راولپنڈی، پولیس آپریشن میں انتہائی مطلوب 3 افغان دہشت گرد ہلاک، ایک گرفتار
اشاعت کی تاریخ: 8th, October 2025 GMT
راولپنڈی:
تھانہ صدر واہ کے علاقے میں پولیس اور انتہائی خطرناک ملزمان کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں انتہائی مطلوب افغان دہشت گرد آدم خان سمیت تین ملزمان ہلاک، جبکہ ایک زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق، پشاور اور راولپنڈی پولیس کی مشترکہ ٹیم نے نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں خفیہ اطلاع پر چھاپہ مارا۔ پولیس کو دیکھتے ہی ملزمان نے شدید فائرنگ شروع کر دی، جس پر اہلکاروں نے جوابی کارروائی کی۔
پولیس ترجمان کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں ہلاک ہونے والے تینوں ملزمان کی شناخت افغان دہشت گرد آدم خان، مجاہد افغانی اور محمد خان کے ناموں سے ہوئی ہے، جبکہ نور رحمت نامی ایک ملزم زخمی ہوا جسے حراست میں لے کر اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
حکام کے مطابق، ہلاک دہشت گرد آدم خان درجنوں سنگین مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھا اور اس نے پاکستانی شہریت کے جعلی دستاویزات بھی بنا رکھے تھے۔
واقعے کے بعد سینئر پولیس افسران جائے وقوعہ پر پہنچے شواہد اکٹھے کیے گئے اور علاقے میں پولیس نے ناکہ بندی کر کے سرچ آپریشن شروع کر دیا۔
سی پی او راولپنڈی سید خالد ہمدانی نے دلیرانہ کارروائی پر پولیس ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ شہریوں اور فورسز پر حملہ کرنے والے عناصر قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکتے۔ ان کا کہنا تھا کہ راولپنڈی پولیس عوام کے تحفظ کے لیے ہمہ وقت الرٹ ہے۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
کراچی، پولیس مقابلوں میں 4 ملزمان زخمی حالت میں گرفتار
کراچی:شہر قائد میں پولیس اور جرائم پیشہ عناصر کے درمیان دو مختلف مقامات پر ہونے والے مبینہ پولیس مقابلوں میں چار ملزمان زخمی حالت میں گرفتار کر لیے گئے۔
پولیس نے دونوں کارروائیوں میں اسلحہ اور موٹر سائیکلیں برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے، جبکہ زخمیوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
پہلا مبینہ مقابلہ ماڈل کالونی تھانے کی حدود میں نشتر آباد ریلوے پھاٹک کے قریب پیش آیا جہاں پولیس نے مشتبہ موٹر سائیکل سواروں کو روکنے کی کوشش کی۔
پولیس کے مطابق ملزمان نے رکنے کے بجائے فائرنگ کر دی جس کے جواب میں پولیس نے جوابی کارروائی کی۔
فائرنگ کے تبادلے کے بعد دو ملزمان رفیق الرحمن اور مہر محمد زخمی حالت میں گرفتار کیے گئے۔
پولیس نے ان کے قبضے سے دو پستول اور ایک موٹر سائیکل برآمد کی ہے۔
زخمی ملزمان کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا جبکہ ان کے خلاف مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔
دوسرا واقعہ خواجہ اجمیر نگری تھانے کی حدود میں نارتھ کراچی سیکٹر 5-B/3 میں پیش آیا، جہاں مشتبہ افراد کی موجودگی کی اطلاع پر پولیس نے کارروائی کی۔
وہاں بھی ملزمان نے پولیس پر فائرنگ کر دی جس کے بعد جوابی کارروائی میں آریان اور محمد علی نامی دو ملزمان زخمی ہو کر گرفتار کر لیے گئے۔
پولیس کے مطابق دونوں ملزمان کے قبضے سے اسلحہ اور ایک موٹر سائیکل برآمد ہوئی ہے۔
زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ مزید تفتیش اور کریمنل ریکارڈ کی جانچ پڑتال جاری ہے۔