WE News:
2025-11-20@13:09:57 GMT

جماعت اسلامی کا 3 روزہ ’بدل دو نظام‘ اجتماع  کیا ہے؟

اشاعت کی تاریخ: 20th, November 2025 GMT

جماعت اسلامی کا 3 روزہ ’بدل دو نظام‘ اجتماع  کیا ہے؟

’بدل دو نظام‘ پروگرام دراصل ایک ایسا ملک گیر اجتماع  ہے جو 21، 22 اور 23 نومبر 2025 کو لاہور کے مینار پاکستان گراؤنڈ میں منعقد ہو رہا ہے۔ یہ پروگرام ’بدل دو نظام‘ کے نعرے کے تحت منعقد کیا جا رہا ہے۔ اسے ملک کے موجودہ سیاسی، معاشی اور سماجی نظام کو تبدیل کرنے کی تحریک کا آغاز قرار دیا جا رہا ہے۔

امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے اسے ایک تاریخی موقع قرار دیا ہے، جہاں لاکھوں کارکن اور شہری اکٹھے ہو کر اتحاد، یکجہتی اور عدل و انصاف پر مبنی نئے نظام کا اعلان کریں گے۔

جماعت اسلامی پاکستان یہ دعویٰ کر رہی ہے کہ ملک بھر سے لاکھوں کارکنوں ’بدلو نظام‘ اجتماع کا حصہ بن رہے ہیں۔ اجتماع میں فلسطین اور کشمیر کی حمایت کے بھی واضح پیغامات دیے جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیے فارم 47 کی بنیاد پر حکومت بنے گی تو لوگوں کا جمہوریت سے اعتماد اٹھ جائے گا، حافظ نعیم الرحمان

امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے پریس کانفرنس میں اعلان کیا تھا کہ یہ اجتماع محض ایک جلسہ نہیں بلکہ موجودہ ظالمانہ اور کرپٹ نظام کو بدلنے کی تحریک کا باقاعدہ آغاز ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان چند جاگیرداروں، سرمایہ داروں اور مافیاز کی جاگیر نہیں، یہ اللہ کی بنائی ہوئی قوم کا ملک ہے، اور اب وقت آ گیا ہے کہ اسے نظامِ مصطفیٰ ﷺ کی طرف لے جایا جائے۔ ’بدلو نظام تحریک‘ اس لوٹ مار کا خاتمہ کرے گی۔

3 روزہ اجتماع میں کیا کیا ہوگا؟

21 نومبر  بروز جمعہ، اجتماع کا افتتاحی سیشن  ہوگا۔ ملک بھر سے قافلوں کا تاریخی   استقبال ہوگا، ملک کی جاری معاشی صورتحال پر عوام کو آگاہ کیا جائے گا، اور نئے نظام کے حوالے سے قراداد منظور کروائی جائے گئی۔

22 نومبر کو تربیتی و فکری سیشنز، اسلامی نظامِ معیشت و سیاست پر لیکچرز، خواتین  نوجوانوں کے خصوصی اجلاس ہوں گے۔

اختتامی سیشن  23 نومبر کو ہوگا جس میں آئندہ لائحہ عمل کا اعلان، تحریک ’بدلو نظام‘ کا باقاعدہ آغاز اور قوم کے نام پیغام ہوگا۔ امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان خطاب کریں گے۔

وی نیوز سے بات کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے مرکزی سیکرٹری جنرل امیر العظیم کا کہنا تھا کہ ’بدلو نظام پروگرام‘ کا مطلب پرانے نظام  سے چھٹکارا ہے۔ جب پاکستان آزاد ہوا تو ایک عبوری ایکٹ منظور کیا گیا تھا۔ اس وقت یہ کہا گیا کہ جب تک پاکستان اپنا نیا نظام نہیں بنا لیتا تو یہ پرانے نظام اور قواعد چلتے رہیں گے لیکن ابھی تک پرانا نظام ہی رائج ہے جیسا کہ پولیس کا نظام، فوجداری نظام، عدالتی نظام، بیوروکریسی، تحصیل کا نظام۔آج بھی ہماری کتابوں میں لکھا جاتا ہے کہ یہ 1857 کا پروگرام ہے، اس کو تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ چھبیسویں اور ستائیسویں آئینی ترمیم  کے ذریعے پرانے نظام کو مزید مضبوط کرنے کی کوشش ہو رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیے سب کو اپنی آئینی پوزیشن پر واپس جانا ہوگا ورنہ انتشار بڑھے گا، حافظ نعیم الرحمان

