وزیراعلیٰ سندھ کا وفاق سے صنعتوں کیلیے اعلان کردہ 33 ارب کی سبسڈی فوری دینے کا مطالبہ
اشاعت کی تاریخ: 14th, February 2025 GMT
کراچی:
وزیراعلیٰ سندھ نے وفاقی حکومت سے صنعتوں کے لیے اعلان کردہ 33 ارب روپے کی سبسڈی فوری طور پر جاری کرنے کا مطالبہ کردیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ کے زیر صدارت ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں تاجروں اور کے الیکٹرک حکام نے شرکت کی۔
مراد علی شاہ نے اجلاس سے خطاب میں کہا ہے کہ صنعتوں کو سبسڈی دینے سے ملکی معیشت مزید بہتر ہوگی، سندھ الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (سیپرا) کو مکمل طور پر فعال کر رہے ہیں، سیپرا کے فعال ہونے سے صنعتکاروں کو بہت فائدہ ہوگا۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ سندھ میں 350 میگاواٹ رینیوئیبل انرجی اور 75 میگاواٹ کے سولر پلانٹس لگا رہے ہیں، رینیوئیبل انرجی کے پلانٹس سے صنعتی پیداوار کے لیے بجلی 18 تا 25 روپے فی یونٹ مہیا ہوگی۔
صنعت کاروں نے وزیراعلیٰ سے شکایت کی ہے کہ اس وقت صنعتی بجلی کا فی یونٹ 60 روپے ہے جس سے صنعت کار پریشان ہیں، صنعتی علاقوں میں بجلی اور گیس کی لوڈ شیڈنگ ہوتی ہے، ہم بجلی اور گیس کے بل باقاعدگی سے ادا کرتے ہیں، صنعتی علاقوں میں وقف پی ایم ٹیز سے مافیا بجلی چوری کرتی ہیں۔
صنعت کاروں نے وزیراعلیٰ سے کہا کہ صنعتی علاقوں کی پی ایم ٹیز سے بجلی چوری کے الیکٹرک کو روکنی چاہیے، کے الیکٹرک اپنی چوری کی وجہ سے لائن لاسز کم کرنے کے لیے صنعتی علاقوں میں لوڈ شیڈنگ کرتی ہے۔
صنعت کاروں نے صنعتی علاقوں میں صنعتوں اور رہائشی علاقوں کی پی ایم ٹیز الگ کرنے کی تجویز دے دی۔
کے الیکٹرک حکام نے کہا کہ چوری کی روک تھام کے لیے اقدامات کررہے ہیں، کے الیکٹرک نے اپنے لائن لاسز 40 فیصد سے کم کر کے 15 فیصد کیے ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ نے ہدایت دی کہ کے الیکٹرک صنعتی علاقوں میں بجلی چوری کی روک تھام کے لیے تکنیکی حل نکالے۔
صنعت کاروں نے وزیراعلیٰ سندھ سے گزارش کی کہ ریلوے لائن بچھا کر صنعتوں کو تھر کول مہیا کیا جائے، ہمیں گیس تو نہیں ملتی اس لیے ہم بوائلرز تھر کول پر چلا سکتے ہیں۔
اس مطالبے پر وزیراعلیٰ نے وزیر توانائی کو ہدایت دی کہ وہ صنعت کاروں سے کوئلے کی طلب (ڈیمانڈ) حاصل کریں، سندھ حکومت ڈیمانڈ آنے سے کوئلے کی ٹرانسپوٹیشن کا بندوبست کرے گی۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: صنعتی علاقوں میں صنعت کاروں نے کے الیکٹرک کے لیے
پڑھیں:
کے الیکٹرک نے سندھ حکومت کے واجبات کی ادائیگی شروع کر دی
کراچی:کئی سالوں بعد کراچی الیکٹرک (کے الیکٹرک) نے سندھ حکومت کے واجبات کی ادائیگی شروع کر دی اور سوا ارب روپے جمع کرا دیے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق کے الیکٹرک نے کئی سال بعد سندھ حکومت کے واجبات کی ادائیگی شروع کر دی ہے اور2 قسطوں میں سوا ارب روپے سے زائد کی رقم جمع کرائی ہے، فریقین کے درمیان 32 ارب روپے سے زائد کے واجبات میں سے کے الیکٹرک نے 9 اعشاریہ 142ارب روپے ادا کرنے اتفاق کیا اور ادائیگیوں کا شیڈول بھی جاری کر دیا۔
شیڈول کے مطابق ستمبر 2025 تک سندھ حکومت کو 4.258 ارب روپے کی ادائیگی کی جائیگی جبکہ کے الیکٹرک ہر ماہ جمع شدہ الیکٹرسٹی ڈیوٹی ادا کرنے کا بھی پابند ہوگا۔
معاہدے کے مطابق بجلی بلوں میں صارفین سے وصول کی گئی الیکٹرسٹی ڈیوٹی اب اقساط میں سندھ حکومت کو ادا کی جائے گی، اس وقت الیکٹرسٹی ڈیوٹی کی مد میں کے الیکٹرک پر 32 ارب روپے سے زائد واجب الادا ہیں، الیکٹرسٹی ڈیوٹی کی عدم ادائیگی کا معاملہ پی اے سی میں زیر غور آیا تھا۔
دریں اثنا کے الیکٹرک اور واٹر بورڈ کے درمیان 25 ارب روپے کے واجبات کا معاملہ تاحال حل طلب ہے۔