کسانوں کو سہولیات دینے کے معاملے پر پنجاب اور سندھ کی بحث شروع
اشاعت کی تاریخ: 22nd, October 2025 GMT
اسلام آباد:
کسانوں کو سہولیات دینے کے معاملے میں قائمہ کمیٹی اجلاس کے دوران پنجاب اور سندھ کی بحث شروع ہو گئی۔
قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے غذائی تحفظ کا اجلاس سید حسین طارق کی زیر صدارت ہوا، جس میں بیجوں کی سرٹیفیکیشن اور انسپکشن کا معاملہ زیر بحث آیا۔
اجلاس میں وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے کہا کہ ہم نے سندھ سے کہا تھا کہ ایکٹ بنائیں اور ہم سے پاور لیں۔ ان کا یہی مسئلہ ہے، ہر وقت کہتے ہیں وفاق ہمیں پاور نہیں دیتا اور جب ہم پاور خود دیتے ہیں تو یہ پاور لینے کو تیار نہیں ہوتے۔
انہوں نے سندھ کے حکام سے استفسار کیا کہ کیا آپ نے سندھ میں ایگریکلچر پر کوئی کام کیا ہے؟۔ آپ وہاں کہتے رہتے ہیں ہم نے یہ کیا وہ کیا، یہ بتائیں کہ ایگریکلچر میں کیا کیا؟۔ پنجاب ایگریکچر میں بھی سندھ سے آگے جا رہا ہے۔
رکن کمیٹی رانا حیات خان نے کہا کہ سندھ کسانوں کو سبسڈی دینے میں آگے جا رہا ہے، ہمیں ان سے آگے نکلنا ہے۔ سیکرٹری ایگریکلچر پنجاب صاحب کسانوں کو کھاد دینے میں سندھ سے آگے نکلیں۔ آپ بھی کسانوں کو کم از کم ایک ڈی اے پی اور 2 یوریا کھاد فراہم کریں۔
چیئرمین کمیٹی نے اس موقع پر کہا کہ سندھ نے ایک ڈی اے پی 2 یوریا دیں، پنجاب کو ڈبل بوریاں دینی چاہییں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ہم نے بیجوں کے معاملے پر انفورسمنٹ کے لیے صوبوں کو خط لکھا ہے۔ پنجاب جیسے آج کل زبردست کام کر رہا ہے، اس پر بھی فوری کام کیا۔ ہم نے پنجاب میں 116 افسران کو سیڈ انسپکشن کے اختیارات دیے۔ سندھ کی جانب سے جواب دیا گیا کہ ہمیں پاور نہیں چاہیے۔ سندھ سے پوچھ لیں یہ کس طرح بیج کے حوالے سے کام کریں گے؟۔
انہوں نے کہا کہ بیجوں پر انفورسمنٹ بہت ضروری ہے، سرٹیفائڈ سیڈ کی طرف تو جائیں۔ قوانین بھی ہیں، سزائیں بھی ہیں لیکن انفورسمنٹ میں ہمیں مسائل ہیں۔
سیکرٹری ایگریکلچر پنجاب نے بتایا کہ پنجاب میں 12 ہزار ڈیلرز کی انسپکشن کی گئی ہے۔ 328 ڈیلرز کے خلاف چالان کیے گئے، کاروائی کی گئی اور 20 ملین کے جرمانے بھی کیے گئے۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: کسانوں کو نے کہا کہ
پڑھیں:
راولپنڈی پولیس کی انسپکٹر ارم خانم نے 2 گولڈ میڈل حاصل کر لیے
راولپنڈی پولیس کی انسپکٹر ارم خانم نے بین الاقوامی اعزاز اپنے نام کر لیا، انہوں نے ورلڈ پاور لفٹنگ چمپئن شپ 2025 میں 2 گولڈ میڈل حاصل کر لیے۔
ورلڈ پاور لفٹنگ چیمپئن شپ 2025 کا انعقاد سری لنکا میں ہوا۔
سی پی او خالد حمدانی نے کہا کہ انسپکٹر ارم خانم نے پنجاب پولیس اور پاکستان کا نام روشن کیا، انسپکٹر ارم خانم نے پاور لفٹنگ میں اول پوزیشن حاصل کر کے گولڈ میڈل حاصل کیا۔
سی پی او کا کہنا ہے کہ انسپکٹر ارم خانم پنجاب پولیس کا ایک روشن ستارہ ہیں، انسپکٹر ارم خانم محکمہ پولیس اور قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں۔
اس حوالے سے ترجمان پولیس کا کہنا تھا کہ انسپکٹر ارم خانم نے ڈیڈ لفٹ کے مقابلوں میں بھی اول پوزیشن حاصل کی ہے، انہوں نے بھارتی پاور لفٹر کو شکست دے کر اول پوزیشن حاصل کی۔
انسپکٹر ارم خانم کا راولپنڈی پولیس لائنز واپسی پر شاندار استقبال کیا گیا اور ان کی حوصلہ افزائی کی گئی۔