کراچی؛ پولیس نے ایک ماہ سے لاپتہ 2 بچوں کی تلاش کیلیے پنجاب کے مزاروں پر پوسٹر آویزاں کردیے
اشاعت کی تاریخ: 18th, February 2025 GMT
کراچی:
ڈسٹرکٹ سٹی پولیس نے گارڈن سے لاپتہ 2 کمسن بچوں کی تلاش کے لیے پنجاب کے مختلف مزاروں پر پوسٹر آویزاں کر دیے ہیں ، پوسٹر میں پولیس نے بچوں کو تلاش میں مدد فراہم کرنے والے کو انعام دینے کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔
اس حوالے سے ایس ایس پی ڈسٹرکٹ سٹی عارف عزیز نے بتایا کہ گزشتہ ماہ 14 جنوری کو گارڈن سے 2 بچے 5 سالہ علیان اور 6 سالہ علی رضا لاپتہ ہوگئے تھے جن کے اغوا کا مقدمہ گارڈن تھانے میں درج ہے۔
بچوں کی تلاش کیلیے ڈسٹرکٹ سٹی پولیس کی جانب سے پنجاب کے مزاروں پر جا کر وہاں بچوں کی تصاویر کے پوسٹر آویزاں کیے گئے ہیں جس میں داتا دربار ، بابا بلھے شاہ اور بری امام سمیت دیگر مزارات شامل ہیں جبکہ اس کے ساتھ ساتھ بچوں کی اطلاع دینے والے کے لیے انعام کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔
ایس ایس پی عارف عزیز نے مزید بتایا کہ دونوں بچوں کی تلاش میں پولیس کی جانب سے لیاری سمیت نبی بخش ، گارڈن ، جہاں آباد اور سعید آباد کے علاقوں میں سرچ آپریشن کیے گئے جبکہ جھاڑیوں ، بند مکانات ، مشتبہ مقامات اور لیاری ندی میں بھی پولیس اور فلاحی اداروں کے رضا کاروں کی مدد سے بچوں کو تلاش کیا گیا۔
متعدد مشتبہ افراد کو حراست میں لیکر ان سے تفتیش بھی کی گئی تاہم بدقسمتی سے دونوں لاپتہ بچوں کا کوئی سراغ نہ مل سکا تاہم پولیس کی جانب سے کوششیں جاری ہیں۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
کراچی کے ضلع وسطی میں ایچ پی وی ویکسین مہم کا آغاز
ڈاکٹر سعد جمال کی جانب سے ایچ پی وی ویکسین کنٹرول روم کا افتتاحی پروگرام ایم سی ایچ ناظم آباد ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفس میں منعقد کیا گیا۔
تمام والدین اپنی نو سال سے 14 سال کی بچیوں کو ایچ پی وی کی ویکسین ضرور لگوائیں، رکن سندھ اسمبلی افتخار عالم
علاوہ ازیں ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسر ڈاکٹر سعد جمال کے زیر نگرانی سروائیکل کینسر سے بچاؤ کی خصوصی مہم کا افتتاح نجی اسکول کی گلبرگ برانچ میں ہوا۔
متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے پارلیمانی لیڈر اور رکن سندھ اسمبلی افتخار عالم نے ضلع وسطی میں سروائیکل کینسر سے بچاؤ کی ملک گیر ایچ پی وی ( ہیومن پیپلوما وائرس) ویکسین مہم کا ا فتتاح کیا۔
اس موقع پر افتخار عالم نے کہا کہ مستقبل میں سروائیکل کینسر جیسے موذی مرض سے محفوظ رکھنے کے لیے تمام والدین اپنی نو سال سے 14 سال کی بچیوں کو ایچ پی وی کی ویکسین ضرور لگوائیں۔
اس تقریب میں وفاقی وزیر صحت کے کوآرڈینیٹر ڈاکٹر نعیم قائم خانی، اسسٹنٹ کمشنر ناظم آباد، ٹاؤن ہیلتھ آفسر ناظم آباد ڈاکٹر خرم خان، ایم ایس سندھ گورنمنٹ اسپتال لیاقت آباد ڈاکٹر عتیق قریشی، ڈسٹرکٹ ای پی آئی فوکل پرسن ڈاکٹر ثمرین، ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر عروہ، ڈاکٹر، علییزہ اور عیسیٰ لیب سے ڈاکٹر نیر راحیلہ موجود تھیں۔