سندھ کے طلباء کیلیے آکسفورڈ یونیورسٹی میں سکالرشپس متعارف
اشاعت کی تاریخ: 22nd, February 2025 GMT
سندھ حکومت نے بے نظیر بھٹو اور ذوالفقار علی بھٹو کے نام سے گریجویٹ اسکالرشپس کا اعلان کردیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق آکسفورڈ پاکستان پروگرام (او پی پی) کے ساتھ مل کر متعارف کرائی جانے والی سکالرشپس کا مقصد سندھ کے باصلاحیت طالب علموں کو آکسفورڈ یونیورسٹی میں اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے میں مدد فراہم کرنا ہے، اپنے قیام کے بعد سے او پی پی نے اب تک آکسفورڈ میں 48 پاکستانی گریجویٹ اسکالرز کی مدد کرتے ہوئے 6 لاکھ پاؤنڈز سے زیادہ کی مالی امداد فراہم کی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے آکسفورڈ یونیورسٹی کے سرکاری دورے کے دوران لیڈی مارگریٹ ہال (ایل ایم ایچ) کے پرنسپل پروفیسر اسٹیفن بلیتھ کی طرف سے دیئے گئے ظہرانے میں شرکت کی جہاں انہیں او پی پی کی جانب سے پسماندہ پس منظر سے تعلق رکھنے والے پاکستانی طلباء کے لیے تعلیمی مواقع پیدا کرنے کے اقدامات کے بارے میں بتایا گیا۔ معلوم ہوا ہے کہ اس اسکالرشپ کے ذریعے ہر سال سندھ کے 6 نمایاں طلبہ کو ’ایل ایم ایچ‘ میں گریجویٹ ڈگری حاصل کرنے کے لیے مالی مدد ملے گی، شہید بےنظیر بھٹو اسکالرشپ کے تحت خواتین کو 3 اور شہید ذوالفقار علی بھٹو اسکالرشپ کے تحت 3 اسکالرشپس دی جائیں گی جب کہ گزشتہ سال او پی پی نے تین طلبہ کو اسکالرشپس دی تھیں جن میں سے دو کا تعلق سندھ سے اور ایک کا بلوچستان سے تھا۔ اس موقع پر بلاول بھٹو زردرای نے اس اقدام کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ او پی پی پاکستانیوں خاص طور پر پسماندہ پس منظر کے ہونہار طلبہ کے لیے مواقع پیدا کر رہا ہے، میں سندھ اور بلوچستان کی حکومتوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے اپنے صوبوں کے طلبہ کی مدد کے لیے او پی پی کے ساتھ تعاون کیا۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
پڑھیں:
برطانیہ میں اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے خواہشمند پاکستانیوں کیلئے بڑی خبر آگئی
برٹش کونسل پاکستان نے برطانیہ میں اعلیٰ تعلیم کے خواہشمند پاکستانیوں کو جلد از جلد درخواست جمع کرانے کی ہدایت کی ہے۔ برٹش کونسل پاکستان کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا کہ اگر پاکستانی طلباء نے حال ہی میں اپنے تعلیمی امتحانات کے نتائج حاصل کیے ہیں اور وہ برطانیہ میں اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں تو فوری طور پر یو کے اسٹوڈنٹ ویزا کے لیے درخواست دیں۔ سرکاری خبر رساں ادارے اے پی پی کے مطابق برطانوی حکومت کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق طلباء کو ویزا کے لیے درخواست دینے میں تاخیر نہ کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ درخواست دینے کے لیے، پاکستانی طلباء کے پاس یونیورسٹی کی طرف سے جاری کردہ CAS حوالہ نمبر ہونا چاہیے اور تمام ضروری دستاویزی ثبوت تیار ہوں۔ طلباء طالب علم ویزا کے لیے آن لائن gov.uk/student-visa پر درخواست دے سکتے ہیں۔ وقت پر درخواست دینے سے ویزا کے عمل میں تاخیر سے بچا جا سکتا ہے اور طلباء کو وقت پر اپنی پڑھائی شروع کرنے کی اجازت مل سکتی ہے۔