پشاور پولیس کی بڑی کارروائی، دہشت گردی سمیت سنگین جرائم میں مطلوب ملزم ساتھیوں سمیت ہلاک
اشاعت کی تاریخ: 7th, October 2025 GMT
پشاور پولیس نے ایک بڑی کارروائی کے دوران دہشت گردی، قتل، اقدامِ قتل، بھتہ خوری اور پولیس پر حملوں سمیت 13 سنگین مقدمات میں مطلوب خطرناک مجرم آدم عرف آدمے کو تین ساتھیوں سمیت ہلاک کردیا۔
پولیس کے مطابق کارروائی گزشتہ شب پنڈی واہ کے علاقے کوہستان کالونی میں کی گئی، جہاں ملزم طویل عرصے سے روپوش تھا۔
ترجمان پشاور پولیس کے مطابق پولیس ٹیم نے تین گھنٹے تک جاری رہنے والے مقابلے میں انتہائی خطرناک گروہ کو انجام تک پہنچایا۔
ہلاک ہونے والا ملزم آدم عرف آدمے نہ صرف متعدد سنگین مقدمات میں مطلوب تھا بلکہ اس نے سوشل میڈیا پر بھی پولیس افسران کو کھلے عام چیلنج کیا تھا۔
پولیس ریکارڈ کے مطابق ملزم کے خلاف درج مقدمات میں سی ٹی ڈی اور مختلف تھانوں کے تحت دہشت گردی، قتل، اقدام قتل، بھتہ خوری، پولیس پر حملہ اور شہریوں سے لوٹ مار کے کیسز شامل تھے۔ اس کے علاوہ ملزم کے خلاف انسداد دہشت گردی کی دفعات کے تحت بھی تین مقدمات درج تھے۔
پولیس کے مطابق ملزم آدم عرف آدمے اور اس کے ساتھی شہریوں، تاجروں اور پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنانے کے لیے سرگرم تھے۔ متعدد کارروائیوں کے دوران اس گروہ نے فائرنگ کرکے پولیس اہلکاروں کو زخمی بھی کیا۔
ترجمان پشاور پولیس نے بتایا کہ ’’آدم عرف آدمے پولیس کو طویل عرصے سے مطلوب تھا، جو سوشل میڈیا پر ویڈیوز اور پیغامات کے ذریعے پولیس کو للکارتا اور خوف پھیلاتا تھا۔ آج کی کارروائی کے بعد پشاور میں امن و امان کے لیے ایک بڑا خطرہ ختم ہوگیا ہے۔‘‘
پشاور پولیس حکام نے اس کامیاب آپریشن پر ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے پولیس کی کارروائیاں اسی عزم کے ساتھ جاری رہیں گی۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
کراچی، ایس آئی یو پولیس کا سرجانی ٹاؤن میں بھتہ خور سے مقابلہ، ایک ملزم ہلاک
کراچی:شہر قائد میں سی آئی اے کے اسپیشل انویسٹیگیشن یونٹ (ایس آئی یو) پولیس کی جانب سے سرجانی ٹاؤن کے علاقے جیلانی گوٹھ میں بھتہ خور گروہ کی موجودگی کی اطلاع پر چھاپہ مارا گیا۔
کارروائی کے دوران ملزمان نے فائرنگ کردی جسکے بعد ایس آئی یو اہلکاروں اور ملزمان کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
ترجمان ایس آئی یو پولیس مطابق پولیس اور ملزم کے درمیان شدید فائرنگ کا سلسلہ کچھ دیر جاری رہا، جس کے باعث علاقے میں پولیس کی اضافی نفری طلب کی گئی۔
ایس ایس پی ایس آئی یو امجد شیخ کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں صمد کاٹھیاواڑی گروہ کا شوٹر احتشام الدین عرف آصف برگر مارا گیا۔ ہلاک ملزم کے قبضے سے اسلحہ، گولیاں اور موٹر سائیکل برآمد کرلی گئی۔
امجد شیخ نے بتایا کہ ملزم نے پولیس پر اندھا دھند فائرنگ کی تاہم ایس آئی یو کا اہلکار بلٹ پروف جیکٹ پہننے کے باعث محفوظ رہا۔ فنگر پرنٹ کے ذریعے ملزم کی شناخت کی گئی جس سے اس کا سابقہ مجرمانہ ریکارڈ بھی حاصل کرلیا گیا۔
ایس ایس پی کے مطابق ملزم کے خلاف بھتہ خوری، ڈکیتی، ناجائز اسلحہ رکھنے اور اسٹریٹ کرائم کے 13 سے زائد مقدمات درج تھے۔
ہلاک ملزم غلام قادر کا ساتھی تھا جو ایک روز قبل رات میں پولیس مقابلے میں مارا گیا تھا۔پولیس نے موقع سے شواہد اکٹھے کرلیے ہیں جبکہ لاش کو اسپتال منتقل کرکے قانونی کارروائی شروع کردی گئی ہے۔