شاہین شاہ آفریدی ون ڈے ٹیم کے نئے کپتان مقرر
اشاعت کی تاریخ: 20th, October 2025 GMT
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے فاسٹ بولرشاہین شاہ آفریدی کو قومی ون ڈے کرکٹ ٹیم کا کپتان مقرر کر دیا ہے۔ وہ جنوبی افریقہ کے خلاف آئندہ تین میچوں کی ون ڈے سیریز میں ٹیم کی قیادت کریں گے۔
یہ سیریز4 سے 8 نومبر کے درمیان فیصل آباد کے اقبال اسٹیڈیم میں کھیلی جائے گی، جہاں شاہین پہلی بار ایک روزہ ٹیم کی باقاعدہ قیادت کرتے دکھائی دیں گے۔
شاہین کی تقرری کا فیصلہ اسلام آباد میں ہونے والے ایک اہم اجلاس میں کیا گیا، جس میں ہیڈ کوچ مائیک ہیسن، ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس عاقب جاوید اور سلیکشن کمیٹی کے ارکان شریک تھے۔
یاد رہے کہ شاہین آفریدی اس سے قبل رواں سال نیوزی لینڈ کے خلاف پانچ میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں پاکستان کے کپتان رہے، لیکن سیریز کے بعد ان سے قیادت واپس لے لی گئی تھی۔ ون ڈے فارمیٹ میں وہ محمد رضوان کی جگہ قیادت سنبھالیں گے، جو حالیہ دنوں میں ٹیم کی قیادت کر رہے تھے۔
شاہین شاہ آفریدی کا شمار پاکستان کے اہم فاسٹ بولرز میں ہوتا ہے۔ اب تک وہ66 ون ڈے اور 92 ٹی ٹوئنٹی میچز میں پاکستان کی نمائندگی کر چکے ہیں، جن میں وہ مجموعی طور پر 249 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔ ٹیسٹ کرکٹ میں بھی ان کی کارکردگی شاندار رہی ہے، جہاں وہ 32 میچز میں 120 وکٹیں لے چکے ہیں۔
پی سی بی کی اس نئی تقرری کو ٹیم کی قیادت میں تبدیلی اور نوجوانوں کو زیادہ مواقع دینے کی کوشش کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ شاہین کی قائدانہ صلاحیتیں میدان میں کیسی ثابت ہوتی ہیں، اس کا فیصلہ وقت کرے گا، لیکن شائقین کو ان سے بڑی توقعات وابستہ ہیں۔
ذریعہ: Daily Mumtaz
کلیدی لفظ: ٹیم کی
پڑھیں:
جنوبی افریقا دوسرے ٹیسٹ میں بھی ٹاس جیتنے میں ناکام، پاکستان کا بیٹنگ کا فیصلہ
راولپنڈی:پاکستان نے دو میچز پر مشتمل ٹیسٹ سیریز کے آخری میچ میں جنوبی افریقا کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کر لیا۔
سیریز کا دوسرا ٹیسٹ میچ راولپنڈی میں کھیلا جا رہا ہے، مہمان ٹیم جنوبی افریقا دوسرے ٹیسٹ میں بھی ٹاس جیتنے میں ناکام رہی۔
پاکستان کی جانب سے ٹیم میں ایک کھلاڑی کی تبدیلی کی گئی ہے، فاسٹ بولر حسن علی کی جگہ آصف آفریدی کو ٹیم میں شامل کیا گیا جو آج اپنا ڈیبیو کر رہے ہیں۔
کپتان شان مسعود کا کہنا تھا کہ پچ تھوڑی سی خشک لگ رہی ہے، لیکن ہمیں معلوم نہیں کہ یہ کیسی کھیلے گی اور ہم نے یہاں کافی عرصے سے نہیں کھیلا، اس لیے بہتر ہے کہ پہلے بیٹنگ کریں۔
مہمان ٹیم کے کپتان ایڈن مارکرم کا کہنا تھا کہ ہم نے لاہور ٹیسٹ کی پہلی اننگز سے کافی سبق سیکھا ہے، دوسرے میچ میں ویان ملڈر اور سبرین کی جگہ مارکو جانیسن اور کیشو مہاراج کو شامل کیا گیا ہے۔