ترکیہ کے تعاون سے ہری پور میں 41 مستحق جوڑوں کی اجتماعی شادی، ہر جوڑے کو 200 ڈالر سلامی
اشاعت کی تاریخ: 13th, December 2025 GMT
ہری پور میں برادر اسلامی ملک ترکیہ کے تعاون سے ایک فلاحی ادارے کی جانب سے 41 مستحق جوڑوں کی اجتماعی شادی کی تقریب منعقد کی گئی۔ تقریب میں وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف، ترک فلاحی تنظیم کے وائس چیئرمین اور دیگر عہدیداران نے شرکت کی۔
وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے نوبیاہتا جوڑوں کا نکاح پڑھایا اور ہر دلہن کو ضروریات زندگی پر مشتمل جہیز فراہم کیا گیا۔ 41 جوڑوں کو مجموعی طور پر 4 لاکھ روپے سے زائد مالیت کے برائیڈل گفٹس دیے گئے، جبکہ ترکیہ کے مہمانوں کی جانب سے ہر جوڑے کو 200 ڈالر سلامی بھی دی گئی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سردار محمد یوسف نے ترکیہ کی جانب سے اجتماعی شادیوں کے اہتمام کو قابل تحسین قرار دیا اور حکومت پاکستان اور وزیر اعظم شہباز شریف کی طرف سے نوبیاہتا جوڑوں اور ان کے اہلخانہ کو مبارکباد پیش کی۔
فلاحی ادارے کے چیئرمین ندیم احمد خان نے بتایا کہ گزشتہ 25 برس سے یہ ادارہ مستحق اور یتیم بچیوں کی باعزت رخصتی کا اہتمام کر رہا ہے اور اب تک 456 بچیوں کی شادی کروائی جاچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس موقع پر وہ تمام سہولیات فراہم کی جاتی ہیں جو والدین اپنی اولاد کی شادی پر مہیا کرتے ہیں، تاکہ ہر دلہن کا رخصتی کا لمحہ یادگار اور باعزت ہو۔
ذریعہ: Daily Mumtaz
پڑھیں:
پاکستان، ترکیہ کا ایوی ایشن، دفاعی مینو فیکچرنگ اورہائی ٹیک صنعتوں میں تعاون پر اتفاق: وزیر تجارت جام کمال سے ترک وفد کی ملاقات
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) پاکستان اور ترکیہ کے درمیان ایوی ایشن، دفاعی مینوفیکچرنگ اور ہائی ٹیک صنعتوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق ہوا ہے۔ سرکاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ وزیر تجارت جام کمال خان سے ترکیہ کے اعلیٰ سطح وفد نے ملاقات کی جس میں ایوی ایشن، ڈیفنس مینوفیکچرنگ اور ہائی ٹیک صنعتوں میں تعاون کے مختلف امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ترکیہ کے وفد نے پاکستان میں جوائنٹ وینچرز اور ٹیکنالوجی ٹرانسفر میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور کہا کہ ترک کمپنیاں پاکستان میں مینوفیکچرنگ صلاحیتیں قائم کرنے کی خواہش مند ہیں۔ جام کمال خان نے دوطرفہ صنعتی و اقتصادی تعلقات مزید مضبوط بنانے پر زور دیا اور ایرو سپیس، دفاعی پیداوار اور معدنیات کے شعبوں میں تعاون کے مواقع اجاگر کیے۔ پاکستان نے ترک کمپنیوں کو خطے کی مارکیٹوں کے لیے سٹریٹجک پروڈکشن پارٹنر بنانے کا مشورہ دیا۔ ترکیہ کے وفد نے پاکستان کے سٹریٹجک وژن کو سراہا اور طویل المدتی تعاون کی خواہش کا اظہار کیا۔ فریقین نے بی ٹو بی روابط، سرمایہ کاری پر مبنی صنعتی شراکت داری اور ٹیکنالوجیکل تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا جبکہ مستقبل میں بنکاری اور تجارتی فیسلیٹیشن میکنزم مضبوط بنانے پر بھی اتفاق کیا گیا ہے۔