چیئرمین پی سی بی محسن نقوی آئی سی سی کے اہم اجلاس میں شرکت کے لیے آج دبئی جائیں گے
اشاعت کی تاریخ: 7th, November 2025 GMT
اسلام آباد:چئیرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی آج دبئی کے لیے روانہ ہوں گے، جہاں وہ آئی سی سی بورڈ اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔
ذرائع کے مطابق یہ اجلاس خاصا گرم اور کشیدہ ماحول میں متوقع ہے کیونکہ بھارت کی جانب سے متعدد اعتراضات اٹھائے جانے کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بی سی سی آئی محسن نقوی کے دو عہدوں بطور پی سی بی چیئرمین اور وفاقی وزیر داخلہ کو آئی سی سی کے گورننس اصولوں کی خلاف ورزی قرار دینے کی تیاری کر رہا ہے۔
بھارتی کرکٹ بورڈ نے مبینہ طور پر تحریری شکایات کی فہرست مرتب کی ہے جس میں محسن نقوی کے ایشیا کپ کے دوران فیصلوں اور ان سے جڑے چند سیاسی نوعیت کے واقعات کو بنیاد بنایا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق تنازع کی اصل جڑ ایشیا کپ فائنل کا واقعہ ہے جب میچ کے بعد ٹرافی تقریب کے دوران بھارتی کپتان سوریا کمار یادو نے محسن نقوی سے ٹرافی وصول کرنے سے انکار کر دیا تھا۔
بھارتی کپتان اور بی سی سی آئی نے ٹرافی تقریب میں ایشین کرکٹ کونسل کے دیگر ممبران سے ٹرافی وصول کرنے کا مطالبہ کیا تھا جسے بطور صدر محسن نقوی نے انکار کر دیا تھا۔
ایشین کرکٹ کونسل کے صدر محسن نقوی نے تقریب میں دیر تک بھارتی کپتان کے اسٹیج پر آنے کا انتظار کیا مگر وہ نہیں آئے جس کے بعد محسن نقوی اسٹیڈیم سے روانہ ہو گئے اور ٹرافی کو ایشین کرکٹ کونسل کے دفتر پہنچا دیا گیا۔
ادھر پی سی بی کے اندرونی حلقوں کا کہنا ہے کہ محسن نقوی اس تمام دباؤ کے باوجود پُراعتماد اور پُرعزم ہیں۔ ان کے مطابق نقوی نے بطور ایشین کرکٹ کونسل صدر اپنی قانونی اور آئینی حدود کے اندر رہتے ہوئے تمام فیصلے کیے۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ محسن نقوی نے بین الاقوامی ماہرین قانون سے تفصیلی مشاورت مکمل کر لی ہے تاکہ وہ آئی سی سی اجلاس میں پاکستان کا مؤقف مدلل انداز میں پیش کر سکیں۔
.ذریعہ: Daily Mumtaz
کلیدی لفظ: ایشین کرکٹ کونسل محسن نقوی پی سی بی نقوی نے
پڑھیں:
دبئی کو دنیا کا خوبصورت ترین شہر بنانے کیلئے 18 ارب درہم کا منصوبہ منظور
دبئی: متحدہ عرب امارات کی حکومت نے دبئی کو دنیا کا خوبصورت ترین اور جدید ترین شہر بنانے کے لیے 18 ارب درہم کے بڑے منصوبے کی منظوری دے دی۔
دبئی کے ولی عہد شیخ حمدان بن محمد نے اس منصوبے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ دبئی میں فطرت اور جدت کو ساتھ لے کر ترقی کی نئی راہیں تشکیل دی جائیں گی۔
اس منصوبے کے تحت پبلک پارکس اینڈ گرینری پروگرام کے ذریعے شہر بھر میں 630 نئے پارکس تعمیر کیے جائیں گے، تاکہ شہریوں کو بہتر ماحول، سبز مقامات اور تفریحی سہولتیں فراہم کی جاسکیں۔
مزید برآں، اسپورٹس اسٹریٹیجک پلان 2033 کے تحت 75 نئے اقدامات متعارف کرائے جائیں گے جن کا مقصد دبئی کو عالمی اسپورٹس حب میں تبدیل کرنا ہے۔
شیخ حمدان کا کہنا تھا کہ دبئی صرف کاروبار یا سیاحت کا نہیں بلکہ معیارِ زندگی اور قدرتی حسن کے امتزاج کا بھی عالمی نمونہ بننے جا رہا ہے۔