الائیڈ بینک آبپارہ کے باہر ڈکیتی،شہری سےدن دیہاڑے 20 لاکھ روپے لوٹ لیے گئے
اشاعت کی تاریخ: 28th, February 2025 GMT
اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت کے معروف علاقے آبپارہ میں واقع الائیڈ بینک کی برانچ کے باہر ایک بڑی ڈکیتی کی واردات پیش آئی جس میں شہری شیروز سے 20 لاکھ روپے چھین لیے گئے۔ یہ واردات 3 بج کر 26 منٹ پر ہوئی، جب شیروز نے بینک سے رقم نکلوائی اور بینک کے باہر پہنچا تھا۔
تفصیلات کے مطابق، شیروز نے بینک میں موجود اپنے اکاؤنٹ سے 20 لاکھ روپے نکلوائے اور بینک کے باہر پہنچتے ہی ڈاکوؤں نے ان پر حملہ کیا۔ متاثرہ شہری نے بتایا کہ واردات کے وقت ڈاکوؤں کی تعداد چار تھی، جنہوں نے اسے گھیر کر اس کی رقم چھین لی۔ اس دوران بینک کے سیکیورٹی گارڈ اور شیروز نے مل کر ڈاکوؤں کی نشاندہی کی ہے۔
ڈاکو بینک کے بالمقابل سڑک سے فرار ہوئے، جس سے علاقے میں افرا تفری پھیل گئی۔ پولیس نے فوری طور پر کارروائی کرتے ہوئے سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کی اور تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ پولیس حکام کے مطابق، ڈاکوؤں کی شناخت کے لیے فوٹیج کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور ان کے تعاقب میں ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔
اس واقعے کے بعد پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ اگر کسی کو اس واردات کے حوالے سے کوئی معلومات ہوں تو وہ فوری طور پر پولیس سے رابطہ کریں۔ سیکیورٹی کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے حکام نے بینک کے آس پاس کی سیکیورٹی مزید سخت کرنے کے اقدامات کا اعلان کیا ہے تاکہ اس قسم کی وارداتوں کی روک تھام کی جا سکے۔اس ڈکیتی کے واقعے کے بعد مقامی شہریوں میں خوف و ہراس پایا جا رہا ہے، اور علاقے میں سیکیورٹی کو مزید بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیا جا رہا ہے۔
.ذریعہ: Daily Ausaf
کلیدی لفظ: کے باہر ڈاکوو ں بینک کے
پڑھیں:
کراچی: مسلح ملزمان نے اسکول طالبہ کے سامنے والد کو لوٹ لیا، واردات کی ویڈیو سامنے آگئی
ضلع وسطی کے علاقے بفرزون میں موٹرسائیکل سوارمسلح ملزمان نے اسکول طالبہ کے سامنے اس کے والد کو لوٹ لیا، واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی۔
رپورٹ کے مطابق ضلع وسطی کے تیموریہ تھانے کے علاقے بفرزون میں موٹرسائیکل سوارمسلح ملزمان نے اسکول طالبہ کے سامنے اس کے والد کولوٹ لیا۔
منگل کی صبح سویرے ہونے والی واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی، فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے شہری گھر کے باہر بیٹی کو اسکول چھوڑنے کیلیے جا رہا ہوتا ہے۔
شہری گھر کے باہر گلی میں کھڑا انتظار کر رہا تھا کہ اسی دوران موٹرسائیکل پر سوار 2 مسلح ملزمان آگئے، ملزمان اسلحہ کے زور پر شہری سے موبائل فون اور نقدی چھین کر بآسانی فرار ہوگئے۔
فوٹیج میں اسکول یونیفارم میں طالبہ کو بھی دیکھا جاسکتا ہے، پولیس کے مطابق متاثرہ شہری کی جانب سے تاحال کوئی رپورٹ درج نہیں کروائی گئی،سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے۔