کل مذاکرات کا تیسرا دور، ہم اپنے مطالبات لکھ کر سامنے رکھیں گے: بیرسٹر گوہر
اشاعت کی تاریخ: 15th, January 2025 GMT
اسلام آباد: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ انشاءاللہ کل مذاکرات کا تیسرا سیشن ہو رہا ہے، ہم اپنے مطالبات لکھ کر سامنے رکھیں گے۔
اسلام آباد کی سیشن کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ توقع کرتے ہیں حکومت ہمارے مطالبات پر سنجیدگی سے غور کرے گی، سنجیدگی،کھلے دل ،نیک نیتی کے ساتھ بیٹھیں گے تو تمام مسائل کا حل نکل آئے گا۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے سیاسی قیدی ڈیڑھ دو سال سے تکلیف میں مبتلا ہیں، لوگ جیلوں میں بند ہیں، ضمانتیں نہیں مل رہیں، ہمارے سیاسی قیدیوں کی رہائی ہر صورت ضروری ہے، سیاسی قیدیوں کی رہائی جمہوریت کیلئے بھی ضروری ہے، امید ہے یہ پراسیس جلد مکمل ہوگا، خوشی کی خبر آئے گی۔
بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کے خلاف جتنے کیسز بنا سکتے تھے وہ بنوائے گئے، عمران خان نے کوئی جرم نہیں کیا، بانی پی ٹی آئی سیاسی قیدی ہیں، سیاسی قیدی کی اب رہائی ہونی چاہیے۔
.ذریعہ: Daily Mumtaz
کلیدی لفظ: بیرسٹر گوہر
پڑھیں:
سابق رہنماؤں کا بانی پی ٹی آئی کی رہائی کیلئے سیاسی جماعتوں و دیگر سے رابطوں کا فیصلہ
پی ٹی آئی کی سابق قیادت کا ن لیگ رہنماؤں سے بھی ملاقات کا امکان ہے۔ فائل فوٹوپاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شاہ محمود قریشی سے جمعہ کو پارٹی کے سابق رہنماؤں کی ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کے سابق رہنماؤں نے بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے لیے سیاسی جماعتوں اور دیگر سے رابطوں کا فیصلہ کیا ہے، رابطہ کاری مشن میں فواد چوہدری، عمران اسماعیل، علی زیدی، محمود مولوی، سبطین خان و دیگر رہنما شامل ہیں۔
تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی سے پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ میں فواد چوہدری اور عمران اسماعیل سمیت دیگر رہنماؤں نے ملاقات کی اور موجودہ ملکی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
پی ٹی آئی کی سابق قیادت کا ن لیگ رہنماؤں سے بھی ملاقات کا امکان ہے، پی ٹی آئی کی سابق قیادت ملک میں سیاسی درجہ حرارت کم کرنے کی کوشش کرے گی، پی ٹی آئی کی سابق قیادت کا بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کا امکان ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق رہنماؤں کی شاہ محمود قریشی سے معاملات کو حل اور درست کرنے کیلئے کردار ادا کرنے پر گفتگو ہوئی، سابق رہنماؤں نے اعجاز چوہدری، میاں محمود الرشید اور عمر سرفراز چیمہ سے بھی ملاقات کی، ملاقات کے دوران موجودہ سیاسی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