ٹرمپ نے امریکا کے 47 ویں صدر کی حیثیت سے عہدے کا حلف اٹھالیا
اشاعت کی تاریخ: 21st, January 2025 GMT
واشنگٹن: نو منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اپنے عہدے کا حلف اٹھا رہے ہیں
واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک) نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے عہدہ صدارت کا حلف اٹھالیا، ٹرمپ امریکا کے 47 ویں صدر بن گئے ہیں۔ امریکی سپریم کورٹ کے چیف جسٹس جان رابرٹس نے حلف لیا۔ حلف اٹھانے کے بعد نومنتخب صدر ٹرمپ نے کہا کہ وہ آج کے دن متعدد ایگزیکٹو آرڈرز پر دستخط کریں گے۔ ٹرمپ نے اعلان کیا کہ وہ ملک کے ملک کی جنوبی
سرحد پر ایمرجنسی نافذ کریں گے اور ملک میں غیر قانونی داخلے پر پابندی لگائیں گے‘ وہ ’ری مین ان میکسیکو‘ پالیسی کو بحال کریں گے اور جنوبی سرحد پر فوج تعینات کر یں گے۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے خلیج میکسیکو کا نام تبدیل کرنے اور پاناما سے پاناما کنال واپس لینے کا بھی اعلان کیا۔ ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ کئی برس سے ایک بنیاد پرست اور بدعنوان اسٹیبلشمنٹ نے ہمارے شہریوں سے طاقت اور دولت چھین لی ہے جبکہ ہمارے معاشرے کے ستون ٹوٹ چکے ہیں۔ انہوں نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ حکومتیں امریکی شہریوں کی حفاظت کرنے میں ناکام رہیں، اور خطرناک مجرموں کو پناہ اور تحفظ فراہم کیا ہے، جو دنیا بھر سے ہمارے ملک میں غیرقانونی طریقے سے داخل ہوئے۔ ان کا کہنا تھا کہ میں اپنی کابینہ کے تمام اراکین کو ہدایت دوں گا کہ ریکارڈ مہنگائی کو شکست دیں، اور فوری طور سے قیمتیں اور لاگت کو نیچے لائیں، اس لیے میں نیشنل انرجی ایمرجنسی کا اعلان کرتا ہوں۔ ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ہم الیکٹرک گاڑیوں کے مینڈیٹ کو منسوخ کر دیں گے، اپنی آٹو انڈسٹری کو بچائیں گے‘ امریکی شہریوں پر ٹیکس لگانے کے بجائے ان کی انتظامیہ بیرونی ممالک پر ٹیکس عاید کرے گی۔آزادی اظہار اور سنسر شپ کے بارے میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ آزادی اظہار کو محدود کرنے کے لیے سالوں کی غیر قانونی اور غیر آئینی وفاقی کوششیں کی گئیں، تمام حکومتی سنسر شپ کو فوری طور پر روکنے اور امریکا میں آزادی اظہار کو واپس لانے کے لیے ایک ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کروں گا۔ نومنتخب امریکی صدر نے کہا کہ میں امن قائم کرنے والا اور متحد کرنے والا بننا چاہتا ہوں، مجھے یہ کہتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ عہدہ سنبھالنے سے ایک دن پہلے، مشرق وسطیٰ میں یرغمالی اپنے گھر والوں کے پاس واپس آ رہے ہیں۔ تقریب سے پہلے ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں صدر بائیڈن سے ملاقات کی، ٹرمپ نے اہلیہ میلانیا ٹرمپ کے ساتھ واشنگٹن کے چرچ میں دعائیہ سروس میں بھی شرکت کی۔ حلف برداری سے قبل کیپٹل ون ایرینا میں ٹرمپ کی جیت کی خوشی میں ریلی نکالی گئی۔
ذریعہ: Jasarat News
کلیدی لفظ: ڈونلڈ ٹرمپ کہا کہ
پڑھیں:
ٹرمپ نے بگ بیوٹی فل بل پر دستخط کر دیے، غزہ میں جنگ بندی کا عزم
واشنگٹن(نیوز ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹیکس اور اخراجات سے متعلق اپنے بگ بیوٹی فل بل پر دستخط کردیے اور غزہ میں آئندہ ہفتے جنگ بندی کا بھی امکان ظاہر کر دیا۔
صدر ٹرمپ نے سینیٹ اور ایوان نمائندان سے منظور ہونے والے ٹیکس اور اخراجات سے متعلق بگ بیوٹی فل بل پر دستخط کرکے ٹیکس میں کمی، دفاعی اخراجات میں اضافہ اور امیگریشن پر سخت اقدامات کو قانون کا حصہ بنا دیا ہے۔
ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں فوجی خاندانوں کے ساتھ پکنک کے بعد فوجی افسروں اور جوانوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ ہفتے غزہ معاہدہ ہو سکتا ہے، غزہ سے متعلق بہت کچھ کرنا ہے، غزہ میں بہت سی امداد بھیج رہے ہیں، حماس کا غزہ جنگ بندی معاہدے پر مثبت جواب بہت اچھا اقدام ہے۔
امریکی صدر نے کہا کہ ایران کا جوہری پروگرام ختم کر دیا، ہر ہدف کو کامیابی سے نشانہ بنایا، اسرائیلی وزیراعظم کے ساتھ ایران کے متعلق بات کروں گا، ایران کسی اور علاقے میں جوہری پروگرام دوبارہ شروع کر سکتا ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے اعتراف کیا کہ افغانستان جنگ میں جانا ہماری تاریخ کا سیاہ دن تھا، افغانستان میں امریکا کے اربوں ڈالر ضائع ہو گئے۔
انہوں نے کہاکہ امریکی سٹاک مارکیٹ آج بلندترین سطح پر ہے، امریکا کو عظیم ترین بنائیں گے، امریکی فضائیہ نے چند روز قبل کامیاب آپریشن کیا، ہم نے امریکا کی طاقت کو بحال کیا، بائیڈن دور میں 21ملین افراد غیر قانونی طور پر امریکا میں داخل ہوئے، اب ہمارے بارڈرز پہلے سےزیادہ محفوظ ہیں۔
واضح رہے کہ حماس نے کہا ہے کہ وہ غزہ میں جنگ بندی کے لیے فوری طور پر مذاکرات شروع کرنے کے لیے تیار ہے، فلسطینی گروپوں سے مشاورت کے بعد امریکی ثالثی میں پیش کردہ غزہ جنگ بندی منصوبے پر اپنا مثبت جواب ثالثوں کے حوالے کر دیا ہے۔
Post Views: 5