جائیداد کے لالچ میں شوہر کا قتل؛ اہلیہ اور اس کے آشنا سمیت 3 افراد گرفتار
اشاعت کی تاریخ: 20th, November 2025 GMT
راولپنڈی:
تھانہ بنی کی حدود میں ایک ماہ قبل ہونے والے شہری کے اندھے قتل کا معما حل ہو گیا۔
پولیس کے مطابق مقتول وقار احمد کی اہلیہ، اس کا آشنا اور آشنا کا ساتھی واردات میں ملوث پائے گئے ہیں جنہیں گرفتار کر لیا گیا ہے۔ تفتیش میں معلوم ہوا کہ ملزمان نے منصوبہ بندی کے تحت مقتول کی گاڑی روک کر فائرنگ کی اور اسے موقع پر ہی قتل کر دیا تھا۔
تحقیقات کے آغاز میں مقدمے میں شامل کی گئی ایک خاتون کا واقعے سے کوئی تعلق ثابت نہ ہو سکا۔ بعد ازاں پولیس نے کیس کی سمت متعین کرنے کے لیے سیکڑوں سی سی ٹی وی کیمروں، ٹیکنیکل ذرائع اور ہیومن انٹیلی جنس سے مدد لی جس کے بعد مقتول کی اہلیہ اور اس کے آشنا پر شکوک گہرے ہوئے اور دونوں واردات میں براہ راست ملوث نکلے۔
پولیس کے مطابق آشنا نے اپنی دکان پر کام کرنے والے ملازم کے ساتھ مل کر قتل کی منصوبہ بندی کی اور جائیداد و رقم حاصل کرنے کے لالچ میں وقار احمد کو راستے سے ہٹایا، جس کا ملزمان نے دوران تفتیش اعتراف کرلیا۔
پولیس کے مطابق ملزمان کا ٹھوس شواہد کے ساتھ عدالت میں چالان کیا جائے گا تاکہ قرار واقعی سزا دلائی جا سکے۔ اندھے قتل کی تفتیش پر سی پی او سید خالد ہمدانی نے پولیس ٹیموں کو سراہتے ہوئے کہا کہ شہریوں کے جان و مال پر حملہ کرنے والے قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکتے۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Express News
پڑھیں:
کراچی، فیڈرل بی انڈسٹریل ایریا میں پولیس مقابلہ، 2 زخمی ڈاکو گرفتار، چھینی گئی موٹر سائیکل برآمد
کراچی:شہر قائد میں فیڈرل بی انڈسٹریل ایریا پولیس نے مبینہ مقابلے کے بعد زخمی سمیت 2 ڈاکوؤں کو گرفتار کر کے اسلحہ ، شہری سے اسلحہ کے زور پر چھینی گئی موٹرسائیکل اور دیگر سامان برآمد کر لیا ۔
تفصیلات کے مطابق فیڈرل بی انڈسٹریل ایریا پولیس نے راشد منہاس روڈ سہراب گوٹھ پل کے قریب سے مبینہ مقابلے کے بعد زخمی سمیت 2 ڈاکوؤں کو گرفتار کر لیا۔
زخمی حالت میں گرفتار ڈاکو کو طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔
ترجمان ایس یس پی ڈسٹرکٹ سینٹرل عمران خان کے مطابق زخمی حالت میں گرفتار ڈاکو کی شناخت شعیب ولد احسان کے نام سے کی گئی جبکہ دوسرے گرفتار ملزم نے اپنا نام رضی الدین ولد سمیع الدین بتایا۔
گرفتار ملزمان سے ایک پستول بمعہ گولیاں ، موبائل فون ، کیش رقم اور موٹرسائیکل برآمد کی گئی۔
ملزمان سے ملنے والی موٹرسائیکل 21 جولائی 2026 کو شاہراہ پاکستان سے شہری سے اسلحہ کے زور پر چھینی گئی تھی ۔