شاہ محمود قریشی کی بریت لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج
اشاعت کی تاریخ: 15th, October 2025 GMT
9 مئی کے واقعات سے متعلق مقدمے میں شاہ محمود قریشی کی بریت کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا گیا ہے۔
نجی چینل کے مطابق، پراسیکیوشن نے ٹرائل کورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کی ہے، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ شاہ محمود قریشی کو شواہد اور حقائق کے برعکس بری کیا گیا۔ اپیل میں استدعا کی گئی ہے کہ ٹرائل کورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے اور مقدمے کی دوبارہ سماعت کی جائے۔
درخواست میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ انسداد دہشتگردی عدالت نے کیس کے اہم پہلوؤں کو نظر انداز کیا اور شفاف انداز میں حقائق کا جائزہ نہیں لیا۔
واضح رہے کہ انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے اگست 2025 میں شاہ محمود قریشی کو 9 مئی کے واقعات سے متعلق مقدمے میں الزامات سے بری کر دیا تھا۔
ذریعہ: Daily Mumtaz
کلیدی لفظ: شاہ محمود قریشی
پڑھیں:
جے یو آئی نے خیبر پختونخوا کے نئے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کا انتخاب پشاور ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا۔
جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کی جانب سے خیبر پختونخوا کے نئے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کا انتخاب چیلنج کردیا گیا۔ پشاور ہائی کورٹ میں درخواست جے یو آئی کے صوبائی اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر لطف الرحمن نے بیرسٹر یاسین رضا کی وساطت سے دائر کی، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ وزیراعلیٰ کا استعفا ابھی منظور نہیں ہوا، کیسے دوسرے وزیراعلیٰ کا انتخاب ہوسکتا ہے؟. درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ گورنر کے پی کے نے مستعفی ہونے والے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کو 15 اکتوبر کو پیش ہونے کی ہدایت کی ہے۔ قبل ازیں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے لطف الرحمن نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کا انتخاب غیر قانونی طور پر ہوا ہے۔ پچھلے وزیر اعلیٰ کا استعفی ابھی منظور نہیں ہوا، گورنر نے ان کو تصدیق کے لیے بلایا ہے۔لطف الرحمن کا کہنا تھا کہ پتا نہیں ان کو کیوں جلدی ہے، نئے وزیر اعلیٰ آنے تک پرانا وزیر اعلیٰ کام کرسکتا ہے۔ اسپیکر کے کہنے پر ہم نے کاغذات جمع کیے لیکن اجلاس کا بائیکاٹ کیا۔ گورنر کا خط جب آیا تب ہمیں معلوم ہوا کہ استعفا منظور ہی نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ پچھلے وزیر اعلیٰ کا استعفا منظور ہو پھر نیا وزیر اعلیٰ منتخب ہو۔