نصیرآباد، نامعلوم افراد کیجانب سے جعفر ایکسپریس پر راکٹ حملے
اشاعت کی تاریخ: 29th, October 2025 GMT
ایس ایس پی نصیر آباد غلام سرور بھیو نے بتایا کہ نوتال کے قریب ریلوے ٹریک پر نامعلوم مسلح افراد نے ٹرین پر 4 راکٹ داغ دیئے۔ جوابی فائرنگ پر حملہ آور فرار ہو گئے۔ اسلام ٹائمز۔ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ سے خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور جانیوالی جعفر ایکسپریس پر نامعلوم افراد نے راکٹ سے حملہ کیا ہے۔ حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا اور ٹرین کو بحفاظت جیکب آباد پہنچا دیا گیا۔ سینیئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) نصیر آباد غلام سرور بھیو نے مقامی صحافیوں کو بتایا کہ ضلع نصیرآباد میں نوتال کے قریب ریلوے ٹریک پر نامعلوم مسلح افراد نے ٹرین پر 4 راکٹ داغ دیئے۔ پولیس کے مطابق حملہ جعفر ایکسپریس پر کیا گیا، تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ ایف سی اور پولیس اہلکاروں نے فوری طور پر ردعمل دیتے ہوئے حملہ آوروں پر جوابی فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں حملہ آور موقع سے فرار ہوگئے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعہ الطاف آباد کے مقام پر پیش آیا، جہاں چار راکٹ فائر کئے گئے۔ تاہم ٹرین کو محفوظ طریقے سے ڈیرہ مراد جمالی ریلوے اسٹیشن پہنچا دیا گیا، جبکہ جائے وقوعہ کا محاصرہ کرکے شواہد اکٹھے کئے جا رہے ہیں۔ ایس ایس پی نصیر آباد نے بتایا کہ جعفر ایکسپریس اور بولان میل کو ڈیرہ مراد جمالی سے کلیئرنس کے بعد جیکب آباد کے لئے روانہ کر دیا گیا ہے۔ واقعے کے بعد سکیورٹی فورسز نے ریلوے ٹریک کے اطراف سکیورٹی مزید سخت کر دی ہے۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Islam Times
کلیدی لفظ: جعفر ایکسپریس
پڑھیں:
اسلام آباد، بلاول بھٹو سے وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین کی ملاقات
وزیر اعلیٰ نے انہیں وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف سے ہونے والی ملاقات اور گلگت بلتستان کو عبوری صوبہ بنانے کے حوالے سے اسمبلی قرارداد سے متعلق تفصیلات سے آگاہ کیا۔ اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے گلگت بلتستان کے وزیر اعلیٰ امجد حسین ایڈووکیٹ نے زرداری ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات کی اور انہیں وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف سے ہونے والی ملاقات اور گلگت بلتستان کو عبوری صوبہ بنانے کے حوالے سے اسمبلی قرارداد سے متعلق تفصیلات سے آگاہ کیا۔ پارٹی ذرائع کے مطابق ملاقات میں جی بی میں حکومت سازی، خطے کے مسائل اور پارٹی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