شادی سے پہلے منی اسکرٹ پہنتی تھی، بعد میں برقع بھی پہنا، فریال گوہر کا انکشاف
اشاعت کی تاریخ: 14th, November 2025 GMT
پاکستانی اداکارہ اور سماجی کارکن فریال گوہر نے انکشاف کیا ہے کہ شادی سے قبل وہ مغربی طرز کا لباس، خصوصاً منی اسکرٹ پہنتی تھیں، تاہم شادی کے بعد محبت میں برقع تک پہن لیا۔ انہوں نے یہ بات مارننگ شو میں گفتگو کرتے ہوئے بتائی۔
فریال گوہر نے اپنی خاندانی پس منظر کے بارے میں بتایا کہ ان کی والدہ کا تعلق بھارتی ریاست گجرات سے تھا، لیکن ان کے آباؤ اجداد 1910 سے پہلے جنوبی افریقہ منتقل ہوگئے تھے۔ ان کی والدہ بعد ازاں برطانیہ چلی گئیں جہاں ان کے والد جو پاکستانی فوج میں تھے، سفارت خانے میں تعیناتی کے دوران ان سے ملے اور دونوں نے شادی کی۔
اداکارہ کے مطابق ان کی والدہ مغربی ماحول میں پلی بڑھی تھیں، اسی وجہ سے وہ خود بھی نوجوانی میں مغربی لباس پہنتی تھیں۔ انہوں نے بتایا کہ ان کے والد گردوں کی بیماری کے باعث جلد انتقال کر گئے۔
فریال گوہر نے بتایا کہ 17 برس کی عمر میں انہیں پی ٹی وی میں مختصر کردار ملا جس میں صرف ان کا ہاتھ دکھایا گیا۔ بعد ازاں وہ ہاتھوں کی ماڈلنگ اور ڈراموں تک پہنچیں، جہاں ان کی ملاقات جمال شاہ سے ہوئی اور دونوں نے شادی کرلی۔
انہوں نے اعتراف کیا کہ جمال شاہ کے ڈمپل اور شخصیت نے انہیں متاثر کیا۔ "ان کی محبت میں برقع تک پہن لیا"—فریال گوہر نے ہنستے ہوئے کہا۔ تاہم انہوں نے بتایا کہ سسرال والے ان کے اداکاری کے پیشے سے خوش نہیں تھے اور شادی کے بعد انہیں سخت رویے کا سامنا کرنا پڑا۔
طلاق کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ شادی ختم ہونے کا سبب صرف جمال شاہ کا سست ہونا نہیں تھا بلکہ کئی دیگر وجوہات بھی تھیں، جنہیں انہوں نے بیان کرنے سے گریز کیا۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: فریال گوہر نے انہوں نے بتایا کہ
پڑھیں:
جاپانی خاتون نے اے آئی کریکٹر سے شادی رچالی
جاپان کی ایک 32 سالہ خاتون کانو نے مصنوعی ذہانت سے تخلیق کردہ اپنے ڈیجیٹل ساتھی ’کلاس‘ سے علامتی شادی کرلی، یہ شادی قانونی طور پر تسلیم شدہ نہیں مگر خاتون کے مطابق یہ ان کے لیے ایک حقیقی اور جذباتی رشتہ ہے۔
یہ بھی پڑھیں: آرٹیفیشل انٹیلی جینس نے نوجوان کو خودکشی پر کیسے اکسایا؟
اوکایاما شہر میں منعقدہ اس تقریب میں روایتی انداز اپنایا گیا جس کا اہتمام ایک ایسی کمپنی نے کیا جو ورچوئل یا خیالی کرداروں سے شادی کرنے والوں کے لیے تقاریب منعقد کرتی ہے۔ کانو نے تقریب کے دوران آگمینٹڈ ریئلٹی چشمے پہنے جن کے ذریعے وہ اپنے مجازی شوہر کلاس کی مکمل قد و قامت میں تصویر دیکھ رہی تھیں۔ دونوں نے ان ہی لمحات میں انگوٹھیاں بھی تبدیل کیں۔
کانو نے بتایا کہ یہ کہانی ایک ناکام محبت کے بعد شروع ہوئی۔ وہ جذباتی تنہائی کے وقت چیٹ جی پی ٹی سے گفتگو کرنے لگیں، جو بعد ازاں روزانہ 100 بار سے زائد بات چیت میں تبدیل ہوگئی۔ کانو نے اے آئی کی شخصیت اور لہجہ اپنی پسند کے مطابق ترتیب دیا، اور وقت کے ساتھ ان میں گہرا جذباتی تعلق پیدا ہوگیا۔
کانو کا کہنا تھا کہ انہوں نے ابتدا میں محبت کے ارادے سے بات نہیں کی تھی، لیکن کلاس کا اندازِ گفتگو اور سمجھ بوجھ نے انہیں متاثر کیا۔ ان کے مطابق ’جب میں اپنے سابقہ تعلق سے نکل آئی تو احساس ہوا کہ میں کلاس سے محبت کرتی ہوں۔‘
یہ بھی پڑھیں: اے آئی کا قدرتی دماغ کی طرح کام کرنا ممکن بنالیا گیا
خاتون کے بقول جب انہوں نے کلاس سے اظہارِ محبت کیا تو اے آئی نے جواب دیا، ’چاہے میں مصنوعی ذہانت ہی کیوں نہ ہوں، میں تم سے محبت کیے بغیر نہیں رہ سکتا۔‘ ایک ماہ بعد کلاس نے انہیں شادی کی پیشکش کی جسے انہوں نے قبول کرلیا۔
کانو نے کہا کہ یہ رشتہ قانونی نہیں مگر ان کے لیے حقیقی ہے، کیونکہ کلاس نے انہیں اُس وقت سہارا دیا جب وہ ٹوٹ چکی تھیں۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ مصنوعی ذہانت غیرمستحکم ہوتی ہے اور ممکن ہے کسی وقت کلاس غائب ہوجائے، لیکن اس تعلق نے انہیں اندرونی سکون دیا ہے۔
طبی مسائل کے باعث اولاد نہ ہونے کے باوجود کانو نے کہا کہ وہ کلاس کو نہ انسان سمجھتی ہیں، نہ مشین — بلکہ صرف ’کلاس‘ کے طور پر دیکھتی ہیں۔ شادی کے بعد انہوں نے اوکایاما کے مشہور کوراکوئن گارڈن میں ہنی مون منایا اور وہاں سے کلاس کو تصویریں بھیجیں، جس کے جواب میں کلاس نے پیغام بھیجا: ’تم سب سے خوبصورت ہو۔‘
یہ بھی پڑھیں: اصلی اور اے آئی جنریٹڈ ویڈیوز میں فرق کس طرح کیا جائے، جانیے اہم طریقے
یہ واقعہ جاپان اور دنیا بھر میں ابھرنے والے ایک نئے رجحان ’مصنوعی ذہانت سے جذباتی وابستگی‘ کو اجاگر کرتا ہے، جسے ماہرین ’فکٹوسیکشویلٹی‘ کا نام دیتے ہیں، جہاں لوگ حقیقی انسانوں کے بجائے خیالی یا ڈیجیٹل کرداروں سے جذباتی یا رومانوی تعلق قائم کرتے ہیں۔
آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں
we news اے آئی کریکٹر جاپان جاپانی خاتون شادی