریکٹر ایف آئی اے بلوچستان کے مطابق ملزمان مبینہ طور پر برتھ سرٹیفکیٹس، قومی شناختی کارڈز، پاسپورٹس اور دیگر سرکاری دستاویزات کے حصول کیلئے غیر قانونی طریقے سے سہولت فراہم کرتے اور شہریوں سے رقوم وصول کرتے تھے۔ اسلام ٹائمز۔ وفاقی تحقیقات ادارے ایف آئی ای نے کوئٹہ شہر میں مختلف وفاقی اداروں کے مبینہ ایجنٹس کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 14 افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔ ڈائریکٹر ایف آئی اے بلوچستان بہرام مندوخیل کے مطابق کارروائی کے دوران نادرا، سوئی سدرن گیس کمپنی، پاسپورٹ آفس اور میٹروپولیٹن کارپوریشن سے متعلق مبینہ ایجنٹس کو حراست میں لیا گیا ہے، جو شہریوں کو مختلف سرکاری امور میں غیر قانونی سہولت کاری فراہم کرنے میں ملوث تھے۔ انہوں نے بتایا کہ گرفتار ملزمان مبینہ طور پر برتھ سرٹیفکیٹس، قومی شناختی کارڈز، پاسپورٹس اور دیگر سرکاری دستاویزات کے حصول کے لئے غیر قانونی طریقے سے سہولت فراہم کرتے اور شہریوں سے رقوم وصول کرتے تھے۔
ڈائریکٹر ایف آئی اے نے کہا کہ گرفتار ملزمان سے تفتیش جاری ہے اور ابتدائی تحقیقات کی روشنی میں ان کے نیٹ ورک میں شامل دیگر افراد کی نشاندہی کی جا رہی ہے۔ امید ہے کہ مزید گرفتاریاں بھی عمل میں آئیں گی۔ بہرام مندوخیل نے کہا کہ ایف آئی اے سرکاری اداروں میں بدعنوانی، جعلسازی اور غیر قانونی سہولت کاری کے خاتمے کے لئے کارروائیاں جاری رکھے گی اور قانون شکنی میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی۔