بنوں میں سکیورٹی فورسز کے کامیاب آپریشنز، 3 اہم کمانڈرز سمیت 17 دہشتگرد ہلاک
اشاعت کی تاریخ: 22nd, November 2025 GMT
خیبر پختونخوا کے بنوں ریجن میں پولیس، سی ٹی ڈی اور فورسز کے کامیاب آپریشنز کے دوران 3 اہم کمانڈرز سمیت 17 دہشتگرد ہلاک کردیے گئے۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق بنوں ریجن کے مختلف علاقوں میں مقامی پولیس، سی ٹی ڈی، کوئیک رسپانس فورس اور سکیورٹی فورسز کے کامیاب آپریشنز میں 3اہم کمانڈرز سمیت 17 دہشتگرد جہنم واصل گئے جب کہ کئی دیگر زخمی ہوئے۔ واضح رہے کہ تمام کارروائیوں میں پولیس اور سکیورٹی فورسز کی نفری محفوظ رہی جب کہ اہل علاقہ کا بھی ان آپریشنز میں بھرپور تعاون بھی حاصل رہا، ہلاک دہشت گردوں سے بڑی تعداد میں اسلحہ، ایمونیشن برآمد ہوا جب کہ فتنہ الخوارج کی مقامی کمانڈ پر بھی کاری ضرب لگی، جس میں اہم کمانڈرز ہلاک کردیے گئے۔ شیری خیل، پکہ پہاڑ خیل میں فتنہ الخوارج کے جتھوں کی موجودگی پر لکی پولیس، سی ٹی ڈی بنوں اور سکیورٹی فورسز کے آپریشن میں 10 خارجی جہنم واصل ہوئے اور 5 زخمی ہو گئے، کارروائی میں ایک سہولت کار کو گرفتار بھی کرلیا گیا۔ ہلاک 7 دہشت گردوں کی لاشیں برآمد ہوئیں جب کہ 3 کی لاشیں دشوار گزار پہاڑی علاقے میں ہونے کی وجہ سے نکالی نہیں جا سکیں، ہلاک دہشتگردوں میں فتنہ الخوارج کے کمانڈرز نیاز علی عرف اکاشا اور عبداللہ عرف شپونکوئی شامل ہیں جو پولیس اور سکیورٹی فورسز کو انتہائی مطلوب تھے۔ دوسری جانب نصر خیل کے علاقے میں بھی لکی پولیس، سی ٹی ڈی اور امن کمیٹی کی مشترکہ کارروائی میں ایک مطلوب دہشتگرد ہلاک ہوگیا، جہاں اہل علاقہ نے بھی اپنے محافظوں پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے دہشت گردوں کے خلاف ہتھیار اٹھا لیے ہیں۔ اُدھر بنوں کے علاقے ہوید میں بھی پولیس اور امن کمیٹیوں کا دہشت گردوں سے مقابلہ ہوا، جس میں دہشت گرد فرار ہو گئے۔ اس کے علاوہ ڈومیل کے علاقے میں فتنہ الخوارج نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کی، جس کی اطلاع پر بنوں پولیس، سی ٹی ڈی اور سکیورٹی فورسز کی کمک نے 8 گھنٹے طویل آپریشن کرکے 6 خوارج کو ہلاک اور درجنوں کو زخمی کردیا۔ اس آپریشن میں بدنام زمانہ دہشت گرد کمانڈر رسول عرف کمانڈر آریانہ ساتھیوں سمیت جہنم واصل کردیے گئے جب کہ اسلحہ و ایمونیشن برآمد کرلیا گیا۔ دوسری جانب انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے بنوں ریجن پولیس، سی ٹی ڈی اور سکیورٹی فورسز کو کامیاب آپریشنز اور دہشت گردوں پر کاری ضرب لگانے پر خصوصی شاباش دی اور کہا کہ خیبرپختونخوا کی مٹی کو فتنہ الخوارج سے پاک کردیں گے، دہشتگردوں کا ان کی خفیہ پناہ گاہوں تک پیچھا کیا جائے گا۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Nawaiwaqt
کلیدی لفظ: اور سکیورٹی فورسز کامیاب آپریشنز فتنہ الخوارج سی ٹی ڈی اور فورسز کے
پڑھیں:
کراچی، شہر کے مختلف علاقوں میں پولیس مقابلے، 6 زخمیوں سمیت 9 ڈاکو گرفتار
کراچی:شہر قائد کے مختلف علاقوں میں پولیس نے مبینہ مقابلوں کے دوران 6 زخمیوں سمیت 9 ڈاکوؤں کو گرفتار کر لیا۔
کارروائیوں کے دوران ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، چھینے گئے موبائل فونز، نقد رقم اور موٹر سائیکلیں بھی برآمد کر لی گئیں۔
پولیس کے مطابق شاہ لطیف تھانے کی حدود میں بھینس کالونی کے قریب ایک نجی یونیورسٹی کے سامنے مبینہ پولیس مقابلے کے بعد ایک ڈاکو کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا۔
زخمی ملزم کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کی شناخت جاوید عرف راول کے نام سے ہوئی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم اسٹریٹ کرائمز، ڈکیتی اور دیگر سنگین جرائم کی متعدد وارداتوں میں مطلوب تھا اور ماضی میں 15 سے زائد مقدمات میں گرفتار ہو کر جیل جا چکا ہے۔ ملزم کے قبضے سے اسلحہ، چھینے گئے موبائل فونز اور نقد رقم بھی برآمد ہوئی۔
دوسری کارروائی اقبال مارکیٹ تھانے کی حدود اورنگی ٹاؤن سیکٹر ساڑھے گیارہ میں کی گئی جہاں مبینہ مقابلے کے بعد دو ڈاکوؤں کو گرفتار کر لیا گیا۔
زخمی ملزم سہیل کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا جبکہ اس کے ساتھی اکرم کو تھانے منتقل کر دیا گیا۔
مزید پڑھیںکراچی، پولیس اور ایس آئی یو کے ڈاکوؤں کے ساتھ مقابلے، 1 ڈاکو ہلاک، 3 زخمی حالت میں گرفتار
پولیس نے ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، موبائل فون، نقد رقم اور موٹر سائیکل برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
ادھر بہادرآباد تھانے کی حدود میں کنگری ہاؤس کے قریب مبینہ پولیس مقابلے کے دوران دو ڈاکو گرفتار کیے گئے جن میں ایک زخمی ملزم جان شیر بھی شامل ہے۔
زخمی ملزم کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان سے اسلحہ، موبائل فونز، نقد رقم اور موٹر سائیکل برآمد کی گئی۔
ایک اور کارروائی فیروز آباد پولیس اور شاہین فورس نے جیل چورنگی کے قریب مشترکہ طور پر کی جہاں مبینہ مقابلے کے بعد دو ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کر لیے گئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، موبائل فونز، نقد رقم اور موٹر سائیکل برآمد ہوئی ہے۔
پولیس حکام کے مطابق گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے جبکہ ان کے دیگر ساتھیوں اور جرائم پیشہ نیٹ ورک سے متعلق بھی تحقیقات جاری ہیں۔