تحریک تحفظ آئین نے 21 دسمبر کو قومی کانفرنس بلا لی، پی پی سے رابطے کا فیصلہ
اشاعت کی تاریخ: 11th, December 2025 GMT
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) تحریک تحفظ آئین پاکستان نے 20 اور 21 دسمبر کو اسلام آباد میں قومی مشاورتی کانفرنس منعقد کرنے کا اعلان کردیا۔اعلامیہ کے مطابق تحریک تحفظ آئین پاکستان کا ہنگامی اجلاس محمود خان اچکزئی کی صدارت میں ہوا۔ ملک کی سیاسی، آئینی اور پارلیمانی صورتحال پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اجلاس میں علامہ راجہ ناصر، اسد قیصر، مصطفیٰ نواز کھوکھر سمیت دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ قومی مشاورتی کانفرنس میں اپوزیشن جماعتیں، بار کونسلز اور انسانی حقوق کی تنظیمیں مدعو کیا جائے گا۔ مصطفیٰ کھوکھر، حسین یوسفزئی اور خالد چوہدری پر مشتمل انتظامی کمیٹی قائم کردی گئی۔ اجلاس میں اڈیالہ جیل کے باہر عمران خان کی بہنوں پر مبینہ ریاستی تشدد کی شدید مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا گیا کہ حکومت مذاکرات سے پہلے اسلام آباد ہائی کورٹ کے احکامات پر عمل کرے، عمران خان کے سیاسی رفقا اور اہلِ خانہ سے ملاقاتیں فوری بحال کی جائیں۔ عمران خان کے زیر التوا مقدمات کی میرٹ پر فوری سماعت شروع کی جائے۔ اجلاس میں خیبرپی کے میں گورنر راج کے اشاروں پر گہری تشویش کا اظہار کرتے اعلان کیا گیا کہ غیر آئینی اقدام کی ہر سطح پر مزاحمت کی جائے گی۔ اپوزیشن اتحاد کے ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے دو روزہ قومی کانفرنس کے سلسلے میں پیپلزپارٹی سے رابطے کا فیصلہ کیا ہے۔ رابطہ تحریک تحفظ آئین پاکستان کے پلیٹ فارم سے ہوگا۔ پیپلزپارٹی کو دو روزہ قومی کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی جائے گی جبکہ مسلم لیگ ن کو دعوت نہیں دی جا رہی ہے۔ قومی کانفرنس میں سیاسی ڈائیلاگ کا راستہ نکالنے پر غور ہوگا۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
کلیدی لفظ: قومی کانفرنس تحریک تحفظ اجلاس میں کیا گیا
پڑھیں:
بانی کی کہیں اور منتقلی سے ملک انارکی کی طرف بڑھے گا: اسد قیصر
اسد قیصر—فائل فوٹوپاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے مرکزی رہنما اسد قیصر نے کہا ہے ک ہم متحد ہیں نہیں ڈریں گے، بانیٔ پی ٹی آئی کے کیسز میرٹ پر سنے جائیں۔
اسلام آباد سے جاری کیے گئے بیان میں اسد قیصر نے کہا کہ کل اڈیالہ میں پیش آنے والے واقعے کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عوام سے ان کا حق چھین لیا گیا ہے، یہ فاشسٹ حکومت ہے، جو آئین اور قانون کو نہیں مانتی۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ ہم پُر امن لوگ ہیں، آئین اور قانون کے مطابق آگے بڑھیں گے۔
اُن کا کہنا ہے کہ کل جو واقعہ پیش آیا جنہوں نے اس کا حکم دیا ان کے خلاف کارروائی کا حکم دیا جائے، ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ اس واقعےکی جوڈیشل انکوائری کی جائے۔
اسد قیصر نے کہا کہ خیبر پختون خوا میں گورنر راج اور بانیٔ پی ٹی آئی کی کسی اور جگہ منتقلی سے ملک انارکی کی طرف بڑھے گا۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ 20 اور 21 دسمبر کو قومی کانفرنس بلائی جائے،ہم تمام سیاسی جماعتوں اور بار ایسوسی ایشنز کو دعوت دیں گے،اس قومی کانفرنس میں ہم قومی ایجنڈا دیں گے۔