ان کا کہنا تھا کہ حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ یہ اجتماع 1941 کی یاد تازہ کرے گا جب لاہور ہی میں جماعت اسلامی کی بنیاد رکھی گئی تھی۔ اب ایک بار پھر یہیں سے پاکستان کو عدل و انصاف، شفافیت اور اللہ کی حاکمیت والا نظام دینے کا اعلان  کیا جائے گا۔

ان کا کہنا ہے کہ اجتماع مکمل پرامن اور آئینی دائرے میں ہو گا۔ اس کے بعد تحریک کا اگلا مرحلہ پورے پاکستان میں عوامی رابطہ مہم اور احتجاجی پروگراموں پر مشتمل ہوگا۔

جماعت اسلامی کے اجتماع کی ٹائمنگ بہت اہم ہے

وی نیوز سے بات کرتے ہوئے سنئیر تجزیہ نگار سلمان غنی کے مطابق جماعت اسلامی کے اس اجتماع کی ٹائمنگ بہت اہم ہے۔ سوال یہ ہے کہ ’بدلو نظام‘ ماٹو کے ساتھ جماعت اسلامی جو اجتماع کر رہی ہے کیا وہ نظام بدلنے کی اہلیت رکھتا ہے؟ نظام بدلنے کے لیے پارلمنٹ میں آنا پڑے گا۔ موجود صورتحال میں یہ ایک بڑی سیاسی مشق ضرور ہے۔ اس اجتماع کے اثرات بلدیاتی  انتخابات پر بھی ہوں گے۔ اس اجتماع کے ذریعے جماعت اسلامی  ریاست کو ٹارگٹ نہیں کر رہی ہے۔ جماعت اسلامی نے کبھی بھی ریاست سے ٹکراؤ والی پالیسی اختیار نہیں کی۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمان کا ’بنو قابل پروگرام‘ قابل ستائش ہے۔ اس پروگرام کے ذریعے وہ لاکھوں نوجوانوں کو آئی ٹی سے ہم آہنگ کر کے لوگوں کو وسائل مہیا کرنے پر کام کر رہے ہیں۔ جماعت اسلامی ایک مہذب سیاسی جماعت ہے، اس لیے یہ اجتماع کامیاب ہوگا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

بدل دو نظام جماعت اسلامی اجتماع 2025 حافظ نعیم الرحمان.

ذریعہ: WE News

کلیدی لفظ: جماعت اسلامی اجتماع 2025 حافظ نعیم الرحمان حافظ نعیم الرحمان جماعت اسلامی کے بدلو نظام نے کہا رہی ہے

پڑھیں:

جماعت اسلامی کی تحریک ملک کو شفاف حکمرانی کی طرف لے جائے گی، حافظ نعیم

لاہور:

امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی مینار پاکستان سے ایک ایسی تحریک کا آغاز کرنے جارہی ہے جو ملک کو شفاف حکمرانی کی طرف لے جائے گی۔

مینار پاکستان لاہور میں 21، 22، 23 نومبر کو منعقد ہونے والے تین روزہ کُل پاکستان اجتماع عام سے قبل پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ موجودہ ملکی حالات میں یہ اجتماع غیر معمولی اہمیت رکھتا ہے کیونکہ پاکستان بیک وقت معاشی، سماجی اور سیاسی بحرانوں سے دوچار ہے اور عوام کو ایسی قیادت کی تلاش ہے جو نظام کی سطح پر حقیقی تبدیلی کی بات کرے نہ کہ محض چہروں کی تبدیلی کو حل سمجھ لے۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ ملک بھر سے قافلے کل سے لاہور پہنچنا شروع ہو جائیں گے اور اجتماع تین روز جاری رہے گا۔ مینارِ پاکستان سے اتحاد اور یکجہتی کا وہ پیغام دیا جائے گا جو پورے ملک میں پھیلے گا۔ تین روزہ اجتماع کے آخری روز آئندہ لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔

