غیرقانونی افغان باشندوںکی اطلاع دینے والوں کو انعام دیاجائیگا:عظمیٰ بخاری
اشاعت کی تاریخ: 20th, November 2025 GMT
لاہور (نیوز رپورٹر) وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمٰی بخاری نے کہا ہے کہ پنجاب میں غیر قانونی طور پر مقیم افغان اور دیگر غیر ملکی شہریوں کے خلاف آپریشن پوری رفتار سے جاری ہے۔ صوبے بھر میں اس کریک ڈاؤن کو منظم، قانون کے مطابق اور مؤثر انداز میں آگے بڑھایا جا رہا ہے۔ پنجاب حکومت نے ویسل بلور میکانزم کے تحت شہریوں کو معلومات فراہم کرنے کی ترغیب دی ہے‘ جس کے نتیجے میں متعدد افراد نے درست اور قابلِ عمل معلومات فراہم کی ہیں۔ غیر قانونی مقیم افغانیوں کی نشاندہی کرنے والے شہریوں کو نقد انعام دیا جائیگا جبکہ ویسل بلور کا نام مکمل طور پر صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔ گزشتہ تین ہفتوں میں 6 ہزار 220 غیر قانونی افغان شہریوں کو واپس ان کے ملک بھجوایا جا چکا ہے، اور یہ آپریشن آئندہ بھی موثر طریقے سے جاری رہے گا۔ پنجاب سے غیر قانونی افغان شہریوں کی واپسی کا عمل کامیابی کے ساتھ آگے بڑھ رہا ہے اور حکومت اس سلسلے میں زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہے ۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
پڑھیں:
کالعدم انتہا پسند جماعت کے خلاف 32 مقدمات درج کیے گئے، عظمیٰ بخاری
وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ کالعدم انتہا پسند جماعت کے خلاف کارروائیوں کے دوران 90 فنانسرز اور سوشل میڈیا پر دھمکیاں دینے والوں کے خلاف 32 مقدمات درج کیے گئے ہیں۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پولیس نے کالعدم انتہاپسند جماعت سے ہتھیار اور بلٹ پروف جیکٹس برآمد کیے اور 92 سے زائد بینک اکاؤنٹس منجمد کر دیے۔
انہوں نے کہا کہ کالعدم جماعت کے خلاف درج مقدمات میں 830 لوگ لاہور میں گرفتار ہوچکے ہیں، انتہا پسند جماعت نے مذہب کی آڑ میں انتشار پھیلایا ہے، مذہب کا نام استعمال کرنا ان کا طرہ امتیاز رہا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب کی 84 فیصد مساجد رجسٹر ہو چکی ہیں، لوگوں کی جان و مال کی حفاظت حکومت کی ذمے داری ہے۔