انہوں نے عدلیہ کے بحران پر بات کرتے ہوئے کہا کہ عدالتیں پہلے ہی لوگوں کو بروقت انصاف فراہم کرنے میں ناکام رہی ہیں اور اب بھی تقریباً 23 لاکھ مقدمات زیرِ التوا ہیں۔ 26 ویں اور 27 ویں آئینی ترامیم نے عدالتی ڈھانچے کو مزید کمزور کردیا جس کا نقصان عام شہری کو ہو رہا ہے۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ملک میں مختلف مافیاز اور چند اجارہ دار گروہوں کا اثر و رسوخ اس قدر بڑھ چکا ہے کہ عام شہری شدید دباؤ میں ہیں۔ جاگیردار ٹیکس سے بچ نکلتے ہیں جبکہ تنخواہ دار طبقے پر بوجھ بڑھا دیا جاتا ہے۔ پٹرول اور بجلی سمیت ہر شے پر ٹیکس کا نفاذ عام شہری کی زندگی کو مشکل بنا رہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ مینارِ پاکستان پر انتظامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔ خواتین کے لیے الگ اور باوقار رہائش گاہوں کا انتظام کیا گیا ہے جبکہ "میرا برانڈ پاکستان" کے عنوان سے ایک بازار بھی لگایا جا رہا ہے تاکہ مقامی مصنوعات کو فروغ دیا جا سکے۔ بزنس کمیونٹی، طلبہ تنظیمیں اور مختلف شعبوں کی نمائندہ شخصیات بھی اجتماع میں شریک ہوں گی۔

انہوں نے بتایا کہ اجتماع میں بیرونِ ملک سے وفود بھی شریک ہوں گے جن میں 42 ممالک کی اسلامی تحریکوں کے سربراہان اور نمائندگان شامل ہیں۔ بنگلہ دیش سے بھی ایک بڑا وفد آرہا ہے، اجتماع میں فلسطینیوں کی نمائندگی بھی ہوگی اور فلسطین کے مقدمے کو بھرپور طریقے سے پیش کیا جائے گا۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ پاکستان کسی جرنیل، بیوروکریٹ یا سیاسی شخصیت کی ملکیت نہیں بلکہ پوری قوم کا ملک ہے۔ جماعت اسلامی نے عالمی سطح پر حالیہ ووٹ کی بھی مخالفت کی ہے جسے فلسطین کی اصل قیادت نے مسترد کیا تھا۔ اس اجتماع سے جو تحریک اٹھے گی وہ پورے پاکستان کو جوڑنے کا ذریعہ بنے گی اور عدل و انصاف پر مبنی وہ نظام سامنے لائے گی جو عوام کو درپیش مسائل کا حقیقی حل دے سکے۔

متعلقہ مضامین

  • جماعت اسلامی کا اجتماع عام امید کے نئے چراغ روشن کرے گا: حافظ نعیم
  • جاگیرداروں ‘وڈیروں اور مافیاز کے مسلط کردہ ظالمانہ نظام کو اب مزید برداشت نہیں کریں گے‘حافظ نعیم الرحمن
  • مافیاز کے ظالمانہ نظام کوبرداشت نہیں کریں گے، حافظ نعیم
  • اجتماع عام نظام کو بدلنے کی تحریک کا آغاز ہوگا ،مولانا حزب اللہ جکھرو
  • جماعت اسلامی کی تحریک ملک کو شفاف حکمرانی کی طرف لے جائے گی، حافظ نعیم
  • 26ویں ترمیم کے وقت بھی کہا تھا یہ عوام کے مفاد میں نہیں، حافظ نعیم
  • فارم 47 کی بنیاد پر حکومت بنے گی تو لوگوں کا جمہوریت سے اعتماد اٹھ جائے گا، حافظ نعیم الرحمان
  • شیخ حسینہ کی سزا پر حافظ نعیم الرحمان کا ردعمل
  • بھارت نواز حسینہ واجد کو طلبہ کے قتل عام پر سزائے موت کا حکم،جماعت اسلامی